Live Updates

اے این پی نے عمران خان کی نا اہلی کیلئے عدالت سے رجوع کر لیا

سابق وزیراعظم نے این اے 45 کرم کے ضمنی الیکشن میں اثاثے ظاہر نہیں کیے،اثاثے چھپانا الیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی ہے،پشاور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف

Abdul Jabbar عبدالجبار بدھ 5 اپریل 2023 11:45

اے این پی نے عمران خان کی نا اہلی کیلئے عدالت سے رجوع کر لیا
پشاور (اردوپوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 05 اپریل 2023ء) اے این پی نے عمران خان کی نا اہلی کیلئے عدالت سے رجوع کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی نا اہلی کیلئے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے،درخواست عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما ایمل ولی خان نے دائر کی۔ درخواست میں الیکشن کمیشن،اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین پی ٹی آئی کو فریق بنایا گیا۔

درخواست میں کہا گیا کہ عمران خان نے این اے 45 کرم کے ضمنی الیکشن میں اثاثے ظاہر نہیں کیے،امیدوار کا کاغذات نامزدگی میں تمام اثاثے ظاہر کرنا لازمی ہے۔ سابق وزیراعظم نے اثاثے چھپائے جو الیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی ہے،الیکشن کمیشن عمران خان کا بطور رکن قومی اسمبلی نوٹیفیکشن کالعدم قرار دے۔

(جاری ہے)

اے این پی نے درخواست میں کاغذات نامزدگی میں اثاثے ظاہر نہ کرنے پر عمران خان کو نااہل قرار دینے کی استدعا کی۔

یاد رہے کہ کچھ روز قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی کاغذات نامزدگی میں مبینہ بیٹی ظاہر نہ کرنے پر عمران خان نا اہلی کیس قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیخلاف کاغذات نامزدگی میں مبینہ بیٹی ظاہر نہ کرنے پر نااہلی کیس کی سماعت ہوئی،عدالت نے کیس کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا۔

عدالت نے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن کا اس حوالے سے کیا مؤقف ہے؟ وکیل الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ماضی میں عدم ثبوت پر درخواستیں خارج ہو چکی ہیں۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل پر اظہار برہمی کیا،چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے کہ کیوں نہ الیکشن کمیشن کو اس رویے پر بھاری جرمانہ کیا جائے،قابل سماعت ہوا تو کیس آگے چلے گا نہ ہوا تو کیس ختم ہو جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات