Live Updates

عمران خان کو کسی صورت این آر او نہیں ملے گا

عمران خان کو القادر ٹرسٹ سمیت تمام جرائم کا حساب دینا ہو گا،ن لیگ آئندہ انتخابات میں کسی سے اتحاد نہیں کرے گی۔ رانا تنویر حسین

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 1 نومبر 2023 13:22

عمران خان کو کسی صورت این آر او نہیں ملے گا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین یکم نومبر2023ء) مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ن لیگ باضابطہ طور پر کمپین شروع کر رہی ہے اور بغیر کسی الائنس کے الیکشن میں حصہ لے گی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ نواز شریف کو کبھی بھی 5سال نہیں دیے گئے لیکن پھر بھی انہوں نے ہر بار ملک کو معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔

انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کے چلے کا عمل نہیں لیکن ان کا کہنا ہے کہ مجھے کسی نے کچھ کہا نہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی کے حوالے سے راناتنویرحسین نے کہاکہ انہیں کسی صورت این آر او نہیں ملے گا، عمران خان کو القادر ٹرسٹ سمیت تمام جرائم کا حساب دینا ہو گا۔جب کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال کا پیپلز پارٹی کے الیکشن کے مطالبے پر کہنا ہے کہ وہ جماعتیں جو الیکشن مانگتی تھیں وہ صرف بیان بازی کر رہی ہیں جب کہ ہم نے الیکشن کی تیاری بھی شروع کر دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر الیکشن سے پہلے پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی قریب آتے ہیں تو اس سے ہمیں کوئی پریشانی نہیں۔ پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی اپنے کارکنوں کو یہ کہہ کر خودہی مایوس کر رہے ہیں کہ اگلا وزیراعظم نواز شریف ہے۔قبل ازیں انہوں نے کہا کہ ملک کو معاشی گرداب سے نکالنے کیلئے فوری انتخابات کی ضرورت ہے،اس وقت جو اصلاحات درکار ہیں انہیں کرنے کے لئے ایک نمائندہ اور مستحکم حکومت کی ضرورت ہے،ہم سمجھتے ہیں تمام سیاسی جماعتوں کو ا پنے اپنے منشور کو سامنے رکھتے ہوئے ایک دوسرے کے ساتھ ملک اور جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لئے مکالمہ جاری رکھنا چاہیے،جو لیول پلینگ فیلڈ کی بات کرتے ہیں میرا ان سے سوال ہے کہ 2017 میں تو (ن) لیگ سے لیول پلینگ فیلڈ چھینی گئی تھی،نواز شریف کی واپسی سے تو (ن) لیگ کو لیول پلینگ فیلڈ واپس ہو رہی ہے،آصف علی زرداری اور بلاول بھٹوزرداری کی صورت میں تو پیپلز پارٹی کے پاس لیول پلینگ فیلڈ موجود ہے،احسن اقبال نے کہا کہ نوازشریف کی زیر صدارت پارٹی کا مشاورتی اجلاس ہوا ہے،نواز شریف نے مینار پاکستان پر فقید المثال استقبال کرنے پر عوام کا شکریہ ادا کیا کیونکہ اس سے پہلے کسی کا ایسا استقبال نہیں دیکھا گیا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات