شہریار آفریدی ساہیوال واقعہ کی جے آئی ٹی رپورٹ پیش کریں، فیصل کریم کنڈی

جس کرپشن کیس کی بات کرتے ہیں حکومت سپریم کورٹ کے پیچھے چھپ جاتی ہے،بی آر ٹی، مالم جبہ، سوات ایکسپریس وے کا کیا بنا اور سلائی مشینوں کے ذریعے اربوں روپے کیسے آئی ،سینیٹر روبینہ خالد کے ہمراہ پریس کانفرنس

جمعرات 9 جولائی 2020 21:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2020ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے وزراء ایک دوسرے کے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہیں اپنی کارکردگی بیان نہیں کرتے ہیں، شہریارآفریدی ایس پی طاہر داوڑ اور ساہیوال واقعہ کی جے آئی ٹی رپورٹ پیش کریں۔پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے جنرل سیکرٹری فیصل کریم کنڈی اور روبینہ خالد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جس کرپشن کیس کی بات کرتے ہیں حکومت سپریم کورٹ کے پیچھے چھپ جاتی ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزراء وفاق میں جاکر جھوٹ بولتے ہیں، جبکہ کورونا کے فنڈز میں بھی خیبرپختونخوا کو نظرانداز کردیا گیا اور سوچی سمجھی سازش کے تحت قبائلی علاقوں میں قبائل کو لڑایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک میں پاکستانیوں کو خوار کیا جارہا ہے۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے کبھی نہیں کہا کہ مجھے زرداری نہ کہا جائے۔

رہنما پی پی نے کہا کہ پہلے جو جے آئی ٹیز بنی تھیں، ان کے نتائج کہاں گئی بی آر ٹی، مالم جبہ، سوات ایکسپریس وے کا کیا بنا اور سلائی مشینوں کے ذریعے اربوں روپے کیسے آئی ۔سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ ملک کی سیاست گالی بن گئی ہے، جس کا سہرا پی ٹی آئی کے سر ہے۔روبینہ خالد نے کہا کہ ریاست مدینہ میں جھوٹ کی سزا کیا تھی ۔انہوں نے کہا کہ بھٹو نے اس ملک پر بہت احسانات کئے ہیں۔سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ ہسپتالوں کے دروازے غریبوں پر بند کرا دئیے گئے ہیں، ہم نے بہت برداشت کیا، مزید اپنے رہنمائوں کی بے توقیری منظور نہیں کریں گے۔