آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ، بازار حصص میں مثبت رجحان

DW ڈی ڈبلیو پیر 3 جولائی 2023 15:20

آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ، بازار حصص میں مثبت رجحان

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 03 جولائی 2023ء) انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کے ساتھ معاہدے کے بعد پاکستان کے مرکزی بازار حصص میں پیر تین جولائی کے روز مثبت رجحان دیکھا گیا۔ نئے کاروباری ہفتے کے آغاز پر کراچی 100 انڈکس میں تقریباً چھ فیصد کی تیزی دیکھی گئی۔ انڈکس میں مجموعی طور پر 2,414 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور وہ 5.57 فیصد اضافے کے ساتھ 43,867 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔

منشی پریم چند کا کفن اور تین ارب ڈالر

آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ: پاکستان کو اب کیا کچھ کرنا ہے؟

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاہدے کا امکان روشن

مقامی ماہرین کا کہنا ہے کہ اسٹاک ایکسچینج میں دیکھی جانے والی اس تیزی کا سبب آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والا اسٹاف لیول معاہدہ ہے۔

(جاری ہے)

شدید مالیاتی بحران کے شکار ملک پاکستان کو گزشتہ جمعے کے دن آئی ایم ایف سے تین بلین ڈالر کی فراہمی کے ایک معاہدے پر دستخط ہو گئے تھے۔

دوسری جانب پاکستانی روپے کی قدر میں کوئی خاص تبدیلی نہیں دیکھی گئی اور ایک امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر 286 رہی۔

کراچی اسٹاک ایکسچینج میں کار ساز کمپنیوں کے حصص میں چھ تا ساڑھے سات فیصد اضافہ ہوا۔ ہونڈا اٹلس کارز (پاکستان) اور پاکستان سوزوکی کے حصص 7.5 فیصد بڑھ کر اپر سرکٹس پر بند ہوئے جبکہ انڈس موٹر کمپنی، جو ملک میں ٹویوٹا کاروں کی مارکیٹنگ کرتی ہے، کے حصص کی قیمتیں چھ فیصد بڑھیں۔

پاکستان سوزوکی موٹر کمپنی سمیت متعدد کار ساز کمپنیوں نے 2023ء میں درآمدی پابندیوں کا حوالہ دیتے ہوئے پلانٹس کی بندش کا اعلان کر دیا تھا۔ آئی ایم ایف کی ڈیل سے یہ امید پیدا ہوئی ہے کہ یہ پابندی ہٹا دی جائے گی۔ اسی سبب بالخصوص آٹو سیکٹر کے حصص کی کارکردگی میں بہتری دکھائی دے رہی ہے۔

وزیر اعظم کی جانب سے پذیرائی

پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے ملکی اسٹاک مارکیٹ میں غیر معمولی اضافے کے ساتھ کاروبار کے آغاز اور نیا ریکارڈ قائم ہونے پر قوم اور کاروباری برادری کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی محنت اور درست پالیسیوں کے نتیجے میں معاشی بحالی کے آثار نمایاں ہونا شروع ہو گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے اور تین ارب ڈالر کے 'اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ‘ کے نتیجے میں سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔

پاکستانی میڈیا سے نشر ہونے والے اپنے اس بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نون کے سابق قائد محمد نواز شریف نے معاشی ترقی، مہنگائی میں کمی اور پاکستان کی تعمیر و ترقی کا سفر جہاں چھوڑا تھا، وہیں سے دوبارہ آغاز ہو رہا ہے۔

اپنی پارٹی کی تعریف میں وزیر اعظم کا کہنا تھا، ''جس طرح 2013ء سے 2018ء کے درمیان پاکستان کو توانائی کے بحران، دہشت گردی اور دیگر مسائل سے نجات دلائی تھی اور ملک کو معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کیا تھا، ہم ایک بار پھر اسی جذبے سے پاکستان کو دوبارہ ترقی کی راہ پر لا رہے ہیں۔‘‘

ع س / م م (روئٹرز)