مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار کی قتل و غارت اور بربریت کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے، 20 جولائی کو بھارتی فوج کی بربریت کے خلاف یوم سیاہ منایا جائے گا، کشمیری عوام آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کیلئے 21 جولائی کو شیر پر مہر لگائیں، خوشحال اور روشن کشمیر دے گا۔ نواز شریف جدیداور ترقی یافتہ پاکستان کے معمار ہیں، بلاول بھٹو اگر پاکستان کی تاریخ سے ناواقف ہیں تو آزاد کشمیر آنے سے قبل کم ازکم کشمیر کی تاریخ پڑھ لیا کریں، ہزار سال جنگ کے نعرے لگانے والوں نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سے دوطرفہ مسئلہ بنایا دیا جبکہ نواز شریف نے بین الاقوامی فورم اور اقوام متحدہ میں اس مسئلہ کو دوبارہ اجاگر کیا۔ نواز شریف نے مقبوضہ کشمیر میں حالیہ بھارتی ظلم و بربریت کی نہ صرف مذمت کی ہے بلکہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب نے یہ معاملہ بھرپور انداز میں اٹھایا ہے

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر آصف کرمانی کا پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں سے خطاب

ہفتہ 16 جولائی 2016 23:11

ہجیرہ ۔ 16 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 جولائی ۔2016ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار کی قتل و غارت اور بربریت کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے، 20 جولائی کو بھارتی فوج کی بربریت کے خلاف یوم سیاہ منایا جائے گا، کشمیری عوام آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کیلئے 21 جولائی کو شیر پر مہر لگائیں، خوشحال اور روشن کشمیر دے گا‘ نواز شریف جدیداور ترقی یافتہ پاکستان کے معمار ہیں، بلاول بھٹو اگر پاکستان کی تاریخ سے ناواقف ہیں تو آزاد کشمیر آنے سے قبل کم ازکم کشمیر کی تاریخ پڑھ لیا کریں، ہزار سال جنگ کے نعرے لگانے والوں نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سے دوطرفہ مسئلہ بنایا دیا جبکہ نواز شریف نے بین الاقوامی فورم اور اقوام متحدہ میں اس مسئلہ کو دوبارہ اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

نواز شریف نے مقبوضہ کشمیر میں حالیہ بھارتی ظلم و بربریت کی نہ صرف مذمت کی ہے بلکہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب نے یہ معاملہ بھرپور انداز میں اٹھایا ہے۔ وہ ہفتہ کو یہاں ہجیرہ میں سراڑی کے مقام پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما پیر علی رضا بخاری اور امیدوار حلقہ ایل اے 18 ہجیرہ سردار خان بہادر خان نے بھی خطاب کیا۔

ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا کہ پورا آزاد کشمیر کشمیریوں کی طرح خوبصورت بھی ہے اور پیارا بھی ہے، الیکشن کا دور دورا ہے ۔ کچھ روز قبل مودی سرکار کی بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے 40 دلیر، بہادر اور حوصلہ مند آزادی کے متوالوں کو شہید کیا۔انہوں نے کہا کہ مودی سرکار کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ تم کتنے برہان وانی مارو گے ہر گھر سے برہان وانی نکلے گا۔

یہ غنڈہ گردی ہم ہر گز ہر گز برداشت نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اس بربریت کی شدید مذمت کی اور یہ معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے پاکستان کے مندوب کو کہا کہ کشمیریوں پر ظلم ڈھائے جانے مظالم کو فوری طور پر اقوام متحدہ میں اٹھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف وزیراعظم نے اجلاس بلایا اور اجلاس میں جو مناظر سکرین پر دکھائے گئے ان کو دیکھ کر وزیراعظم نواز شریف سمیت تمام شرکاء اشکبار ہو گئے ۔

اس موقعہ پر وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ بیرون ممالک وفود بھیج کر مسئلہ کشمیر اور بھارتی مظالم کو سفارتی سطح پر ہر فورم پر اٹھایا جائے ، یہ ظلم ہر گز ہر گز برداشت نہیں کریں گے۔آصف کرمانی نے کہا کہ پاکستان کی فوج کشمیریوں کے شانہ بشانہ ان کی پشت پر کھڑی ہے ، منگل کو پاکستان اور آزاد کشمیر بھر میں حسب روایت یوم الحاق منایا جائے گا اور اگلے دن لائن آف کنٹرول کے پار ایک پیغام دینے کیلئے پوری پاکستانی قوم اور کشمیری عوام مودی سرکار کے خلاف ماتم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ لاکھوں کشمیری شہید ہو چکے لیکن تحریک آزادی کشمیر کمزور نہیں بلکہ اور تیز ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں ہزار سال جنگ لڑنے کا دعوے کرنے والے اور لوگ اور کچھ نوسرباز یہاں پر آکر طرح طرح کے نعرے لگاتے پھر رہے ہیں اور کہتے ہیں کہ ہم کشمیر کا مقدمہ لڑیں گے ۔ میں سوال کرتا ہوں کہ انہیں یہ مقدمہ اپنے دور میں لڑنے سے انہیں کس نے روکا تھا ۔

ہزار سال جنگ کا دعوی کرنے والوں سے پوچھتا ہوں کہ ایک بین الاقوامی مسئلہ کشمیر کو کس کے دور میں ایک علاقائی مسئلہ بنا دیا گیا تھا۔ بلاول اب بچے نہیں رہے ،انہیں چاہئے کہ کشمیر کے حوالہ سے تاریخ پڑھ کر کشمیر آیا کریں ،ان کے پاس تنقید کے سوا کچھ نہیں کیونکہ پانچ سال جو یہاں مجید حکومت رہی اس کی کارکردگی بتانے کیلئے ان کے پلے کچھ ہے ہی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری گذشتہ روز راولاکوٹ میں جب تقریر کیلئے آئے تو لوگوں نے بلاول کیلئے بھی وہی نعرے لگا دیئے جو آج کل پورے کشمیر میں چودھری مجید کیلئے لگ رہے ہیں جس کے باعث وہ جلدی سے تقریر ختم کر کے چلے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت ایک نظام ہے ۔ آج ایک بار پھر نوسرباز اور بنارسی ٹھگ نواز شریف کی ملکی ترقی کے لئے ان کی جدوجہد کو روکنے کے لئے سرگرم ہوگئے ہیں۔

وزیراعلی پنجاب شہباز شریف ترقی کرتے پنجاب کے معمار اور وزیراعظم نواز شریف جدید پاکستان کے معمار ہیں، نواز شریف ترقی کا وہ ہی معیار یہاں لائیں گے جو پاکستان میں لا رہے ہیں،یہ نواز شریف کا وژن ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اقوام متحدہ میں کشمیر کا مقدمہ دوبارہ اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے 300 ارب روپے آزاد کشمیر کی خوشحالی کیلئے دیئے وہ کہاں گئے ۔

21 جولائی کے بعد عوام کا یہ لوٹا ہوا پیسہ قومی خزانہ میں جمع کرانا پڑے گا۔ ان لٹیروں کی سیاست آخری سانسیں لے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے عمران خان کو یہاں پذیرائی نہیں دی بھاگ کر چلے گئے ۔ آصف کرمانی نے کہا کہ کشمیریو وعدہ کرو کہ نواز شریف کیلئے نہیں بلکہ تحریک آزادی کشمیر کیلئے ،اپنے بچوں کے تابناک مستقبل کیلئے اور لائن آف کنٹرول کے پار بسنے والے کشمیریوں کیلئے 21 جولائی کو شیر پر مہر لگاؤ گے۔

ایک وعدہ آپ سے میں کرتا ہوں وزیر اعظم محمد نواز شریف آپ کو خوشحال اور ترقی کرتا ہوا کشمیر دیں گے۔ انہوں نے کارکنوں کو پرامن رہنے کی ہدایت کی، کشمیری عوام 21 جولائی کو ان کی گالی، دھمکیوں کا بدلہ شیر پر مہر لگا کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا ہر مطالبہ پورا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے شیر کے مقدر میں عزت لکھ دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا پیغام ترقی خوشحالی روشنی اور امن کا پیغام ہے جبکہ مخالفین نے اپنی ہار کو سامنے دیکھتے حالات خراب کرنا شروع کر دیئے،لیگی کارکنوں پر پھتراؤ کیا اور پھر باغ میں ہمارے امیدوار مشتاق منہاس پر حملہ کیا ، ہمارے دو کارکنوں کو شہید کیا اور ہمارے امیدوار چوہدری عبدالعزیز کا گولیوں سے سینہ چھلنی کیا وہ پمز میں زیر علاج ہیں اب ان کی حالت کچھ بہتر ہے، علی رضا گیلانی اس واقعہ کے عینی گواہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم پرامن لوگ ہیں ،لڑائی جھگڑے والے لوگ نہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم آزاد کشمیر حکومت کی جوڈیشل انکوائری کو نہیں مانتے اور جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت بنے گی وہ خود اس کی انکوائری کرائے گی ۔ قبل ازیں تحریک انصاف کے ہجیرہ سے ٹکٹ کے امیدوار سردار رضوان نے اپنے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اور لیگی امیدوار سردار بہادر خان کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔