قومی اسمبلی کی 37 نشستوں پر ضمنی انتخابات ملتوی، نوٹی فکیشن جاری

عدالتوں کے فیصلے کی روشنی میں شیڈول کا نوٹی فکیشن واپس لیتے ہوئے تاحکم ثانی یہ ضمنی انتخابات ملتوی کردیئے۔ الیکشن کمیشن کا اعلامیہ

Sajid Ali ساجد علی اتوار 12 مارچ 2023 17:00

قومی اسمبلی کی 37 نشستوں پر ضمنی انتخابات ملتوی، نوٹی فکیشن جاری
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 12 مارچ 2023ء ) قومی اسمبلی کی 37 نشستوں پر ضمنی انتخابات ملتوی کرتے ہوئے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں قومی اسمبلی کے 37 حلقوں میں ضمنی انتخابات ملتوی کردیئے، اس حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ عدالتوں کے فیصلے کی روشنی میں شیڈول کا نوٹی فکیشن واپس لیتے ہوئے تاحکم ثانی یہ ضمنی انتخابات ملتوی کردیئے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ جن حلقوں میں ضمنی انتخابات ملتوی ہوئے ان میں این اے 2 ، این اے 3، این اے 4 سوات، این اے 5، این اے6 ، این اے 7 دیر، این اے 8 مالاکنڈ، این اے 9 بونیر، این اے 16 ایبٹ آباد، این اے 17 ہری پور، این اے 18، این اے 19 صوابی، این اے 20 مردان، این اے 25 و 26 نوشہرہ، این اے 28، این اے 30 پشاور، این اے 32 کوہاٹ، این اے 34 کرک، این اے 38 ڈی آئی خان، این اے 40 باجوڑ، این اے 42 مہمند، این اے 43 اور این اے 44 خیبر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے 3 حلقوں میں ضمنی انتخابات منسوخ کیے، اسی طرح بلوچستان کی قومی اسمبلی کی ایک نشست اور سندھ کے قومی اسمبلی کے 9 حلقوں میں ضمنی انتخابات منسوخ کردیے گئے۔دوسری طرف سندھ ہائیکورٹ نے کراچی میں قومی اسمبلی کے 9 حلقوں پر ضمنی الیکشن روک دئیے، تحریک انصاف کے 9 ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کے خلاف درخواست پر عدالت نے فیصلہ سنایا، قومی اسمبلی کے 9 حلقوں پر ضمنی انتخابات 16 مارچ کو ہونا تھے، کراچی میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے حوالے سے مجموعی طور پر 187 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے تھے جب کہ پی ٹی آئی کراچی کے اراکین قومی اسمبلی نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا، درخواست میں استدعا کی گئی کہ کراچی میں 16 مارچ کو ہونے والے ضمنی الیکشن روکے جائیں۔