ملک معاشی طورپر بدحالی کا شکار، تمام تر ذمہ دار پی ٹی آئی کی حکومت ہے ، نظام الدین

بدھ 23 مارچ 2022 23:50

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مارچ2022ء) پیپلزپارٹی کے رہنما اور معروف بلڈر چوہدری نظام الدین آرائیں نے کہا ہے کہ آج ملک معاشی طورپر بدحالی کا شکار ہے۔ جس کی تمام تر ذمہ دار پی ٹی آئی کی حکومت ہے جس نے معیشت کا دیوالیہ نکال دیا ہے ۔ وزیراعظم فوری طورپر استعفیٰ دے کر ملک میں جاری بے یقینی کی صورتحال کا خاتمہ کریں۔ اب عوام اتحادی اور خود ان کے اراکین اسمبلی ان کے ساتھ نہیں ہیں ۔

وہ نورانی بستی ، پریٹ آباد ، بھٹی گوٹھ میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر یوم دفاع پاکستان کا کیک بھی کاٹا گیا۔ اجتماع سے شانی آرائیں، محمد علی گوہر ایڈوکیٹ اور منٹھار جتوئی نے بھی خطاب کیا۔ چوہدری نظام الدین آرائیں نے مالاکنڈ میں بلاول بھٹو زرداری کے کامیاب جلسے پر انہیں اور عوام کو بھی مبارکباد دی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب پیپلزپارٹی ملک کے چاروں صوبے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی مقبول ترین جماعت ہے ۔

عوام پی ٹی آئی کی قیادت کے جھوٹے وعدوں اور بے بنیاد دعوؤں سے تنگ آچکے ہیں کیونکہ اس حکومت نے سوائیے مہنگائی، بیروزگاری ، بدامنی اور سیاست میں بدتمیزی کو فروغ دینے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ آج سب سے زیادہ پریشان غریب اور متوسط طبقے کے افراد ہیں جو مہنگائی کے ہاتھوں اس حد تک پریشان ہوگئے ہیں اور اب ان کے گھر کا چولہا جلنے بھی مشکل ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب سے تحریک عدم اعتماد آئی ہے کراچی اسٹاک ایکسچینج کا بھٹہ بیٹھ گیا ہے، کاروباری طبقے کو کھربوں روپے کا نقصان ہوچکا ہے ۔ پورا ملک جمود کا شکار ہے ۔ عوام مطالبہ کررہے ہیں کہ اس نااہل اور سلیکٹڈ حکومت کو فوری طورپر ختم کیا جائے۔