اقتدار میں آکر ایک طاقتور اور ترقی یافتہ پاکستان بنائیں گے۔بلاول بھٹو زرداری

جمعہ 26 جنوری 2024 21:00

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جنوری2024ء) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرادی نے کہا ہےپاکستان پیپلز پارٹی طاقت کا سر چشمہ عوام کو سمجھتی ہے،عوام الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی کو ووٹ دیں،اقتدار میں آکر ایک طاقتور اور ترقی یافتہ پاکستان بنائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں ملتان میں 2024 ء کے عام انتخاب کے سلسلہ منعقدہ انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا شاندار استقبال پر ملتان سمیت جنوبی پنجاب کی عوام کا مشکور ہوں،جنوبی پنجاب کی عوام نے آج ثابت کر دیا ہے کہ وہ پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں، پورے ملک میں انتخابی جلسے کررہا ہوں،پیپلز پارٹی عوام کی حمایت سے یہ الیکشن جیتے گی ۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اس وقت مشکل حالات سے گزر رہا،ملکی معیشت اور امن و امان کی صورتحال سب کے سامنے ہے،پاکستان پیپلز پارٹی طاقت کا سر چشمہ عوام کو سمجھتی ہے،عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ 2024 ء کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں،عوام کے ووٹوں سے اقتدار میں آئیں گے اور ملکی معیشت کی مضبوطی اور امن و امان کے قیام کیلئے کام کریں گے،ملک سے مہنگائی، بے روز گاری ، غربت اور دہشتگردی کا خاتمہ کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے ہاتھوں سے معاشی معاہدہ مرتب کیا ہے، بے روزگاری ،غربت اور مہنگائی اس قوم کا سب سے بڑا مسئلہ ہے،اقتدار میں آکر بے روزگاری ،غربت اور مہنگائی کا خاتمہ کریں گے، ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریے کے مطابق حکومت بنائیں گے،ہم سرمایہ دار سے ٹیکس لےکر غریب پر لگائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سالانہ تین سو ارب 17 وزارتوں میں بلاوجہ خرچ ہورہا ہے،اقتدار میں آ کر ان وزارتوں کو ختم کرکے یہ پیسہ عوام پر لگائیں گے۔

بلاول بھٹو زرادی نے کہا کہ سالانہ ایک ہزار پانچ سو ارب روپیہ سبسڈی کی مد میں اشرافیہ کو دیا جاتا ہے،اقتدار میں آکر اشرافیہ کی سبسڈیز کو ختم کر کے وہ پیسہ عوام پر خرچ کریں گے ۔بلاول بھٹو زرادی نے پیپلز پارٹی کا منشور پیش کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار میں آ کر تنخواہیں دوگنی کریں گے،عوام کو بجلی کے تین سو یونٹ سولر کے ذریعے مفت فراہم کریں گے،غریب عوام کو تیس لاکھ گھر بنا کردیں گے، ہم اپنی خواتین کو بلا سود قرضے فراہم کریں گے،بے نظیر یوتھ کارڈ کے ذریعے نوجوانوں کو روزگار اور مالی امداد دیں گے،کچی آبادیوں کے رہائشیوں کو مالکانہ حقوق فراہم کریں گے اور انہیں نئے گھر بنا کر دیں گے،بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اضافہ کریں گے،ملک کے کسانوں کی بہتری کیلئے کام کریں گے،بے نظیر کسان کارڈ کے ذریعےغریب کسانوں کی مدد کریں گے،پیپلز پارٹی جو وعدے کرتی ہے وہ پور ے بھی کرتی ہے،اقتدار میں آ کر اپنے وعدوں کو عملی جامہ پہنائیں گے،اس بار میں الیکشن لاہور سے بھی لڑ رہا ہوں،پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب سمیت ملک بھر سے جیت کر اقتدار میں آئے گی۔

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو کا ملتان میں جلسہ عام کیلئے آمد پر شکریہ ادا کرتے ہیں،ملتان بلاول بھٹو کے دل کے بہت قریب ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ملک میں مشکل حالات سے گزر رہا،پیپلز پارٹی اقتدار میں آکر ان مشکلات حل کرے گی۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے عوام کو پہچان اور ووٹ کی طاقت دی،شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اس ملک کو آئین اور ایٹمی طاقت دی ،آج پاکستان یکجا ہے تو دو چیزوں کی وجہ سے ہے، ایک آئین ہےاور دوسرا ایٹمی قوت، ذوالفقار علی بھٹو نے یہ دونوں چیزیں پاکستان کو دیں۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ہم نے شروع کیا، ہم نے گھریلو خواتین کو خود مختار کرنے کی کوشش کی، ہم نے ملتان کو انٹرنیشنل ائیرپورٹ دیا، جنوبی پنجاب سمیت ملک بھر میں پیپلز پارٹی نے بے شمار ترقیاتی کام کروائے،کسانوں اور غربت عوام کی بہتری کیلئے کام کیا۔انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کیڈٹ کالج منظور ہوگیا ہے، ملتان میں سپیشل اکنامک زون بنایا جائے گا،پیپلز پارٹی جب بھی آتی ہے روزگار لے کر آتی ہے،2024 کے انتخابات جیت کر اقتدار میں آ کر ملک سے غربت کا خاتمہ کریں گے اور روز گار فراہم کریں گے۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 150 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار رانا محمود الحسن نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی عوام پیپلز پارٹی کو ووٹ دیں ،جنوبی پنجاب کی محرومیوں کو دور کریں گے، ملتان سمیت جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے کام کرے گے،ملتان میں انڈسٹریل زون بنائیں گے،بلاول بھٹو کیساتھ ملکر اپنا الگ صوبہ بنائیں گے۔اس موقع بلاول بھٹو زرادی کی تاج پوشی کی گئی اور انہوں سرائیکی اجرک بھی پہنائی گئی۔جلسہ میں سابق وفاقی حامد سعید کاظمی،نتاشہ دولتانہ، سید علی موسی گیلانی،سید عبدالقادر گیلانی،سید علی حیدر گیلانی سمیت جنوبی پنجاب سے پاکستان پیپلز پارٹی کے قومی و صوبائی اسمبلی کے ٹکٹ ہولڈرز، عہدیدران اور کارکنان نے شرکت کی۔