Live Updates

توشہ خانہ فوجداری کیس میں عمران خان کی فیصلہ معطلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد ہائیکورٹ نے فریقین کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کیا‘ الیکشن کمیشن نے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کرنے کی استدعا کر دی

Sajid Ali ساجد علی پیر 11 دسمبر 2023 14:05

توشہ خانہ فوجداری کیس میں عمران خان  کی فیصلہ معطلی کی درخواست پر فیصلہ ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 11 دسمبر 2023ء ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کیس میں سربراہ پی ٹی آئی عمران خان کی فیصلہ معطلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں توشہ خانہ فوجداری کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی فیصلہ معطلی کی درخواست پر سماعت ہوئی، دوران سماعت الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز نے اپنے دلائل میں الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کی درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض عائد کیا، الیکشن کمیشن نے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کرنے کی استدعا کر دی۔

اس پر عمران خان کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے اپنے دلائل میں کہا کہ مجھے تو حیرت ہے الیکشن کمیشن اس حد تک جا سکتا ہے، ان کی انا کی تسکین ہوگی کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی پارٹی کے ہیڈ نہیں رہے، مجھے یاد ہے مشرف کی بھی خواہش تھی نواز شریف، بے نظیر بھٹو پارٹی ہیڈ نہیں ہوں گے، نواز شریف نے جاوید ہاشمی کو صدر اور پی پی پی نے مخدوم امین فہیم کو صدر بنایا تھا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ دوران سماعت توشہ خانہ فوجداری کیس میں دلائل کے دوران عمران خان کے وکیل سردار لطیف کھوسہ اور الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز کے درمیان نوک جھونک ہوئی، وکیل امجد پرویز نے کہا کہ ’میں جواب الجواب دینا چاہتا ہوں‘، جس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ ’تھینک یو آپ کے دلائل ہو گئے‘۔ وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ ’ابھی تو میں نے ان پر اعتراض نہیں کیا، یہ نواز شریف کے بھی وکیل ہیں، بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف الیکشن کمیشن کے بھی وکیل ہیں‘، اس پر امجد پرویز کا کہنا تھا کہ ’میں چوہدری پرویز الٰہی کا بھی وکیل ہوں‘، اس موقع پر چیف جسٹس عامر فاروق نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’تھینک یو! آپ کو کہا ہے بس کر جائیں‘، چیف جسٹس کے کہنے پر سردار لطیف کھوسہ اور امجد پرویز خاموش ہوگئے۔

قبل ازیں اسلام آباد ہائی کورٹ عمران خان کی توشہ خانہ ریفرنس فیصلے کیخلاف اپیل واپس لینے کی درخواست مسترد کرچکی ہے، اس حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ نے چند روز قبل عمران خان کی 21 اکتوبر 2022ء کا الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اپیل واپس لینے کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا، جس میں عدالت نے بانی چئیرمین تحریک انصاف کی درخواست خارج کر دی، اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے محفوظ فیصلہ سنایا۔

بتایا جارہا ہے کہ 13 ستمبر کو عدالت نے فریقین کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا تھا، سابق وزیراعظم عمران خان نے 21 اکتوبر 2022ء کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج کر رکھا تھا، بانی چیئرمین پی ٹی آئی اسلام آباد ہائی کورٹ سے اپیل واپس لے کر لاہور ہائیکورٹ میں کیس چلانا چاہتے ہیں تاہم اب اسلام آباد ہائی کورٹ ہی یہ کیس سنے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات