Live Updates

لیول پلیئنگ فیلڈ ملے یا نہ ملے ہم اپنا بندوبست کرلیتے ہیں، بلاول بھٹو زرداری

ہمارے اور دیگر جماعتوں کے نظریئے میں فرق ہے، عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں، دیگر جماعتیں امیروں کو ریلیف اور عوام کو تکلیف دیتی ہیں۔ ملتان میں میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 13 جنوری 2024 13:41

لیول پلیئنگ فیلڈ ملے یا نہ ملے ہم اپنا بندوبست کرلیتے ہیں، بلاول بھٹو ..
ملتان ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 13 جنوری 2024ء ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ لیول پلیئنگ فیلڈ ملے یا نہ ملے ہم اپنا بندوبست کرلیتے ہیں، 8 فروری کو سرپرائز دیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے اور دیگر جماعتوں کے نظریئے میں فرق ہے، عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں، دیگر جماعتیں امیروں کو ریلیف اور عوام کو تکلیف دیتی ہیں، ایک جیل سے بچنا چاہتا ہے دوسرا جیل سے نکلنا چاہتا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 8 فروری کو سرپرائز دیں گے کیوں کہ ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ ملے یا نہ ملے، ہم اپنا بندوبست کرلیتے ہیں، کوشش ہے پیپلز پارٹی کا وزیر اعظم بنے، پیپلز پارٹی ڈرنے اور جھکنے والی نہیں، ہم مقابلہ کرنے کےلیے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پچھلےالیکشن میں بانی پی ٹی آئی دھاندلی کرنے میں کامیاب ہوئے، بانی پی ٹی آئی عمران خان دھاندلی کروا کرمسلط ہونے کی کوشش کرتے ہیں، اگر حکومت میں ہوتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان ہمارا ساتھ دیتے تو الیکشن اصلاحات مزید بہتر ہوتیں۔

دوسری طرف پاکستان پیپلز پارٹی نے لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقوں کیلئے ٹکٹیں جاری کر دیں، این اے 127 سے بلاول بھٹو زرداری الیکشن لڑیں گے، این اے 117 سے سید آصف ہاشمی، این اے 118 سے شاہد عباس، این اے 119 سے افتخار شاہد،این اے 120 سے منیر احمد، این اے 121 سے افتخار شاہد اور این اے 122 سے چوہدری عاطف کوپارٹی ٹکٹ دیا ہے جب کہ این اے 123 سے محمد ضیا الحق، این اے 125 سے چودھری عبدالغفور خان اور این اے 126 سے امجد علی پیپلزپارٹی کے امیدوار ہوں گے، این اے 128 سے عدیل غلام، این اے 129 سے اورنگزیب برکی جبکہ این اے 130 میں اقبال احمد خان کو ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔

اسی طرح پاکستان پیپلز پارٹی نے ملتان سے قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں کیلئے ٹکٹ جاری کر دیئے ہیں جہاں قومی اسمبلی کے 6 حلقوں میں سے 3 پر ٹکٹ جاری کئے گئے، قومی اسمبلی پر جاری کردہ تینوں ٹکٹ گیلانی خاندان کے نام رہے، این اے 148 کا سید یوسف رضا گیلانی کو ٹکٹ جاری کیا گیا، این اے 151 سے علی موسیٰ گیلانی اور این اے 152 کا عبدالقادر گیلانی کو ٹکٹ جاری کیا گیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات