وزیراعظم آزاد کشمیر کی امریکی صدر کے مشیر ساجد تارڑ سے ملاقات

امریکا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرنے میں کردار ادا کرے، فاروق حیدر امریکی مشیر کی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت

پیر 19 اگست 2019 14:17

وزیراعظم آزاد کشمیر کی امریکی صدر کے مشیر ساجد تارڑ سے ملاقات
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2019ء) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے امریکی صدر کے مشیر ساجد تارڑ سے ملاقات کی جس میں مسئلہ کشمیر سمیت کشمیریوں پر بھارتی مظالم اور مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارتی فوج کنٹرول لائن پر شہری آبادی کو نشانہ اور ممنوعہ کلسٹر بموں کا استعمال کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کر دیا گیا ہے، وادی میں 15 دن سے کرفیو نافذ ہے، مقبوضہ کشمیر ایک جیل میں تبدیل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرنے میں کردار ادا کرے۔ امریکی صدر کے مشیر ساجد تارڑ نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی۔