بزدار افکارِاقبال پر گامزن

منگل 10 نومبر 2020

Mohammad Ramish Asghar

محمد رامش اصغر

علامہ اقبالؒ کے خواب کوتعبیر دینے میں جو کردار قائد اعظم ؒ نے ادا کیا اِسے نہ تو لفظوں میں بیان کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی ایسی کوئی مثال موجود ہے جس کا حوالہ دیا جاسکے اور اب اِس آزاد ریاست اسلامی جمہوریہ پاکستان کو علامہ اقبالؒ کے افکار کے مطابق ریاستِ مدینہ کی طرز کی فلاحی ریاست میں بدلنے کیلئے جس طرح تاریخ میں پہلی بار تحریک انصاف کی قیادت اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے بلاشبہ قابل تعریف ہے۔

آج علی الاصبح وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو جب شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے مزار پر حاضری دے کر پھولوں کی چادرچڑھاتے اورفاتحہ خوانی کرتے ہوئے دیکھا تو اقبالؒ کا یہ شعر راقم الحروف سماعتوں میں گونجنے لگا کہ
سبق پھر پڑھ صداقت کا، عدالت کا، شجاعت کا
لیا جائے گا تجھ سے کام دنیا کی امامت کا
اقبال کے اِس شعر میں قیادت کی تمام خوبیوں کو تین لفظوں میں بیان کر دیا گیا ہے کہ قیادت اور امامت کا حقدار وہی ہے جو صداقت سے آشنا ہو یعنی سچا اور کھرا ہو فریب و فراڈ کی کباہتوں سے پاک ہو،اُس میں عدالت کا وصف پایا جائے یعنی بے مثال کردار کا حامل ہواور انصاف کے تما م تقاضوں کو بروئے کار لانے کی نہ صرف صلاحیت رکھتا ہو بلکہ رعایا کے ساتھ برابری کی سطح پر معاملات بھی دیکھ رہا ہو۔

(جاری ہے)

شعر میں تیسری وصف شجاعت کی ہے یعنی مشکل حالات میں بھی اُس کے ارادے اور بلند پایہ عزم غیرمتزلزل نظر آئیں،بہادر اور دلیر ہو اور زیرتاب آکر اپنا قدم پیچھے ہٹانے والا نہ ہوبلکہ ہرصورت اپنے ہداف کی جانب بڑھنے والا ہو۔ایسا کہنے میں کوئی مبالغہ آرائی نہیں کہ تونسہ شریف سے تعلق رکھنے والے سردارعثمان بزدار جو کل تک ایک غیرمعروف سیاستدان ضرور تھے مگر آج اِن کی قیادت اقبال اِس شعر کہ خوب عکاس ہے اور وہ تمام تر سیاسی فنکاروں کی تنقید کی پروا کئے بغیر بڑی حوصلہ مندی اور ہمت کیساتھ صداقت،عدالت اور شجاعت جیسے وصف کے ساتھ پنجاب بھرکو ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن کر رہے ہیں۔


 مزار پر حاضری کے موقع پر وزیر اعلیٰ کا عظیم مفکر اور شاعر مشرق علامہ اقبالؒ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ علامہ اقبالؒ نے اپنی شاعری کے ذریعے امن اور بھائی چارے کا پیغام دیا۔ علامہ اقبالؒ کے افکار پر عمل پیرا ہو کر کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان اقبالؒ کے افکار کے مطابق نیا پاکستان بنا رہے ہیں،سماجی رابطہ کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر اپنے خصوصی پیغام میں بھی اقبال ڈے کی مناسبت سے کہنا تھا کہ آج کے دن ہمیں بحیثیت قوم علامہ اقبالؒ کے افکار کو مشعل راہ بنانے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے مزید لکھتے ہیں کہ الحمدللہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں اقبالؒ کے فکر و فلسفہ کی حقیقی تعبیر سے پاکستان سیاسی، معاشی اور معاشرتی لحاظ سے دنیا بھر میں ممتاز مقام حاصل کرنے کی راہ پر گامزن ہے۔


 یہ ایک حقیقت ہے کہ پیامبر شاعرعلامہ اقبالؒ کی خوبصورت شاعری جو فلسفہ حیات بھی ہے اور مستقل پیام بھی،سے ہمیں امن، بھائی چارے کا پیغام ملتا ہے۔ ڈاکٹر اقبالؒ کی شاعری میں ہمیں امید اور خوداری کادرس بھی ملتا ہے یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ آپ ؒ کے کلام میں جس ’خودی‘کاذکر ملتا ہے وہی آج وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرقیادت پنجاب حکومت کا اُوڑھنا بچھونا ہے۔


قارئین کرام یہ لفظ ”خودی“کوئی غروروتکبر نہیں بلکہ یہ تصور ہے دوسروں کی بیساکھیوں پر لڑکھڑاتے ہوئے چلنے کے بجائے اپنی راہیں خود تلاش کرنے کا ہے۔اقبالؒ کی خودی تصور ہے خودداری کا،غیرت مندی کا،احساس کا،نئے جذبہ ولولہ سے کچھ کر گزرنے کا،مغلوب نہیں غالب ہونے کا،محکوم نہیں حاکم ہونے کا،عدل و انصاف پر مبنی ریاست کے حصول کی جانب قدم بڑھانے کا، اپنی انا کو جراحت و شکست سے سراسر محفوظ رکھنے کا۔

جیسے اقبالؒ اپنے اِس کلام میں فرماتے ہیں کہ
خودی کیا ہے راز درون حیات
خودی کیا ہے بیداریِ کائنات
ازل اس کے پیچھے ابد سامنے
نہ حد اس کے پیچھے نہ حد سامنے
اقبال کے خودی کا مطلب حصول منزل کا نشان ہے، بلندیوں کی جانب گامزن ہونا ہے،کامیابیوں اور کامرانیوں کا دامن تھامنے کا ہے، مستحکم معاشرے کی تشکیل کا ہے اورتحفظ کے احساس کا ہے۔

راقم الحروف بڑے وثوق سے کہہ سکتا ہے کہ جس طرح وزیراعظم عمران خان نئے پاکستان کی تشکیل میں اقبال کے تصورات کو اپنائے ہوئے ہیں اِسی طرح وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں نئے پنجاب کی بنیادیں بھی اقبال کے اِنہیں افکار کا حسین امتزاج ہیں۔جیسا پہلے بھی کہا کہ کل اقبال کے انہیں عظیم فلسفوں اور خیالات  پر گامزن رہ کر قائد اعظم نے پاکستان کو حاصل کیا اور ان شاء اللہ اِنہیں تصورات پر کاربند رہ کر نئے پاکستان اور نئے پنجاب کا حصول کی جانب ہم گامزن ہوچکے ہیں۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :