اب کسی سلیکٹڈ کو الیکٹڈ نہیں بلکہ الیکٹ کرکے ملک حوالے کیا جائے

اس بارانتخابی نتیجہ نوٹ کے ذریعے نہیں ووٹ کے ذریعے آنا چاہیے، آئندہ سال پاکستان بنانے والوں کی اولادیں حکمرانی کریں گی، حق کا سورج طلوع ہوکر پورے سندھ کو روشن کرے گا، کنوینئرایم کیوایم خالد مقبول صدیقی کا خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 29 دسمبر 2023 22:46

اب کسی سلیکٹڈ کو الیکٹڈ نہیں بلکہ الیکٹ کرکے ملک حوالے کیا جائے
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 29 دسمبر 2023ء) ایم کیوایم پاکستان کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ اب کسی سلیکٹڈ کو الیکٹڈ نہیں بلکہ الیکٹ کرکے ملک حوالے کیا جائے، اس بارانتخابی نتیجہ نوٹ کے ذریعے نہیں ووٹ کے ذریعے آنا چاہیے، آئندہ سال پاکستان بنانے والوں کی اولادیں حکمرانی کریں گی۔ خالد مقبول صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورے پاکستان کے حصے کا انقلاب لانے کی ذمہ داری لے رہے ہیں، ہمارے آباؤ اجداد اپنے حصے کا پاکستان اور ان کی آزادی لائے تھے، ہماری جدوجہد ہے کہ پورے پاکستان کو ساتھ لے کر چلیں۔

فیصلہ روڈ پر نہیں اب ووٹ کے ذریعے کرنا ہے، اس بارانتخابی نتیجہ نوٹ کے ذریعے نہیں ووٹ کے ذریعے آنا چاہیے ،آئندہ سال پاکستان بنانے والوں کی اولادیں حکمرانی کریں گی، حق کا سورج طلوع ہونے جارہا ہے جو پورے سندھ کو روشن کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک جماعت کو ٹیکس کی صورت میں ہم نے 22ہزار ارب روپے دیئے ،الیکشن میں ان کا پیساسازش اور ہمارا حوصلہ ہوگا،کراچی کی مائیں بہنیں سڑکوں پر نکل آئیں تو انقلاب آجائے گا، اب کسی سلیکٹڈ کو الیکٹڈ نہ بنایا جائے۔

اب الیکٹڈ کو سلیکٹ کرکے ملک حوالے کیا جائے۔ مزید برآں صدر ن لیگ میاں شہباز شریف کی سربراہی میں مسلم لیگ ن کے نمائندہ وفد نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادرآباد میں ایم کیو ایم کے کنوینیر ڈاکٹر خالد مقبول اور اراکینِ رابطہ کمیٹی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی صورت حال سمیت کراچی کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

ملاقات میں ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینرز نسرین جلیل،سید مصطفی کمال، ڈاکٹر فاروق ستار، ڈپٹی کنوینرز انیس قائم خانی، و دیگر اراکین رابطہ کمیٹی موجود تھے جبکہ ن لیگی وفد میں مریم اورنگزیب، ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق، بشیر میمن، نہال ہاشمی اور کھیل داس کوہستانی شامل تھے۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم شہباز شریف کو اپنے مرکز میں خوش آمدید کہتے ہیں، موجودہ پاکستان کی سیاسی صورتحال میں سیاسی جماعتوں کے درمیان زہنی ہم آہنگی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اب شراکتی اور شمولیتی جمہوریت کی ضرورت ہے، چاہتے ہیں کہ ایم کیو ایم اور ن لیگ کے درمیان یہ رشتہ قائم رہے، یہی بہتر پاکستان کی ضمانت ہے۔ اس موقع پر سابق وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے کہا کہ ہم ایم کیو ایم کے دولت خانے پر حاضر ہوئے ہیں ،ایم کیو ایم کے لئے اپنے قائد میاں نواز شریف کا خیر سگالی کا پیغام لے کر آئے ہیں،ایم کیو ایم سے تعلق دہائیوں پرانا ہے، جب مخلوط حکومت بنی میرے ایم کیو ایم پر اعتماد کو مزید تقویت ملی۔