مسلم لیگ (ن ) اپنی کارکردگی کی بنیاد پر انتخابات میں حصہ لے گی،بلدیاتی نظام کو مضبوط بنائیں گے۔احسن اقبال ،رانا ثناء اللہ

ہفتہ 2 دسمبر 2023 19:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2023ء) پاکستان مسلم لیگ( ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن ) اپنی کارکردگی کی بنیاد پر انتخابات میں حصہ لے گی،میرٹ پر امیدواروں کو ٹکٹ دیئے جائیں گے ،بلدیاتی نظام کو مضبوط بنائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو مسلم لیگ (ن ) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کے ہمراہ ماڈل ٹائون میں پارلیمانی بورڈ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ انتخابات میں حصہ لینے کیلئے پارٹی امیدواروں کے انٹرویوز کا سلسلہ جاری ہے ، میرٹ کی بنیاد پر امیدواروں کو ٹکٹ دیئے جائیں گے اور بہترین امیدواروں کو انتخابی میدان میں اتارا جائے گا،مسلم لیگ (ن ) ایسی ٹیم کے ساتھ میدان میں آئے گی جو اسے تاریخی کامیابی دلائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) اپنی کار کردگی کی بنیاد پر انتخابات میں حصہ لے گی ،ہم نے وہ کام بھی کئے جنہیں لوگ ناممکن بولتے تھے،نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ( ن) نے ملک سے لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا، مسلم لیگ (ن )کے دور میں ملک میں اربوں ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری آ ئی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچا،اگر اس وقت ہم چیئرمین پی ٹی آ ئی کیخلاف عدم اعتماد نہ لاتے تو ملک ڈیفالٹ ہو جاتا لیکن ہم نے اپنی سیاست کو قربان کر کے ریاست کو بچا لیا ، پاکستان سے ڈیفالٹ ہونے کا خطرہ ٹل گیا اور ملک دوبارہ اپنے پائوں پر کھڑا ہو گیا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت جو ملک میں شدید مہنگائی ہے اس کی ساری ذمہ داری پی ٹی آ ئی کی نالائقی اور غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے جس نے چار سال تک پاکستان کی معیشت کو تباہ کیا اور اس کیخلاف گھنائونی سازش کی، پی ٹی آئی کے دور میں پاکستان کو چار چاند لگانے والے منصوبے سی پیک کو ختم کر دیا گیا اور آئی ایم ایف کے ساتھ ایسی شرائط پر معاہدے کیا کہ جس کا اثر براہ راست عام آ دمی پر پڑا۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم ملک سے مہنگائی کا خاتمہ چاہتے ہیں تو پاکستان میں ایک مضبوط ، مستحکم اور آزمودہ حکومت کی ضرورت ہے جیسے ہم نے 2013ء سے2018 ء کے درمیان مہنگائی کو ختم کر دیا تھا۔احسن اقبال نے کہا کہ نوجوانوں نے اپنی قیادت محمد نواز شریف کے ساتھ مضبوط وابستگی کا اظہار کیا ہے ،نوجوان ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، مسلم لیگ (ن ) نوجوانوں کو ساتھ لے کر چلے گی۔

ایک سوال کے جواب انہوں نے کہا کہ ملک کے جس حلقے میں مسلم لیگ (ن )کا مخلص کارکن موجود ہے اور الیکشن جیتنے کی صلاحیت رکھتا ہے ہماری ٹکٹ دینے کی سب سے پہلی ترجیح اس کو ہو گی البتہ جس حلقے میں ہمارے پاس ایسا کارکن نہیں ہوگا وہا ںپر مقامی قیادت کے ساتھ مشاورت کے بعد ٹکٹ دیا جا ئے گا۔ مسلم لیگ (ن ) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کیا جائے گا،فیصلہ کیا گیا ہے کہ پارٹی ڈسپلن پر عمل در آمد کیا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دانیال عزیز نے پارٹی کے حوالے سے جو باتیں کی ہیں وہ بالکل بے بنیاد اور من گھڑت ہیں ،اس حوالے سے انہیں شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا ہے، اگر اس طرح کا بیان پارٹی کا کوئی اور رکن دیتا ہے تو پارٹی اس کو بھی پوچھنے کا حق رکھتی ہے ۔ایک اورسوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس وقت اتحادی حکومت کیلئے تمام پارٹیاں اکھٹی ہوئی تھیں، پی ڈی ایم کبھی بھی الیکشن اتحاد نہیں تھا ، اس وقت تمام پارٹیاں ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے اکٹھی ہوئی اور ہم نے ملک کو بچایا ۔