Live Updates

شریف اورزرداری خاندان سمیت ملک کے کئی اہم سیاستدانوں کے خونی رشتے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے مختلف حلقوں سے امیدوار

بدھ 7 فروری 2024 16:31

شریف اورزرداری خاندان سمیت ملک کے کئی اہم سیاستدانوں کے خونی رشتے عام ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 فروری2024ء) شریف اور زرداری خاندان سمیت ملک کے کئی اہم سیاستدانوں کے خونی رشتے (کل ) جمعرات کو ہونے والے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے مختلف حلقوں سے امیدوار ہیں۔ مولانا فضل الرحمن اور ان کے دو فرزند، سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی اور ان کے دو فرزند، سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود کے تین فرزند عام انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف قومی اسمبلی کے حلقہ این اے۔15 مانسہرہ اور این اے۔130 لاہور سے امیداوار ہیں جبکہ ان کی صاحبزادی مریم نواز شریف لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے۔119 سے امیدوار ہیں۔ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف قومی اسمبلی کے حلقہ این اے۔

(جاری ہے)

123 لاہور اور این اے۔132 قصور سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ ان کے فرزند حمزہ شہباز شریف لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے۔

118 سے امیدوار ہیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری قومی اسمبلی کے حلقہ این اے۔207 شہید بے نظیر آباد سے امیدوار ہیں جبکہ ان کے فرزند اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری این اے۔127 لاہور، این اے۔194 لاڑکانہ اور این اے۔196 شہداد کوٹ سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے۔148 ملتان سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ ان کے فرزند سید علی موسیٰ گیلانی این اے۔

151 ملتان اور عبدالقادر گیلانی این اے۔152 ملتان سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن قومی اسمبلی کے دو حلقوں این اے۔44 ڈیرہ اسماعیل خان اور این اے۔265 پشین سے امیدوار ہیں جبکہ ان کے فرزند مولانا اسعد محمود این اے۔43 ٹانک اور ان کے دوسرے فرزند اسجد محمود این اے۔41 لکی مروت سے امیدوار ہیں۔ سابق گورنر پنجاب سید احمد محمود کے فرزند مرتضیٰ محمود این اے۔

169 رحیم یار خان، این اے۔173 رحیم یار خان سے سید مصطفیٰ محمود اور این اے۔174 رحیم یار خان سے عثمان محمود انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ سابق گورنر پنجاب سردار ذوالفقار خان کھوسہ کے فرزند دوست محمد خان کھوسہ این اے۔185 اور 186 جبکہ ان کے فرزند سیف الدین کھوسہ این اے۔184 ڈیرہ غازی خان سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ قصور سے این اے۔134 سے رانا محمد حیات اور این اے۔

135 سے رانا محمد اسحاق انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں جو دونوں سگے بھائی ہیں۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے۔ 150 ملتان سے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے فرزند زین قریشی جبکہ این اے۔151 ملتان سے ان کی صاحبزادی مہر بانو قریشی انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے۔ 94 چنیوٹ سے قیصر احمد شیخ جبکہ این اے۔237 کراچی ایسٹ سے ان کے فرزند ریحان قیصر احمد شیخ انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے۔62 گجرات سے موسیٰ الہٰی اور این اے۔63 سے حسین الہٰی امیدوار ہیں جو چوہدری وجاہت حسین کے فرزند ہیں۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے۔49 اٹک سے میجر (ر) طاہر صادق امیدوار ہیں جبکہ این اے۔50 سے ان کی صاحبزادی ایمان طاہر انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے ۔43 ٹانک اور این اے۔41 لکی مروت سے بالترتیب انور سیف اللہ اور سلیم سیف اللہ خان امیدوار ہیں جو آپس میں سگے بھائی ہیں۔ اس کے علاوہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے کئی امیدواروں کا بھی آپس میں خونی رشتہ ہے۔ \395
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات