پیپلز پارٹی واحد، موثراور ملک گیر سیاسی قوت ہے جو اتحاد پاکستان کی ضمانت ہے،چودھری محمدیٰسین

ہل پاکستان کا فرض ہے کہ وہ جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لیے پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں کیونکہ جمہوریت کا تسلسل ہی پاکستان کی بقا کاضامن ہے،اپوزیشن لیڈر

پیر 16 جولائی 2018 16:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2018ء) اپوزیشن لیڈر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی چودھری محمد یٰسین نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی واحد، موثراور ملک گیر سیاسی قوت ہے جو اتحاد پاکستان کی ضمانت ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی نہیں تھی تو ملک کا کوئی آئین تھانہ ملک کی کوئی موثر وفاقی سیاسی قوت نہ تھی، کوئی ایسی سیاسی پارٹی نہ تھی کہ جس کے جھنڈے تلے تمام قوم جمع ہو سکتی قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے صحیح معنوں میں ایک عوامی سیاسی پارٹی بنائی جو آج تک وفاق کی علامت ہے ،اہل پاکستان کا فرض ہے کہ وہ جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لیے پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں کیونکہ جمہوریت کا تسلسل ہی پاکستان کی بقا کاضامن ہے۔

من پسند سیاسی جماعت کو اقتدار دلانے کے لیے پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کے لیے آزادانہ اور سازگار ماحول فراہم نہیں کیا جارہا جس الیکشن کی شفافیت پر سوال اٹھ رہے ہیں ،بلاول بھٹو زرداری نے اپنے قول و فعل سے ثابت کیا کہ وہ شہید بے نظیر بھٹو کے سیاسی ویژن کو پروان چڑھا رہے ہیں ،سابق وزیر اعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف کی انتخابی مہم کے دوران اپوزیشن لیڈر آزاد کشمیر چودھری محمد یٰسین نے مختلف کارنر میٹنگز اور استقبالیہ جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطہ پوٹھوہار کے لوگوں کی خوش قسمتی ہے کہ پیپلز پارٹی نے راجہ پرویز اشرف جیسے سیاسی لیڈر کو ملک کا سب سے بڑا منصب سونپا ،اور راجہ پرویز اشرف نے اس منصب کی لاج رکھتے ہوئے اپنی عوام اورعلاقے کی بہتری کے لیے دن رات کام کیا اور گجرخان میں تعمیر و ترقی کے حقیقی جال بچھائے ،انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم اپنی عوام کا درد رکھنے والے عوامی لیڈر ہیں جن کے ہاتھوں میں قائد عوام کا جھنڈا اور بے نظیر بھٹو کے سیاسی ویژن کے علمبردار ہیں ،آج نواجوان قائد بلاول بھٹو زرداری کے شانہ بشانہ پاکستان میں سیاسی استحکام اور جمہوریت کی سربلندی کے لئے میدان عمل میں ہیں ،چودھری محمد یٰسین نے کہا کہ گجر خان کی عوام پر پیپلز پارٹی کا قرض ہے عوام ووٹ کی طاقت سے پیپلز پارٹی سے اپنی لازوال وابستگی ثابت کریں ،اپوزیشن لیڈر آزاد کشمیر چودھری محمد یٰسین کے ہمراہ سابق ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کوٹلی چودھری الیاس ،صدر پیپلز پارٹی میرپور ڈویژن راجہ ظفر اللہ خان اور دیگر پارٹی کارکنان سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کی انتخابی مہم میں شرکت کے لیے پہنچے تو مختلف مقامات پر انکا پرجوش استقبال کیا گیا ،کارنر میٹنگز اور استقبالیہ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے چودھری محمد یٰسین نے کہا کہ پیپلز پارٹی نہیں تھی توملک میں کوئی آئین موجود تھا نہ کوئی بھی موثروفاقی سیاسی جماعت تھی انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے مخالف اتحادوں میں ہمیشہ متضاد نظریات کی پارٹیاں موجود رہی ہیں، جن میں قدر مشترک محض پی پی پی سے شکست کا خوف اور آمرانہ قوتوں کی پشت پناہی کے علاوہ کچھ نہیں تھا۔

(جاری ہے)

تمام سیاسی پارٹیوں کو چاہئے کہ قومی جمہوری پارٹیاں بنیں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نہ تو لیفٹ کی پارٹی ہے اور نہ رائٹ کی یہ عوام کی پارٹی ہے جسکاکا نظریہ سماجی بہبود اور سوشل ویلفیئر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ حالات میں وسیع تر سیاسی اتفاق رائے کی ضرورت ہے ،پیپلز پارٹی قومی اتفاق رائے کے تحت سیاسی نظام حکومت چلانے کی حامی ہے ،سابق دور میںصدر زرداری کی بے مثال قیادت میں سب پارٹیوں کو ساتھ لے کر چلنے کی بہترین مثالیں قائم کر دی ہیں۔بلاول بھٹو زرداری ایک مدبر قومی سیاستدان ہیں جو ملک کو مشکلات سے نکال کر آگے لے کر جا سکتے ہیں،پاکستانی عوام بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھ مضبوط کریں ۔