ڈی جی آئی ایس آئی کے حوالے سے معاملہ افہام تفہیم سے حل ہوگا جلد عوام کو اس حوالے سے خوشخبری دینگے،غلام سرور

حساس معاملات پر حکومت کے ترجمان ہی بیان دے سکتے ہیں ،کسی اور کو اظہار خیال نہیں کرنا چاہیے ،معاملات کو جتنا متنازعہ بنایا جائے گا درست نہیں ،قومی مفاد میں کم سے کم اس پر بات کی جائے،پریس کانفرنس

ہفتہ 16 اکتوبر 2021 16:52

ڈی جی آئی ایس آئی کے حوالے سے معاملہ افہام تفہیم سے حل ہوگا جلد عوام ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2021ء) وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی کے حوالے سے معاملہ افہام تفہیم سے حل ہوگا جلد عوام کو اس حوالے سے خوشخبری دیں گے،حساس معاملات پر حکومت کے ترجمان ہی بیان دے سکتے ہیں ،کسی اور کو اظہار خیال نہیں کرنا چاہیے ،معاملات کو جتنا متنازعہ بنایا جائے گا درست نہیں ،قومی مفاد میں کم سے کم اس پر بات کی جائے،مہنگائی پر تشویش ہے ،دنیا کے 160 ممالک کے ممالک میں پاکستان میں ابھی قیمتیں کم ہیں ، چالیس فیصد لوگوں کو ٹارگٹڈ سبسڈی دی جائے گی ،نیب میں ترامیم سے کاروباری افراد کو ریلیف دیا گیا ہے ، سیاستدانوں کو نہیں ،نہ کوئی آرہا ہوں اور نہ ہی میں کہیں جارہا ہوں،چوہدری نثار سے متعلق لوگ خود چسکے کیلئے ہوا میں خبریں اڑا دیتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو یہاں وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے رکن پنجاب اسمبلی حاجی امجد اور واثق قیوم کے ہمراہ پر یس کانفر نس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ افغانستان میں جمعہ کے دوران دہشتگردی کے واقعات کی ذمہ داری داعش نے لی ،دونوں دہشتگردی کے واقعات میں ایک سو چالیس سے زائد افراد شہید ہوئے ،عالمی طاقتوں نے دنیا بھر میں بین لاقوامی سازش کے تحت اسلامی ممالک میں دہشتگردی شروع کردکھی ہے ،افغانستان میں دہشتگردی کے واقعات کی مذمت اور لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ سیانے لوگ کہتے ہیں کہ زیادہ نزدیک اور زیادہ دور ہونا بھی اچھا نہیں۔ انہوںنے کہاکہ ممبر کیبنٹ کی حیثیت سے کہتا ہوں کہ جتنی اچھی انڈراسٹینڈنگ ان تین سالوں میں نظر آئی پہلے نہیں تھی ،حکومت کے ترجمان ہی حکومت کا بیان دے سکتے ہیں کسی اور کو اس پر اظہار خیال نہیں کرنا چاہیے ،معاملات کو جتنا متنازعہ بنایا جائے گا وہ درست نہیں قومی مفاد میں کم سے کم اس پر بات کی جائے۔

انہوںنے کہاکہ مہنگائی پر تشویش ہے ،سوشل میڈیا پر پتہ چلا کہ پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ میں خود بھی پٹرولیم کا وزیر رہا ہوں ،مجھے پتہ ہے کہ تیل قیمتیں بڑھ گئی ہیں ،دنیا کے 160 ممالک کے ممالک میں پاکستان میں ابھی قیمتیں کم ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ساؤتھ ایشین ریجن میں پاکستان ابھی بھی اشیاء خوردونوش اوت تیل کی قیمتوں میں نیچے ہے ،ہماری کیبنٹ کی ہر ہفتے میٹنگ ہوتی ہے جبکہ (ن )لیگ کے دور میں چھ چھ ماہ میٹنگ نہیں ہوتی تھی ۔

انہوںنے کہاکہ مہنگائی سے ہر کوئی متاثر ہے مگر ہمیں دنیا کو دیکھنا ہے ، میںشام گیا وہاں اٹھارہ گھنٹے لوڈشیڈنگ ہے ،گیس کی قیمتوں میں اضافہ پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کے سلسلہ کی کڑی ہے ،پاکستان میں تیل کی قیمتیں ابھی بھی کم ہیں، چالیس فیصد لوگوں کو ٹارگٹڈ سبسڈی دی جائے گی ۔ انہوںنے کہاکہ آٹا 1120 روپے کی سرکاری ریٹ اور چینی 89 روپے 89 پیسے مقرر کی ہے۔

انہوںنے کہاکہ میں تسلیم کرتا ہوں مہنگائی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ نیب میں ترامیم سے کاروباری افراد کو ریلیف دیا گیا ہے ، سیاستدانوں کو نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ کنٹونمنٹ الیکشن ٹرائل تھا ہم دہائیوں سے الیکشن جیتتے آئے ہیں ،پہلی بار ہم الیکشن اس لیے ہارے کے مہنگائی تھی ۔ انہوںنے کہاکہ ہم لوگوں کے گھر الیکشن کے لیے گھروں میں گئے تو خواتین نے ہمیں کھری کھری سنائیں ،پی آئی اے نے خود کو رسک ڈال کر افغانستان کا فلائٹ آپریشن جاری رکھا ،افغانستان کا ون وے آپریشن یے جس کی وجہ ٹکٹ مہنگے تھے ۔

انہوںنے کہاکہ مجھ سے کسی نے کچھ نہیں پوچھا نہ میں نے کسی سے بات نہیں ،نہ کوئی آرہا ہوں اور نہ ہی میں کہیں جارہا ہوں،چوہدری نثار سے متعلق لوگ خود چسکے کے لیے ہوا میں خبریں اڑا دیتے ہیں ،شادی ہوگی تو بچہ ہوگا شادی ہی نہیں ہوئی توبچہ کیسے ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ ڈی جی آئی ایس آئی کے حوالے سے معاملہ افہام تفہیم سے حل ہوگا جلد عوام کو اس حوالے سے خوشخبری دیں گے۔