پاکستانی اداروں نے آج شریف خاندان پر ہمیشہ کیلئے لکیر کھینچ دی ہے

بھارت میں جشن منایا جا رہا ہے کہ نیا الطاف حسین مل گیا، نواز شریف ایک بے وقوف سیاستدان ہے اب کبھی پاکستان واپس نہیں آئے گا: شیخ رشید

muhammad ali محمد علی پیر 21 ستمبر 2020 23:41

پاکستانی اداروں نے آج شریف خاندان پر ہمیشہ کیلئے لکیر کھینچ دی ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 ستمبر2020ء) شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پاکستانی اداروں نے آج شریف خاندان پر ہمیشہ کیلئے لکیر کھینچ دی ہے، بھارت میں جشن منایا جا رہا ہے کہ نیا الطاف حسین مل گیا، نواز شریف ایک بے وقوف سیاستدان ہے اب کبھی پاکستان واپس نہیں آئے گا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ نواز شریف کی گزشتہ روز کی تقریر کے بعد عمران خان کی بات سچ ثابت ہوگئی ہے۔

عمران خان ہمیشہ کہتا تھا کہ نواز شریف دھوکہ دے گا اور کل یہ بات ثابت ہوگئی۔ کل نواز شریف کی تقریر کے بعد بھارت میں جشن منایا جا رہا ہے، مودی اور جندال خوش ہیں کہ انہیں نواز شریف کی صورت میں ایک اور الطاف حسین مل گیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر ریلوے کا مزید کہنا ہے کہ نواز شریف ایک بے وقوف سیاستدان ہے جو اب پاکستان کبھی واپس نہیں آئے گا۔ پاکستانی اداروں نے آج شریف خاندان پر لکیر کھینچ دی ہے۔

عسکری قیادت اور سیاسی رہنماوں کے درمیان ہونے والی ملاقات کے حوالے سے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ملاقات میں اپوزیشن رہنماؤں نے نیب کے کیسز کے سوا کسی معاملے پر تحفظات کا اظہار نہیں کیا۔عسکری قیادت کی پارلیمانی رہنماؤں سے ملاقات میں شہباز شریف، بلاول بھٹو، سراج الحق سمیت عوامی نیشنل پارٹی(اے این پی) اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے رہنما بھی شریک تھے۔

آرمی چیف نے واضح کردیا کہ چیئرمین نیب اور الیکشن کمشنر آپ لگاتے ہیں، آپ کا فرض ہے دیکھیں ٹھیک بندہ لگایاہے یا غلط۔ شیخ رشید نے کہاکہ آرمی چیف نے اپوزیشن رہنماؤں سے کھل کر کہا کہ فوج کو مداخلت کا کوئی شوق نہیں،کل آپ کی منتخب حکومت ہوئی تو اٴْس کے بھی ساتھ ہوں گے، آپ اپنے انتظامات ٹھیک کریں، پولنگ اسٹیشن کے باہر فوجی اس لیے کھڑے ہوتے ہیں کہ آپ بلاتے ہیں، آپ لڑتے جھگڑتے ہیں۔ شیخ رشید کے مطابق گلگت بلتستان کے حوالے سے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان چین پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک) کے لیے بہت اہم ہے، سب نے اتفاق کیا کہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنایا جائیگا،گلگت بلتستان میں الیکشن صاف شفاف ہوں گے۔