Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے کے تمام اضلاع کیلئے ریسکیو 1122 موٹر بائیک سروس کا افتتاح کر دیا

ڈرامہ گیرشہباز شریف کو پنجاب میں ہماری حکومت آنے پرسب سے زیادہ صدمہ ہے،انکا رونا بند ہی نہیں ہو رہا، پرویز الہٰی

جمعرات 29 ستمبر 2022 21:57

وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے کے تمام اضلاع کیلئے ریسکیو 1122 موٹر بائیک سروس ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2022ء) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے صوبے کے تمام اضلاع کیلئے ریسکیو 1122 موٹر بائیک سروس کاافتتاح کر دیا، وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے ریسکیو1122 موٹر بائیک سروس کے پنجاب کے تمام اضلاع میں افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف3بار وزیراعلیٰ بنے جبکہ شریف خاندان نی21سال حکومت کی لیکن وہ ریسکیو 1122ایمرجنسی سروس جیسا ایک بھی پراجیکٹ نہیں لاسکے۔

شہباز شریف اپنے دور میں ریسکیو1122 جیسا ایک بھی پراجیکٹ دکھا دیں تومیں سیاست چھوڑ دوں گا۔شہباز شریف کو جب بھی اقتدار ملا تو انہوں نے ایمرجنسی سروس بند کرنے کی کوشش کی لیکن میڈیا اور ہائی کورٹ کے دباؤکی وجہ سے نہ کر سکے۔

(جاری ہے)

یہی لوگ ہر بار بھیس بدل کر واپس آ جاتے ہیںاوریہ وہی لوگ ہیں جنہوںنے پہلے بھی خرابی کی اوراب بھی خرابی کررہے ہیں۔

کوئی ڈالر بن کر آتا ہے لیکن واپسی پر جاتے ہوئے ڈالر ساتھ لے جاتا ہے۔ڈرامہ گیر اورشعبدہ بازشہباز شریف کو پنجاب میں میری اور پی ٹی آئی کی حکومت آنے پرسب سے زیادہ صدمہ ہے اوران کا رونا بند ہی نہیں ہو رہاہے۔میںاللہ تعالیٰ کو حاضر ناظر جان کر کہتا ہوں کہ ہم نے کسی پر جھوٹا کیس نہیں بنانا لیکن سانحہ ماڈل ٹاؤن کا کیس ضرور بنے گا اوریہ کیس رانا ثناء اللہ کے خلاف ہے اوراس کیس میں رانا ثناء اوردیگر ملزمان کو سزا ہوگی اورتمام کردار انجام کو پہنچیں گے ۔

اسمبلی میں ان کا بیان ریاست کے اندر ریاست ریکارڈ پر موجود ہے۔انہوںنے کہا کہ میں عمران خان اورپرویز خٹک کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو ریسکیو1122کے ادارے کوخیبر پختونخواہ میںلیکر آئے ہیںاورعمران خان نے ہمیشہ ہمیں سپورٹ کیا ہے ۔یہ لمحہ فکریہ ہے کہ بلوچستان اورسندھ کی حکومتیں ریسکیو1122جیسا ادارہ نہیں بناسکیں ،سندھ کو تو سیلاب کے بعد سمجھ آجانی چاہیے لیکن سندھ کے دیہات کا براحال ہے اوردنیا رورہی ہے ،خوراک اورادویات مہیا نہیں ہیں۔

اگر آپ ریسکیو خود نہیں بنا سکے تو پنجاب کی بنی بنائی چیز کو فالوہی کر لیں۔پنجاب کی طرح سندھ میںبھی اب ووٹ عمران خان کو ملیں گے کیونکہ ان کی نیت نیک ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ میںآج شکرانے کے نفل ادا اور ایسے مزید ادارے بنانے کی توفیق کی دعا کرکے آیا ہوں۔ صوبے میں ڈرائیونگ لائسنسگ کا فول پروف نظام بنائیں گے اورہمارا یہ لائسنس بیرون ملک بھی کام آئے گا۔

لائسنسنگ نظام درست ہونے سے ٹریفک حادثات 50فیصد کم ہوںگے۔مریض کو بروقت ہسپتال پہنچانے کیلئے روڈز پرایمبولینس کیلئے ایکسٹرالین بنائیں گے۔ انہوںنے کہا کہ آج پنجاب بھر میں 1350ریسکیو موٹربائیکس دی جارہی ہیں جبکہ ہر ضلع کو50 ریسکیو موٹربائیک ملے گی ۔موٹر بائیک ایمرجنسی سروسز کا رسپانس ٹائم 4 سے 5 منٹ ہوگا۔موٹربائیک کے ذریعے تنگ گلیوں اور دشوار راستوں تک بھی ایمرجنسی سروس ممکن ہوگی۔

موٹربائیک ایمرجنسی سروس کو قصبات اورگاؤں تک توسیع دی جائے گی۔ایمبولینس وین کے ساتھ ایک موٹربائیک ایمبولینس بھی ہوگی۔5 نئے اضلاع اور نئی تحصیلوں میں بھی موٹربائیک ایمرجنسی سروس شروع کی جائے گی۔انہوںنے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے پاک فوج، ایئرفورس اور نیوی کے بعد صرف ریسکیو 1122 نظر آئی اورسیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو1122نے بے پناہ کام کیا۔

غیر ملکی سفیروں نے بھی پنجاب کی ریسکیو ایمرجنسی سروس کی تعریف کی ہے ۔امریکی سفیر نے ملاقات میں ریسکیو1122 کیلئے معاونت فراہم کرنے کا کہا۔اقوام متحدہ کی طرف سے پنجاب ریسکیو کے علاوہ کسی بھی اور ادارے کو ایوارڈ نہیں دیا گیا۔ہندوستان بھی مسلمانوں پر حملے کرنے اور میزائل خریدنے کے سوا ایسی سروس شروع نہ کر سکا۔انہوںنے کہاکہ ریسکیوایمرجنسی سروسز کے طفیل اور ان کی دعائوں سے اللہ تعالیٰ نے 22 سال بعد پھر وزیراعلیٰ بنا دیا۔

انہوںنے کہا کہ رسک الائونس کا کیس منظور ہو چکا ہے، سب نے کہا اربوں کی بات ہے، میں نے کہا سب ادھر لگا دیں۔آگ بجھاتے اور ڈوبنے سے بچاتے ہوئے ریسکیورز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔کورونا میں ریسکیو 1122 نے مثالی رسپانس دیا، گھر والے چھوڑ جاتے تھے، ریسکیو والے تجہیز و تدفین کرتے تھے۔انہوںنے کہا کہ یہ نہ صرف پاکستان بلکہ جنوبی ایشیاء کا بہترین ادارہ ہے ۔

جس پر میں پنجاب ایمرجنسی سروس کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر رضوان نصیرکو مبارکباد دیتا ہوں کیونکہ یہ میرٹ پر کام کرتے ہیں اورکسی کی سفارش نہیں مانتے۔قبل ازیں وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے موٹربائیک ایمرجنسی سروسز کی فراہمی کیلئے فرسٹ ایڈ اورجان بچانے والے آلات کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے ننکانہ، شیخوپورہ اور دیگر اضلاع کے ایمرجنسی افسروںکو موٹربائیکس کی چابیاں دیں۔

وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے ریسکیو موٹر بائیک سروس کے دستوں کو اضلاع کیلئے روانہ کیا۔ڈاکٹر رضوان نصیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2004میں ریسکیو1122کے سفر کے آغاز کا اعزاز چودھری پرویزالٰہی کو حاصل ہے اورآج 18سال بعد پنجاب کے تمام اضلاع میں موٹربائیکس سروس کے افتتاح کا اعزاز بھی وزیراعلیٰ چودھری پر ویزالٰہی کو ملا ہے ۔

بلاشبہ چودھری پرویزالٰہی نے ریسکیو1122سروس کے لئے جو کام کیا ہے وہ تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ ریسکیو1122 ایمرجنسی سروس آج جنوبی ایشیاء کی سب سے بہترین ایمرجنسی سروس میں شمار ہوتی ہے جس پر میں وزیراعلیٰ کو مبارکباد دیتا ہوں ۔انہوںنے کہا کہ ریسکیورز کیلئے رسک الائونس بحال کرنے اور سروس سٹرکچر بنانے پر وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔انسپکٹر جنرل پولیس فیصل شاہکار و دیگر افسران اور شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات