انتہائی شدت کا زلزلہ آنے کے باوجود پاکستان زیادہ تباہی سے بچ گیا

زلزلے کی گہرائی 180 کلومیٹر تھی، زیادہ گہرائی ہونے کی وجہ سے پاکستان بڑی تباہی سے محفوظ رہا، 2005 کے زلزلے میں گہرائی صرف 10 کلومیٹر تھی

muhammad ali محمد علی بدھ 22 مارچ 2023 00:53

انتہائی شدت کا زلزلہ آنے کے باوجود پاکستان زیادہ تباہی سے بچ گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 مارچ2023ء) انتہائی شدت کا زلزلہ آنے کے باوجود پاکستان زیادہ تباہی سے بچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ میں بتایا گیا کہ منگل کی شب کو پاکستان میں شدید زلزلہ آنے کے باوجود ملک میں بڑی تباہی ہونے کی کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی۔ بتایا گیا کہ زلزلے کی گہرائی 180 کلومیٹر تھی، زیادہ گہرائی ہونے کی وجہ سے شدید زلزلہ آنے کے باوجود پاکستان بڑی تباہی سے محفوظ رہا۔

2005 کے زلزلے میں گہرائی صرف 10 کلومیٹر تھی، اسی لیے بڑے پیمانے پر تباہی مچی تھی، جبکہ ترکی میں حالیہ زلزلے کے دوران بھی گہرائی صرف 17 کلومیٹر تھی، اسی لیے وہاں زیادہ تباہی ہوئی۔ بتایا گیا کہ زیر زمین زلزلے کی گہرائی کم ہو تو اسی صورت میں زیادہ تباہی ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ شدید زلزلے کے باعث خیبرپختوںخواہ کے مختلف علاقوں میں درجنوں مکانات تباہ ہو گئے۔

گھروں کی دیواریں گرنے، مکانات تباہ ہونے سے ایک خاتون جاں بحق، درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخواہ کے 5 اضلاع سے مکانات تباہ ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ جبکہ زلزلے کے باعث کوہستان میں لینڈ سلائڈنگ بھی ہوئی، جس سے شاہراہ قراقرم بلاک ہو گئی۔ دوسری جانب ملک میں منگل کی شب کو آنے والے شدید زلزلے کے 1 گھنٹے بعد وفاقی دارالحکومت میں دوبارہ زلزلہ محسوس کیا گیا۔

جیو نیوز کے مطابق اسلام آباد میں آفٹر شاکس نے خوف و ہراس پھیلا دیا، تاہم اس زلزلے کی شدت زیادہ نہیں تھی۔ اسلام آباد میں محسوس کیے جانے والے آفٹر شاکس کی شدت ساڑھے 3 سے زائد بتائی گئی ہے۔ جبکہ زلزلے کی وجہ سے اسلام آباد کے سیکٹر ای 11 کی ایک بلند و بالا عمارت میں دراڑیں پڑ جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ دراڑیں پڑنے کی وجہ سے عمارت کے رہائشی کھلے آسمان تلے آ گئے، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے عمارت کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان منگل کی رات کو خوفناک زلزلے سے بری طرح لرز کر رہ گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریباً پورے ہی ملک میں انتہائی زیادہ شدت کا زلزلہ آیا۔ اسلام آباد، پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخواہ، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان میں منگل کی رات زمین بری طرح لرز گئی۔ لاہور، اسلام آباد، مظفر آباد، کوہاٹ، صوابی، کوئٹہ، راولپنڈی، پشاور، سوات، ایبٹ آباد، کوہاٹ، فیصل آباد، ملتان، میانوالی، خانیوال، سرگودھا، چشتیاں، اکردو، چلاس، مردان، باجوڑ، لکی مروت، نارووال سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں شدید زلزلہ آیا۔

خوفناک زلزلے کے باعث خوف و ہراس پھیل گیا، لوگ کلمہ طیبہ کی صدائیں بلند کرتے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ جیو نیوز کے مطابق زلزلہ پیما مرکز نے زلزلے کی شدت 7.7 ، زلزلے کا مرکز افغانستان کا علاقہ بتایا جا رہا ہے۔ جبکہ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق زلزلے کی شدت 6.8 سے 7.7 کے درمیان تھی۔ زلزلے کی گہرائی 180 کلومیٹر بتائی گئی ہے۔ اس حوالے سے بین الاقوامی میڈیا کے مطابق پاکستان کے علاوہ خطے کے دیگر ممالک میں بھی شدید زلزلہ آیا ہے۔ چین، بھارت، ازبکستان، کرغزستان، افغانستان میں بھی زلزلہ آیا۔ تاہم شدید زلزلےکے بعد ملک بھر کے ہسپتالوں کو الرٹ کر دیا گیا، دیگر متعلقہ ادروں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی۔