تیر و ترکش

منگل 9 جولائی 2019

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#نوازشریف کیس کی سماعت کے دوران ان کے نمایندوں کی جانب سے بارہا رشوت کی پیشکش ہوئی، تعاون نہ کرنے پر دھمکیاں دی گئیں، ارشد ملک جج احتساب عدالت
اور آپ نے یہ سب مریم بی بی کی پریس کانفرنس کے بعد بتایا، کیس کی سماعت کے دوران نہیں۔
#خدا را مجھے آزادی سے جینے دو!، ڈاکٹر عبدالقدیر کا حکومت کو خط
حکومت اس طرح کا خط کس کو لکھے؟!
#حلف لینے کے 24 گھنٹے بعد فیاض الحسن چوھان کی وزارت تبدیل۔


چوھان صاحب کو جس کام کے لیے وزیر بنایا گیا ہے اس میں وزارتی قلمدان تو بونس کے طور پر ملتا ہے۔
#حکومت کے خلاف آخری معرکے کے لیے تیار ہیں، مولانا فضل الرحمن
اپنے اتحادیوں سے بھی پوچھ لیں وہ جمہوریت بچانے نہ نکل کھڑے ہوں آپ کو آخری معرکے میں چھوڑ کر۔

(جاری ہے)


#پی ٹی آئی حکومت اتحادیوں کی بلیک میلنگ سے تنگ، جان چھڑانے کا فیصلہ
اس طرح کا فیصلہ کرنے کا اختیار پی ٹی آئی کے اپنے پاس ہوتا تو کیا بات تھی۔


#پاکستان اور امریکا ایک دوسرے کے لیے ضروری ہیں، پاکستانی دفتر خارجہ
پنجابی کی کہاوت کا ترجمہ ہے گھر والے مانتے نہیں مہمان کہتے ہیں دو دو سو جائیں گے۔
#ہمارا مقابلہ جمہوریت کے لبادے میں چھپی آمریت سے ہے، بلاول
صدارتی انتخابات میں مولانا کی مخالفت اور صادق سنجرانی کو چیئرمین بناکر آپ نے بھی اس لبادے کی تیاری میں بھرپور حصہ لیا ہے جناب!
#دورہ امریکا، وزیراعظم عمران خان مہنگے ہوٹلوں میں نہ رہنے کے خواہش مند۔


یہ خواہش ہی رہے گی وزیراعظم صاحب کی، ڈالر کی قیمت بڑھنے نہ دینے، آئی ایم ایف ورلڈ بینک سے قرض نہ لینے، آزاد جیتنے والوں کو تحریکِ انصاف میں شامل نہ کرنے اور ایسی ہی دیگر بے شمار خواہشات کی طرح۔
#میرے بیانات کو توڑمروڑ کر پیش کرنے کی کوشش کی گئی، جج ارشد ملک
آپ بغیر توڑمروڑ کے اپنے بیانات بتا دیں ناں!
#ملک لوٹنے والوں کی مزید چوریاں سامنے لائیں گے، شہزاد اکبر معاون خصوصی وزیراعظم
صرف چوریاں ہی سامنے نہ لائیں، چوری کا مال بھی تو برآمد کریں جناب!
#نوازشریف کو ڈبونے میں مریم کا بڑا ہاتھ ہے، شیخ رشیداحمد
شیخ جی! کبھی پٹریوں سے اترتی اور گھنٹوں کے حساب سے لیٹ ہوتی ہوئی ٹرینوں پر بھی دھیان دے لیں۔


#ملک کو تاریخی تجارتی خسارے کا سامنا ہے، چیئرمین ایف بی آر
موجودہ حکومت کو تاریخی کام کرنے کی عادت جو ہوئی ۔
#آصف زرداری اور خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر موٴخر، ارکان پارلیمنٹ میں آکر سیاست کرتے ہیں، متعلقہ حکام کا تحریری نوٹ۔
تو کیا پارلیمنٹ میں آکر ارکان کو کرکٹ کھیلنی چاہیے؟
#ٹرمپ عمران ملاقات میں مسئلہ کشمیر اور عافیہ پر بات ہوگی، مشیرامریکی صدر
لگتا ہے ان دو کے سوا دنیابھر کے معاملات پر بات ہوگی مذکورہ ملاقات میں۔


#کراچی کو چھ ماہ میں ٹھیک کرسکتا ہوں، مصطفی کمال
جب آپ کے پاس ایک منٹ میں سب کچھ کرنے کی طاقت تھی اس وقت آپ کراچی کو ٹھیک نہ کرسکے، اب کیا کریں گے کمال بھائی!
#حکومت بے نامی اثاثوں کے خلاف کارروائی میں محتاط رہنے پر مجبور۔
ابھی بہت سے معاملات میں مجبور ہونا ہے حکومت کو۔
#کراچی کے صارفین کو بجلی کے دو نرخ ادا کرنا ہوں گے۔


گویا اب دو نرخوں کے پاٹوں کی چکی میں پسیں گے کراچی والے۔
#نوازشریف پہلے سے زیادہ طاقت ور وزیراعظم بنیں گے، مریم نواز
خواب دیکھنے پر کوئی حکومت قدغن لگا سکتی ہے نہ عدالت۔
#لاکھوں افراد کو ہنرمندی کی تربیت دے کر اس سال غربت سے نکالیں گے، وزیراعظم
یہ لاکھوں افراد کون ہوں گے جو آپ کے وزیراعظم بننے سے پہلے ہی غریب تھے یا وہ جو آپ کے وزیراعظم بننے کے بعد دس ماہ میں غریب ہوئے ہیں؟
#بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے ملک میں سرمایہ کاری کریں، اسپیکر قومی اسمبلی کا مانچسٹر میں خطاب
اندرون ملک پاکستانیوں سے اس طرح کا خطاب کرنے کی ہمت ہے آج کل کسی میں؟
#اپوزیشن جماعتوں کا چورن اب نہیں بکے گا، وفاقی وزیر ہاوٴسنگ چودھری طارق بشیر چیمہ
چیمہ صاحب! مفادات کی جو ’پھکی‘ حکومت کے پاس ہے اس کے سامنے اپوزیشن کے چورن کی کیا حیثیت ہے!
#محکمہ خوراک میں ایمان دار افسر مشکل سے ملتا ہے، سپریم کورٹ
یہ جنس نایاب اب کسی محکمے میں بھی آسانی سے دستیاب نہیں جناب!
#حماد اظہر وزیر مملکت سے مکمل وزیر بن گئے، حلف اٹھا لیا۔


وزیراعظم کی موجودگی میں اپوزیشن ارکان کے نام لے لے کر طنز پر انعام تو ملنا ہی تھا میاں اظہر کے فرزند ارجمند کو۔
#جتنے وزیراعظم زندہ ہیں سب پر نیب کیسز ہیں، شاہدخاقان عباسی
اللہ صحت تندرستی رکھے، موجودہ کو بھی تو سابق ہوناہی ہے ایک دن۔
#میرے پاس دو تین آڈیوز اور ہیں، مریم نواز
پہلے والی کو تو بھگت لیں۔
#لوگ نوکریاں لینے پاکستان آیا کریں گے، چودھری پرویزالٰہی
لگتا ہے چودھری صاحب آج کل ’عزیزی‘ کی صحبت میں رہتے ہیں۔
#برہان وانی شہید کی تیسری برسی مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال، درجنوں گرفتار، متعدد زخمی، حریت قیادت گھروں میں نظربند، کرفیو نافذ۔
لہو پھر لہو ہے، بہتا ہے تو جم جاتا ہے!

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :

متعلقہ عنوان :