پیپلز لیبر بیورو سندھ ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں اسلام آباد میں راولپنڈی میں جیالوں پر پولیس تشدد اور لاٹھی چارج کی مذمت

جمعرات 21 مارچ 2019 22:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2019ء) پیپلز لیبر بیورو سندھ ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بمقام پیپلز سیکریٹریٹ زیر صدارت صوبائی صدر حبیب الدین جنیدی منعقد ہوا، جس میں جنرل سیکرٹری سیّد فیاض علی شاہ،انفارمیشن سیکرٹری سلیم سومرو،سینئر نائب صدر لعل بخش کلہوڑو،شمشاد قریشی،سیّد قطب علی شاہ،لیاقت مگسی، مولا داد لغاری اور خصوصی دعوت پر کراچی ڈویژن کے صدر محمد اسلم سمّوں اور جنرل سیکرٹری حسین بادشاہ نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حبیب الدین جنیدی نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں پیپلز پارٹی کے پُرامن کارکنان پر پولیس تشدد اور لاٹھی چارج کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ گرفتار شدہ کارکنان کو فوری اور غیر مشروط طور پر رہا کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو پاکستان کے کروڑوں عوام کی اُمیدوں اور تمناؤں کا مرکز ہیں اور اُن کے خلاف جھوٹے مقدمات بنانے اور سازشیں کرنے والے درحقیقت پاکستان کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ریاستی تشدد کے ذریعہ جمہوریت ،وفاقِ پاکستان اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کے جیالوں کا راستہ نہ ماضی میںروکا جاسکا اور نہ ہی اب روکا جاسکے گا۔حبیب الدین جنیدی نے کہا کہ پاکستان کا محنت کش طبقہ جمہوری جدوجہد کاہر اوّل دستہ ہے اور اس ضمن میں استحکامِ جمہوریت کی جدوجہد میں وہ چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں پوری طرح کمربستہ ہے ۔

انہوں نے صوبہ سندھ میں مزدور طبقہ کی حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے اس امر پر اظہارِ اطمینان کیا کہ صوبائی حکومت نے محنت کشوں کے مفادات کے تحفظ کے حوالہ سے پاکستان کے کسی بھی صوبہ سے زیادہ قانون سازیاں کی ہیں اور اب ضررور ت اس امر کی ہے کہ صوبائی محکمہ محنت اورمختلف صنعتی و تجارتی اداروں کی انتظامیہ اُن پر ان کی اسپرٹ کے مطابق عملدرآمد بھی کریں۔

انہوں نے بعض خود مختار اور نیم خود مختار اداروں میں ملازمین کے زیر التواء مسائل کے پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے اُن اداروں کے ملازمین کو یقین دلایا کہ پیپلز لیبر بیورو اُن کے مسائل کے حل کے لئے اُن کے شانہ بشانہ ہے۔جنرل سیکرٹری سیّد فیاض علی شاہ نے جلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد ہی جدوجہد اور قربانیوں پر استوار ہے اور ہم مزدوروں کی خدمت کرکے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹوکو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اس ملک کی وہ واحد پارٹی ہے کہ جس کی قیادت نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیامگر ملک،جمہوریت اوروفاقِ پاکستان کے استحکام پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا اور نہ کبھی کرے گی۔اجلاس سے مزدور رہنماؤں سلیم سومرو، لعل بخش کلہوڑو،شمشاد قریشی،سیّد قطب علی شاہ،لیاقت مگسی، مولا داد لغاری ،کراچی ڈویژن کے صدر محمد اسلم سمّوں اور جنرل سیکرٹری حسین بادشاہ نے بھی خطاب کیا۔

اجلاس کے اختتام پر مختلف قراردادیں بھی منظور کی گئیں جن میں سے ایک قرارداد میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کو محنت کشوں کی جانب سے خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اُن کی برسی کے موقع پر منظم انداز میں بھرپور شرکت کا اعلان کیا گیا اور اس ضمن میں صوبائی جنرل سیکرٹری سیّد فیاض علی شاہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کردی گئی۔ایک اور قرارداد میں نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں دہشتگردی کے نتیجہ میں شہید ہونے والوں کی مغفرت کے لئے فاتحہ خوانی کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم کی جانب سے اُٹھائے گئے اقدامات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا ۔

ایک اور تعزیتی قرارداد میں امریکہ کے شہر واشنگٹن میں سندھ یونیورسٹی حیدرآباد کے پروفیسر ،فلاسفر ، ممتاز دانشور جاوید بھٹو کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اُن کی اہلیہ معروف صحافی محترمہ نفیسہ ہود بھوائی سے دلی تعزیت کا اظہار کیاگیا ۔ایک اور قرارداد میں پیپلز لیبر بیورو کے مرکزی سیکرٹری جنرل مرحوم خواجہ محمد اعوان اور مزدور رہنما مرحوم لطیف مغل کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اُن کے لئے بلندی درجات کی دُعا کی گئی اور محنت کشوں سے اپیل کی گئی کہ مرحوم خواجہ محمد اعوان کی دوسری برسی کے موقع پر24 اپریل کو زیادہ سے زیادہ شرکت کریں۔

قبل ازیں اجلاس کے آغاز پر تلاوتِ کلام پاک کے بعد شہید ذوالفقار علی بھٹو،شہید محترمہ بینظیر بھٹو ،دیگر شہداء اور مرحومین کیلئے فاتحو خوانی کی گئی ۔