Live Updates

سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان جاتی امراء پہنچ گئے

چوہدری نثار کی شہبازشریف سے ملاقات، ان کی والدہ بیگم شمیم اختر کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا، چوہدری نثار جب جاتی امراء پہنچے تو مریم نواز ملتان کیلئے روانہ ہوچکی تھیں۔ ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 30 نومبر 2020 17:02

سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان جاتی امراء پہنچ گئے
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 نومبر2020ء) سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان جاتی امراء پہنچ گئے، چوہدری نثار نے شہبازشریف سے ملاقات کی، جس میں والدہ بیگم شمیم اختر کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیر اعظم نواز شریف اور پارٹی صدر شہبازشریف کی والدہ کی وفات پر سیاسی و سماجی رہنماؤں کی جانب سے اظہار تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔

سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان بھی اظہار تعزیت کیلئے جاتی امراء پہنچ گئے ہیں۔ چوہدری نثار نے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف سے ملاقات کی جس میں انہوں نے شہبازشریف سے ان کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا اور درجات کی بلندی کیلئے دعا بھی کی۔ بتایا گیا ہے جب چوہدری نثار علی خان جاتی امراء پہنچے تو مریم نواز ملتان میں پی ڈی ایم کا جلسے کیلئے جاچکی تھیں۔

(جاری ہے)

جس پر بعض لوگوں نے کہا کہ شاید چوہدری نثار اس وقت جاتی امراء آئے جب مریم نواز چلی گئی تھیں، لیکن ہوسکتا ہے کہ یہ اتفاق ہو کہ چوہدری نثار شہبازشریف اور مریم نواز دونوں سے تعزیت کرنا چاہتے ہوں لیکن چوہدری نثار کے تاخیر سے پہنچنے پر مریم نواز جاچکی تھیں۔ یاد رہے گزشتہ روز  سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی والدہ کی رسم قل ادا کی گئی ، وزیر اعظم آزاد کشمیر سمیت سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنمائوںاور دیگر اعلیٰ شخصیات نے شہباز شریف ، مریم نواز اور حمزہ شہباز سے ملاقات کر کے بیگم شمیم اختر کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔

تفصیلات کے مطابق شریف برادران کی والدہ مرحومہ بیگم شمیم اختر کی روح کے ایصال ثواب کیلئے جاتی امراء رائے ونڈ میں قران خوانی کا اہتمام کیا گیا جس میں شہباز شریف ، مریم نواز، شہباز شریف ، شریف خاندان کے عزیز و اقارب سمیت پارٹی کے سینئر مرکزی رہنمائوںنے شرکت کی ، اس موقع پر مدرسے کے طلبہ کو بھی بلایا گیا جنہوںنے قران خوانی کی ۔ بعد ازاں مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے اجتماعی دعا بھی کی گئی۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی قیادت میں آزادکشمیر کابینہ کے اراکین ، معروف عالم دین مولانا طارق جمیل ، جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ ، فرید پراچہ ، جمعیت علمائے اسلام کے رہنما شاہ اویس نورانی، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی ،جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سربراہ پروفیسر ساجد میر ،متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فیصل سبزواری ،تحریک انصاف کے رہنما آجاسم شریف، محمد زبیر،امیر مقام ، نہال ہاشمی سمیت سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنمائوںاور دیگر اعلیٰ شخصیات نے شہباز شریف ،مریم نواز اور حمزہ شہباز سے ملاقات کر کے بیگم شمیم اختر کے انتقال پر اظہار تعزیت اورفاتحہ خوانی کی ۔

مسلم لیگ(ن) کے مرکزی و صوبائی رہنما بھی جاتی امراء رائے ونڈ اور ماڈل ٹائون میں موجود رہے اور تعزیت وصول کرتے رہے ۔ شریف خاندان کے افراد نے میاںمحمد شریف ، بیگم شمیم اختر، بیگم کلثوم اور عباس شریف کی قبروں پر بھی حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی ۔پولیس کی طرف سے گزشتہ روز بھی سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے جبکہ پولیس کی گاڑیاں شاہراہوں پر پیٹرولنگ کرتی رہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات