بلاول بھٹو زرداری کا ایم آر ڈی تحریک میں شہید ہونے والے کارکنوں کو خراج عقیدت

جمہوریت کی بحالی کا مطالبہ کرنے کی پاداش میں ضیا رجیم نے جیالوں پر جو ظلم کے پہاڑ ڈھائے، اس پر انسانیت ہمیشہ شرمندہ رہے گی،چیئرمین پیپلزپارٹی

جمعرات 28 ستمبر 2023 20:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2023ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تحریک برائے بحالی جمہوریت (ایم آر ڈی) کے دوران 29 ستمبر 1983ع میں ضیا کی آمریت کے ہاتھوں بے دردی سے شہید کیئے گئے گاوں پنہل چانڈیو کے 16 کارکنان کو ان کی 40 ویں برسی کے موقعے پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاوس کی جانب سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں کہا کہ ضلع شہید بینظیر آباد کی تحصیل سکرنڈ کے گاوں پنہل چانڈیو میں شہید کیئے گئے 16 کارکنان ٹھارو چانڈیو، رجب علی چانڈیو، علی شیر چانڈیو، غلام مصطفی چانڈیو، پیر بخش چانڈیو، عرس چانڈیو، صدیق چانڈیو، گلاب چانڈیو، ہاشم خاصخیلی، جانب خاصخیلی، میرو خاصخیلی، علی گل خاصخیلی، محمد رمضان خاصخیلی، محبوب علی سولنگی، اللہ رکھیو سولنگی اور حسین بخش منگنھار عظیم جیالے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی بحالی کا مطالبہ کرنے کی پاداش میں ضیا رجیم نے جیالوں پر جو ظلم کے پہاڑ ڈھائے، اس پر انسانیت ہمیشہ شرمندہ رہے گی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل کے بعد، ملک بھر کی عوام نے مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی زیرِ قیادت تحریک میں جس عزم و حوصلے کا مظاہرہ کیا، وہ ہماری قومی تاریخ کا ایک عظیم باب ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت ان کی جماعت کی قیادت اور کارکنان کی طویل جدوجہد و بے بہا قربانیوں کا ثمر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے شہدا اور کارکنان کی قربانیوں کو رائیگان جانے نہیں دیں گے۔ ہم پاکستان میں جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لیے آئین و پارلیمان کی بالادستی اور رواداری و مساوات پر کھڑے معاشرے کے قیام کے لیے جدوجہد کرتے رہیں گے۔