بیت اللہ کی بیٹیوں کی دُہائی

جمعرات 14 نومبر 2019

Muhammad Sohaib Farooq

محمد صہیب فاروق

بیٹی کوخداکی رحمت کہاجاتاہے تصویرکائنات میں بکھرے ہررنگ میں بیٹی کاعکس موجودہے بیٹیاں پرائی ہوتی ہیں جوکچھ عرصہ بابل کے ہاں قیام کے بعداگلے گھرکوسدھارجاتی ہیں اس وجہ سے وہ سب کوبھاتی ہیں ان کے نازنخرے اورخرچے شوق سے برداشت کیے جاتے ہیں ان کی ظاہری زیب وزینت کاخیال رکھاجاتاہے ان کے بناؤسنگھارکودیکھ کربلائیں لی جاتی ہیں سرکی چوٹی کے بال سے لے کرپاؤں کی جوتی تک کی بناوٹ وسجاوٹ کے لئے پاپڑبیلے جاتے ہیں ان کی نزاکت کی وجہ سے انہیں پیارومحبت سے مخاطب کیاجاتاہے ان کی خفگی وناراضگی سے صرف وہ ہی نہیں بجھ جاتیں بلکہ اس سے جڑاہررشتہ مرجھاجاتاہے ان کی چہچہاہٹ ومسکراہٹ سے گلستان کے درودیوارجھومتے ہیں ان کے لئے رنگ برنگے ،نرم وگداز،خوبصورت نقش ونگاروالے لباس کاانتخاب کیاجاتاہے ان کی ہرضرورت وحاجت کوپوراکرنے کوسعادت سمجھاجاتاہے ہیرے جواہرات ،لعل وزمرداوریاقوت کے نگینوں سے ان کی خاتم ومالاکومالامال کیاجاتاہے ان کے سرپرخوبصورت تاج سجھائے جاتے ہیں لیکن اس سارے آسائش وآرام کے سامان کے ہونے کے باجوداگران سے چیخ چیخ کربات کی جائے ان کوایک ان پڑھ جاہل گنوارکے پلے باندھ دیاجائے جواس کے تن کی سجاوٹ میں توکوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کرے لیکن اس سے درشت گوئی اوربدتہذیبی سے پیش آئے اس کے پاس آنے والے مہمان اورعزیزو اقرباء کوایک نظردیکھناگوارانہ کرے انہیں واہی تباہی اوردشنام طرازی سے متنفرکردے ان پرآوازیں کسے اوراپنی ناپسندیدہ آوازسے ہرگھڑی اس کے سکون کوغارت کیے رکھے اس پراپنی اجارہ داری قائم کرکے اس کے لئے اپنوں کے دروازے بندکردے اورہرکسی کے سامنے یہ ڈھنڈوراپیٹے کہ میں اس کاخیرخواہ اورنگران ہوں میری اجازت کے بغیرکوئی اس سے ملناتودرکناراسے دیکھ بھی نہیں سکتاتواس بچاری کی بدنصیبی اوربدحالی کی اس سے بڑھ کرکوئی تصویرنہیں ہوسکتی ۔

(جاری ہے)


آج دنیامیں بہت سی انجمنیں اس لاچارومظلوم بیٹی کوانصاف دلانے کے لئے سرگرم نظرآتی ہیں لیکن افسوس صدافسوس بیت اللہ کی بیٹیوں کی آہ وپکاراورواویلے کی کہیں شنوائی نہیں ،وہ ظاہری زیب وزینت سے آراستہ وپیراستہ ،بیش بہاخوشبوؤں سے معطر،دیدہ زیب فانوس سے منقش،ریشمی قالینون سے مزین ہیں لیکن ایک لمبے عرصہ سے کچھ ناعاقبت اندیش کٹرومتشددکرخت مزاج دربانوں کی قیدمیں بندہیں دن بھرمیں فقط پانچ مرتبہ ایک مخصوص وقت کے لئے مخصوص مسلک ومشرب کے لوگ ان کی زیارت کرسکتے ہیں ان میں سے بہت سی بیت اللہ کی بیٹیاں توایسی ہیں کہ جودن میں فقط ایک یادومرتبہ کسی آدم زادکی زیارت کرسکتی ہیں ا ن پرقیمتی امپورٹڈتالے آویزاں ہیں اورکچھ بیچاری اس حدتک مظلوم ہیں کہ انہیں روزانہ پانچ مرتبہ ایک مکروہ وبھدی آوازوالے مئوذن کی اذان سنناپڑتی اورستم بالائے ستم کہ ان کاپیش امام جب مصلے پرکھڑاہوکرقرآن کریم کی تلاوت شروع کرتاہے توان کے درودیواربھی پناہ مانگتے ہیں کہ خداکاواسطہ ہمارے رب کے پاک وخوبصورت کلام کی اس طرح بے توقیری نہ کرومیری اذان واقامت اورقرا ء ت سے پہاڑبھی نرم ہوجاتے ہیں چرندپرند،ہوائیں ،کہکشائیں آبشاریں ،جن وانس وجدمیں آجاتے ہیں لیکن تمہاری نالائقی وکم علمی اورقرآن وسنت سے جہالت نے مجھے وحشت کدہ بنادیااورسب سے بڑھ کریہ ظلم کے ہمارامتولی ونگہبان ایک ایسے طبقہ کوبنادیاگیاکہ جن کوکسی ادارے کاسربراہ تودرکنارکوئی چپڑاسی بھی رکھنے کے لئے تیارنہیں ان کا شورشرابہ وفتنہ انگیزی میرے مہمانو ں میں وحشت پیداکرنے کاباعث ہے جس کی وجہ سے وہ مجھ سے کوسوں دورچلے جاتے ہیں ہرگذرتے دن کے ساتھ ہمارے آبادکاروں میں کمی آتی چلی جارہی ہے جس زیب وزینت اورسہولیات سے ہمیں آراستہ کیاگیاہے اس کالامحالہ نتیجہ ہے کہ چوراُچکّے ہم پرآئے دن ہاتھ صاف کرتے ہیں خداکے لئے ہمارے ساتھ یہ مذاق بندکروان بدتہذیب اجڈاوربازاری لوگوں سے ہماری جان چھڑاؤ ہم سے ہماری آسائشیں اورسہولتیں لے لولیکن خداراہمیں ہمارے محسن وآبادکارلوٹادووہ سسکیاں اورآہیں لینے والے شب بیدارہمیں لوٹادو،ہم سے سب کچھ لے لولیکن ان کرائے کے قاتلوں سے ہمیں بازیاب کروالوہم بیت اللہ کی بیٹیاں تمہیں دہائی دیتی ہیں تمہاری منت وخوشامدکرتی ہیں ہم بہت ظلم سہہ چکی ہیں شوروشغب ،مسلک پرستی ،لڑائی جھگڑے ،کھینچاتانی سے ہمیں داغدارہونے سے بچالوہم بیت اللہ کی بیٹیاں تمہارے پاس بہت کم وقت کے لئے امانت ہیں بہت جلدہمیں ہماراخداہماری ماں بیت اللہ کے ساتھ اٹھالے جائے گا ہم پرائے گھرکی ہیں چنددن کے لئے تمہاری مہمان ہیں ہم پرترس کھاؤہمیں ہماراحق دلوادو ہم وعدہ کرتی ہیں روزقیامت اپنے رب کے حضورتمہاری سفار ش کریں گی اورتمہارے احسان کابہترین بدلہ دلوائیں گی ۔


ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :

متعلقہ عنوان :