غلام احمد گلزار کا کشمیر اور فلسطین میں جاری قتل و غارت میںاضافے پراظہار تشویش

اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی ادارے کشمیری نظربندوں کی رہائی میں مدددیں

بدھ 12 مئی 2021 19:45

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2021ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے ورکنگ وائس چیئرمین غلام احمد گلزار نے کشمیر اور فلسطین کے مقبوضہ علاقوںمیں بھارت اور اسرائیل کی طرف سے جاری قتل و غارت میںاضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غلام احمد گلزار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ جب امت مسلمہ عیدالفطر کاتہوار منانے کی تیاری کر رہی ہے،مظلوم کشمیری اور فلسطینی اپنے بنیادی حقوق کی بحالی کے مطالبے پر شہید کئے گئے اپنے عزیزوں کی لاشوں کو قبرستانوں میں دفن کررہے ہیں۔

انہوں نے اسلامی تعاون تنظیم پر زور دیا کہ وہ متحد ہوکراٹھ کھڑی ہو اور کشمیر اور فلسطین کے تنازعات کے حل کو یقینی بنانے سمیت آنے والے چیلنجز کا مقابلہ کرے۔

(جاری ہے)

غلام احمد گلزار نے بھارت اور مقبوضہ جموںوکشمیر کی جیلوں میں نظربند درجنوں حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی بگڑتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ غیرقانونی طور پر نظربند کشمیری رہنماؤں کی جانیں بچانے کی خاطر ان کی رہائی کے لئے بھارت پر دباؤ ڈالیں۔

دریں اثناء قابض حکام کی طرف سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہاگیاہے کہ مقبوضہ علاقے میں اس وقت کم از کم 23 قیدی کورونا وائرس کا شکار جبکہ 219 جیلوں میں قرنطینہ میں ہیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے صوبہ جموں کے صدر میر شاہد سلیم نے جموں میں جاری ایک بیان میں عالمی برادری پر زوردیا ہے کہ وہ بھارت کے فسطائی رویے کا نوٹس لے جس سے کشمیریوں کے جان ومال اورعزت و آبرو کو شدید خطرہ لاحق ہے۔

ادھر بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ضلع اسلام آباد میں تین نوجوانوں کے قتل کے خلاف سرینگر کے علاقے بٹہ مالو میں لوگوںنے احتجاجی ریلی نکالی ۔ شہید ہونے والے ایک نوجوان کا تعلق بٹہ مالو سے تھا ۔ مظاہرین نے آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ انہوں نے شہید نوجوانوںکی غائبانہ نمازجنازہ بھی ادا کی۔جموںوکشمیر پیپلز لیگ اور جموںوکشمیر پولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ کے وفود شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اسلام آباد کے علاقے کوکرناگ اور بٹہ مالو میں ان کے گھرگئے ۔

تحریک وحدت اسلامی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے حالیہ بیان کا خیر مقدم کیا ہے جس میں انہوںنے کہا ہے کہ جب تک بھارت 5 اگست 2019 کو کئے گئے غیر قانونی اقدامات واپس نہیں لیتا اس کے ساتھ کسی قسم کے کوئی مذاکرات نہیں ہو سکتے ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری مولوی بشیر احمد اور حریت رہنمائوں غلام محمد خان سوپوری اور عبدالصمد انقلابی نے اپنے بیانات میں امت مسلمہ کو باالعموم اور کشمیری عوام کو بالخصوص عید کی مبارکباد دی ہے۔

انہوںنے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ عید سادگی سے منائیں اور اس پر مسرت موقع پر شہدا ء کے لواحقین اور غیر قانونی طورپر نظربند کشمیریوں کے اہلخانہ اور نادار اور ضرورت مند افراد کے ساتھ اپنی خوشیاں بانٹیں۔کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ کے رہنما محمد یوسف تاریگامی اور جموںوکشمیر پیپلز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عاقب وانی نے اپنے بیانات میں بھارت اور کشمیر کی مختلف جیلوں میں غیر قانونی طورپر نظربند کشمیر ی سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

اسلام آباد میں کشمیر انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز کے چیئرمین الطاف حسین وانی نے اقوام متحدہ کی ہائی کمشنربرائے انسانی حقوق مشیل بیچلٹ کے نام ایک خط میں بھارت کی مختلف جیلوں میں نظربند کشمیریوں کی فوری رہائی کیلئے ان کی مداخلت پر زوردیا ہے۔