چیئرمین مرکزی علما کونسل مولانازاہد محمود قاسمی کا مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان

پیر 5 فروری 2024 17:04

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 فروری2024ء) مرکزی علما کونسل پاکستان کے چیئرمین مولانازاہد محمود قاسمی نے پیرکو مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدرو سابق وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ خان امیدوار قومی اسمبلی حلقہ این اے 100 فیصل آباد کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران8 فروری کے عام انتخابات کے سلسلہ میں مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کردیا۔

اس موقع پرمسلم لیگ(ن) کے ڈویژنل صدر و امیدوارقومی اسمبلی حلقہ این اے103 حاجی محمد اکرم انصاری اور امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 118 محمد رزاق ملک بھی موجودتھے۔چیئرمین مرکزی علماکونسل زاہد محمود قاسمی نے حلقہ این اے 100 میں بھی مسلم لیگ(ن) کے امیدوار رانا ثنااللہ کی حمایت کے اعادہ سمیت امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 116 رانااحمد شہریار کے حلقہ سے بھی سینکڑوں علماکی جانب سے نے انکی تائید و حمایت کا یقین دلایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ این اے 104اور این اے 100 سمیت تمام حلقوں میں علما متحرک ہیں جبکہ انہوں نے پی پی 105 سے مرکزی علما کونسل کے امیدوار عامر اشرف کی(ن) لیگ کی حمایت میں دستبرداری کابھی اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت، تحفظ ختم نبوت و رسالت و تحفظ ناموس صحابہ و اہلبیت کے حوالے سے جو بھی بل آئے اس میں حق کا ساتھ دیں نیز1860کے ایکٹ کے تحت رجسٹرڈ مدارس کو محکمہ تعلیم کے ساتھ منسلک کرنے کا عمل بھی مکمل کیا جائے۔

اس موقع پررانا ثنا اللہ نے میڈیا سے گفتگومیں کہا کہ وہ مرکزی علما کونسل پاکستان کے علماکرام کے مشکور ہیں جنہوں نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کی باضابطہ تائید وحمایت کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس حلقہ سے حاجی اکرم انصاری اور رزاق ملک مسلم لیگ(ن) کے امیدوار ہیں جبکہ اس حلقے کے دیگر رہنما بھی اپنے نمائندوں کے ہمراہ ان کی حمایت کا اعلان کرنے والے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنی اور اپنی جماعت وقائدین کی طرف سے شکریہ ادا کرتے ہیں اوریقین دلاتے ہیں کہ جس مشن پر گامزن ہیں اس کی تکمیل کی جائے گی۔رانا ثنااللہ نے کہا کہ تحفظ ناموس رسالت، تحفظ ختم نبوت ہمارے ایمان کا حصہ ہے جس کیلئے ہم کوشاں رہے ہیں لیکن اگر کبھی کوتاہی ہوتو آپ ہمیں یاد دلائیں،ہم نے کبھی بھی ایسی بات کا برا نہیں منایا بلکہ حمایت کی ہے،الیکشن کیلئے آپ کی بروقت حمایت مسلم لیگ(ن) کیلئے بہت اہمیت کی حامل ہے،تاہم اگر یہ معاملہ ایک ماہ پہلے ہوجاتاتو زیادہ آسانی رہتی اسلئے اب دو روز میں ایک ماہ کا کام کرنا ہے،مجھے امید ہے کہ آپ خوب محنت کریں گے اور گھر گھر پیغام پہنچائیں گے کیونکہ آپ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی نہیں بلکہ پاکستان کی خدمت کر رہے ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت مشکل حالات سے گزر رہا ہے،2013 کے بعد 2018 تک پاکستان ترقی کی راہ پر کھڑا تھا،مزید دو تین سال مل جاتے تو جس کا خواب دیکھا تھا پاکستان اس مقام پر ہوتا،اس وقت ڈالر 107 روپے تھا، پیٹرول 65روپے لیٹر تھااور چینی 50 روپے کلو تھی،عام آدمی بہتر انداز میں گزارا کر رہا تھالیکن اب مہنگائی سب سے بڑا مسئلہ ہے اسلئے اگرمہنگائی پر قابو پا لیا جائے تو پاکستان کو آگے بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ کا قلع قمع ہو چکا ہے،اب نواز شریف نے عوام سے ساتھ مانگا ہے،وہ جانتے ہیں کہ مہنگائی مسئلہ ہے مگر لوڈشیڈنگ اوردہشت گردی سے بڑا مسئلہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ انشااللہ8 فروری کو پاکستان مسلم لیگ(ن) صوبہ پنجاب اور مرکز میں حکومت بنائے گی۔رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ وہ مرکزی علما کونسل پاکستان کے قائدین کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ان پر اعتماد کیا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہم نے نہیں کیا جس نے کیا ہے آپ کو پتہ ہے،معاہدے میں درج ہے کہ تمام سبسڈیز ختم ہونگی اور گورنمنٹ کوئی سبسڈی نہیں دے گی،اگر سبسڈی نہیں دے گی تو گیس،پیٹرول بجلی کی قیمتیں کم کیسے ہونگی۔انہوں نے کہا کہ جون میں آئی ایم ایف کا معاہدہ ختم ہو رہا ہے لہٰذاپیٹرول گیس و بجلی کی قیمتیں کم کرنے کے حوالے سے ہمارے پاس پالیسی ہے،ہم ایک منظم طریقہ کار عوام کے سامنے رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ 9 مئی واقعی قومی سانحہ ہے جب ایک گمراہ ٹولا ریاست پر چڑھ دوڑا،ایسے لوگ معافی کے مستحق نہیں ہو سکتے تاہم اگر کوئی بے گناہ ہے تواسے انصاف ملنا چاہئے لیکن جنہوں نے 9 مئی برپا کیا ان کو قرار واقعی سزا ملنی چاہئے۔علاوہ ازیں زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ وہ کشمیر یوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے اوربھارتی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں،ان کامطالبہ ہے کہ اقوام متحدہ کی منظور کردہ قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دیا جائے۔آخر میں چیئرمین مرکزی علما کونسل پاکستان زاہد محمود قاسمی نے کشمیریوں کی غیبی مدد کیلئے خصوصی دعابھی کی۔