آخری اوور میں حارث روف کی بدترین باولنگ

سہیل تنویر کے چوکے چھکے، لاہور قلندرز کو تگڑا ہدف مل گیا

muhammad ali محمد علی جمعہ 18 جون 2021 23:08

آخری اوور میں حارث روف کی بدترین باولنگ
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 جون 2021ء ) آخری اوور میں حارث روف کی بدترین باولنگ، سہیل تنویر کے چوکے چھکے، لاہور قلندرز کو تگڑا ہدف مل گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے 28 ویں اور اہم ترین میچ میں لاہور قلندرز کے فاسٹ باولر حارث روف کی بدترین باولنگ کی وجہ سے ملتان سلطانز تگڑا ہدف دینے میں کامیاب ہوگئی۔ حارث روف کی جانب سے کروائے گئے اننگ کے آخری اوور میں ملتان سلطانز کے سہیل تنویر نے 24رنز سمیٹے، یوں لاہور قلندرز کو 170 رنز کا ہدف مل گیا۔

ملتان سلطانز کی جانب سے صہیب مقصود نے 60 رنز کی اننگ کھیلی، جبکہ لاہور کی جانب سے شاہین آفریدی 3 وکٹیں حاصل کر کے نمایاں رہے۔ واضح رہے کہ پلے آف مرحلے تک رسائی کیلئے لاہور قلندرز کی اس میچ میں فتح لازمی ہے، شکست کی صورت میں لاہور کیلئے پلے آف مرحلے تک رسائی بہت مشکل ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

یاد رہے پی ایس ایل 6 کے 28 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ 6 کے بقیہ 20 میچز 9 جون سے 24 جون تک شیخ زید کرکٹ سٹیڈیم ابوظہبی میں کھیلے جارہے ہیں جس کے بعد قومی ٹیم 25 جون کو مانچسٹر روانہ ہوجائے گی۔ 21 جون کو کوالیفائر اور ایلیمنٹر 1 سمیت ٹورنامنٹ کے بقیہ 20 میچز میں مجموعی طور پر 6 ڈبل ہیڈرز شامل ہیں۔ ڈبل ہیڈرز کا پہلا میچ یو اے ای وقت کے مطابق شام 5 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق 6 بجے) اور دوسرا رات 10 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق 11 بجے) شروع ہوگا۔

جس دن صرف ایک میچ ہوگا، اس روز میچ کا آغاز یو اے ای وقت کے مطابق رات 8 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق 9 بجے) ہوگا۔ خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کا آغاز 20 فروری کو کراچی سے ہوا تھا اور ایونٹ کے میچز اس مرتبہ ملک کے دو شہروں کراچی اور لاہور میں کھیلے جانے تھے تاہم 4 مارچ کو پاکستان سپر لیگ کو 7 کھلاڑیوں اور دیگر میں کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

اپریل میں پی سی بی نے سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے یکم جون سے ایونٹ دوبارہ کراچی میں انعقاد کا فیصلہ کیا لیکن پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر میں شدت اور سابقہ تجربات کے پیش نظر تمام فرنچائزوں نے پی سی بی سے لیگ کو متحدہ منتقل کرنے کی درخواست کی جسے منظور کر لیا گیا تھا اورلیگ کا دوبارہ ابوظبی میں آغاز ہوا ہے۔ شیڈول کے مطابق 17 جون کواسلام آباد یونائیٹڈ بمقابلہ پشاور زلمی،کراچی کنگز بمقابلہ لاہور قلندرز، 18 جون کو ملتان سلطانز بمقابلہ لاہور قلندرز،19 جون کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بمقابلہ کراچی کنگز،ملتان سلطانز بمقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ،20 جون کو پریکٹس ہوگی ،21 جون کوکوالیفائر (پوائنٹس ٹیبل پر پہلی بمقابلہ دوسری پوزیشن والی ٹیم ) کھیلے جائینگے ، ایلیمینیٹر 1 (پوائنٹس ٹیبل پر تیسری بمقابلہ چوتھی پوزیشن والی ٹیم)،22 جون کو ایلیمینیٹر 2 (کوالیفائر ہارنے والی ٹیم اور ایلیمینیٹر 1کی فاتح ٹیم) ،23 جون کوآرام/ٹریننگ ہوگی اور 24 جون کو فائنل کیا جائیگا ۔

ایونٹ کے آغاز میں تاخیرایسے لاجسٹک اور آپریشنل چیلنجز کی وجہ سے ہوئی جو پی سی بی کے کنٹرول سے باہر تھے۔ پی سی بی نے کھلاڑیوں،فرنچائزز، ایونٹ اورکمرشل پارٹنرز کی سہولت کے پیش نظر اس شیڈول کو قابل عمل بنانے کے لیے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ سے رابطہ کرکے سکواڈ کو 25 جون کو انگلینڈ بھیجنے پر اتفاق کیا ہے۔قومی سکواڈ میں شامل کھلاڑی اور سپورٹ سٹاف 25 جون کو یو اے ای سے مانچسٹر روانہ ہوں گے، جہاں سے وہ ڈربی پہنچ کر ضروری قرنطینہ اور ٹریننگ سیشنز میں حصہ لیں گے۔ شیڈول کے مطابق 3 تا 8 جون تک پریکٹس سیشنز ہونگے ۔ قومی کرکٹ ٹیم 6 جولائی کو ڈربی سے کارڈف پہنچے گی،جہاں وہ 8 جولائی کو سیریز کا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلے گی۔