حق خودارادیت کے حصول کے لئے جدوجہد جاری رہے گی‘ مقبوضہ کشمیر کے حریت پسند عوام کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا‘

وزیراعظم پاکستان کو آزاد کشمیر کی قیادت اور حریت کانفرنس کی جانب سے تجاویز ارسال کی جائیں گی وزیراعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر خان کی زیر صدارت کل جماعتی کانفرنس کے مشترکہ اعلامیہ

پیر 13 جنوری 2020 19:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2020ء) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی زیر صدارت کل جماعتی کانفرنس کے مشترکہ اعلامیہ میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ حق خودارادیت کے حصول کے لئے جدوجہد جاری رہے گی‘ مقبوضہ کشمیر کے حریت پسند عوام کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا‘ وزیراعظم پاکستان کو آزاد کشمیر کی قیادت اور حریت کانفرنس کی جانب سے تجاویز ارسال کی جائیں گی۔

کشمیر ہائوس اسلام آباد میں پیر کو وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی زیرصدارت آزادکشمیر کی تمام سیاسی، مذہبی جماعتوں، کل جماعتی حریت کانفرنس، قوم پرست تنظیموں کی کل جماعتی کانفرنس منعقد ہوئی۔ جس میں صدر آزادکشمیر مسعود خان، قائد حزب اختلاف چوہدری یاسین، پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم کانفرنس کے صدر مرزا محمد شفیق جرال، پاکستان تحریک انصاف کے خواجہ فاروق احمد،جمعیت علماء اسلام، جماعت اسلامی کے امیر ڈاکٹر خالد‘ حریت کانفرنس کے سید فیض نقشبندی‘ سید عبداللہ گیلانی‘ محمود احمد ساگر‘ لبریشن فرنٹ کے محمد رفیق ڈار ‘ جمعیت اہلحدیث سمیت دیگر جماعتوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

کانفرنس کے آغاز پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آزاد کشمیر کی ساری سیاسی جماعتیں کشمیر کے مسئلے پر ایک ہیں‘ حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کشمیری قیادت کو اعتماد میں لے۔ پاکستان کی سیاسی قیادت آپس کے اختلافات پس پشت ڈال کر کشمیر کے لئے یکجہتی کا مظاہرہ کرے۔ کل جماعتی کانفرنس کے اختتام پر جاری کئے گئے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ کانفرنس کے شرکاء مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہندوستان کی طرف سے مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، انسانیت کے خلاف جرائم، جنگی جرائم، آبادی کی حیثیت کو بدلنے کی کوششوں، مقبوضہ جموں وکشمیر کی حیثیت کو بدلنے اور ظلم و بربریت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

کل جماعتی کانفرنس کے شرکاء نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی جہدوجہد آزادی میں قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور اسے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہیں۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کل جماعتی کانفرنس میں شریک رہنمائوں نے پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے سربراہان کی کل جماعتی کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

کانفرنس کے شرکا نے آزادکشمیر کی قیادت، حریت کانفرنس کی جانب سے وزیراعظم پاکستان کو بند لفافے میں تجاویز ارسال کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے تحقیقاتی کمیشن اور دیگر انسانی حقوق کے اداروں کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا جائزہ لینے کی اجازت دی جائے۔ حق خود ارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائیگی مقبوضہ کشمیر کے حریت پسند عوام کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائیگا۔