آزاد کشمیر میں الیکشن نہیں ، سلیکشن ہورہی ہے،سراج الحق

سابقہ و موجودہ حکمرانوں کی وجہ سے پاکستان میں کرپشن بڑھ رہی ہے ، ادارے ناکام ہور ہے ہیں ،ان کوئی وعدہ نبھانا اپنی ذمہ داری ہی نہیں سمجھتے،ملک کے مسائل کا حل صرف اورصرف قرآن و سنت کی حکمرانی اور نظریہ پاکستان کے تحفظ میں ہے،منصورہ میں نماز عیدکے اجتماع سے خطاب/ میڈیا گفتگو

جمعہ 23 جولائی 2021 21:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2021ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ آزاد کشمیر میں الیکشن نہیں ، سلیکشن ہورہی ہے ۔ لوگوں کو خریدا جارہا ہے ۔ ایوانوں کے اندر اور باہر ، چوکوں،چوراہوںاور جلسوں میں پی ٹی آئی ، مسلم لیگ ن ، پی پی پی قیادت ایک دوسرے کو گالیاں دینے اور الزامات لگانے میں اس طرح مصروف ہیں کہ ہماری نئی نسل بھی ان پر حیران اور پریشان ہے ۔

سابقہ و موجودہ حکمرانوں کی وجہ سے پاکستان میں کرپشن بڑھ رہی ہے ۔ ادارے ناکام ہور ہے ہیں ۔ اس لیڈر شپ کی وجہ سے ہماری عدالتوں میں انصاف نہیں ہے ۔ تعلیمی اداروں میں غریب کے لیے تعلیم ،ہسپتالوں میں علاج کا انتظام نہیں ہے ۔ حکمران کوئی وعدہ نبھانا اپنی ذمہ داری ہی نہیں سمجھتے ۔

(جاری ہے)

ملک کے مسائل کا حل صرف اورصرف قرآن و سنت کی حکمرانی اور نظریہ پاکستان کے تحفظ میں ہے ۔

ملک میں افراد کی حکمرانی، خاندانوں کی بادشاہت ، شہزادوں ، شہزادیوں کی سیاست ہے ۔ انہی طبقات نے پاکستان کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کو بھی نقصان پہنچایا ہے ۔ گزشتہ 73 سالوں میں ایک منٹ کے لیے بھی شریعت محمدیؐ کا نفاذ اس ملک کو نصیب نہیں ہوسکا۔ دین کو قائم کرنا اور اس کو غالب کرنا ہی اصل میں سنت ابراہیمیؑ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے جامع مسجد منصورہ میں نماز عیدالاضحی کے بڑے اجتماع سے خطاب اور بعدا زاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر چیئرمین رابطہ علماء و مشائخ کونسل میاں مقصود احمد بھی موجود تھے ۔امیر جماعت نے قربان گاہ کا دورہ کیا اور بڑے پیمانے پر قربانی کے انتظامات کو سراہا ۔سراج الحق نے کہاکہ حکومت نے الیکشن ریفارمز پر یک طرفہ طور پر جو قانون سازی کی ہے وہ ناقابل قبول ہے ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ صاف و شفاف انتخابات کے لئے تمام جمہوری قوتیں ضابطہ اخلاق بنا لیں اورآئندہ انتخابات متناسب نمائندگی کی بنیاد پر ہونے چاہئیں، یہی بہترین طریقہ انتخاب ہے ۔

انہوں نے کہاکہ یہ حکومت ایک ملبہ بن چکی ہے جو بہانے سے شہادت کا رتبہ چاہتی ہے۔ ہم نہیں چاہتے کہ وقت سے پہلے یہ ملبہ گرے اور وزیراعظم پھر سے عوام کو کہتے پھریں کہ اگر ہمیں مدت پوری کرنے دی جاتی تو میں آسمان سے تارے توڑ کر لے آتا اور دودھ کی نہریں بہادیتا ۔ بجٹ پاس ہونے کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے انتہا اضافہ کر دیا گیا ہے ۔

پی ٹی آئی کی جانب سے مسلط کردہ مہنگائی کی وجہ سے عوام کا جینا محال ہو چکا ہے ۔تبدیلی کا نعرہ اور انتخابی نعرے ہوا میں تحلیل ہو چکے ۔ اچھا ہو کہ یہ حکومت اور بھی ایکسپوز ہو جائے ۔ سراج الحق نے کہاکہ آزاد کشمیر انتخابات میں یہ سب سری نگر کو نہیں بلکہ مظفرآباد کو فتح کرنا چاہتے ہیں ۔مقبوضہ کشمیر کو حکومت نے بھارت کے حوالے کر دیا ہے ۔

پرویز مشرف سے لے کر آج تک سب حکمرانوں نے کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدوجہد اور شہدائے کشمیر سے بے وفائی کی ہے ۔ سید علی گیلانی ، شبیر شاہ ، آسیہ اندرانی ، یاسین ملک سمیت جماعت اسلامی کے کارکنان اور ہزاروں کشمیری مقبوضہ کشمیر کی جیلوں میں پابند سلاسل ہیں ۔ جماعت اسلامی کے علاوہ کسی جماعت کو ان کے حق میں آواز بلند کرنے کی توفیق نہیں ہوئی ۔

سراج الحق نے کہاکہ ہم افغانیوںکو مبارکباد پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے انگریز ، روس اور اب امریکہ و نیٹو افواج کو بھی افغانستان میں عبرت ناک شکست سے دوچار کیا ہے ۔ اس شکست پر سب سے زیادہ تکلیف بھارت کو ہوئی ہے جو اب افغانستان میںخانہ جنگی ،جبکہ پاکستان امن چاہتا ہے ۔ ہم افغانستان کے عوام اور افغان طالبان سے گزارش کریں گے کہ افغانستان کو پرامن ، اسلامی و خوشحال افغانستان بنانے کے لیے متحد ہو جائیں ۔