بلوچستان میں دھماکے قابل مذمت، لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہیں

بدھ 7 فروری 2024 22:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 فروری2024ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی اور امیدوار این اے 124 محمد جاوید قصوری نے بلوچستان کے دو مختلف اضلاع میں ایک گھنٹہ کے دوران دو دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی زندگیوں کے ساتھ کھیلنے والے کسی بھی قسم کی رعائت کے مستحق نہیں ۔ ان واقعات میں ملوث افراد کو جلد از جلد گرفتا ر کر کے کیفرکردار تک پہنچایا جانا چاہے۔

جماعت اسلامی جان بحق ہونے والوں کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے الیکشن کے سارے عمل کو مکمل تحفظ فراہم کریں۔ دشمنوں کی تمام سازشوں کو ناکام بنانا ہو گا ۔دشمن نہیں چاہتا کہ پاکستان میں امن قائم ہو ۔ دریں انثاء انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی سے نجات کے لئے عوام جماعت اسلامی کے امیدواران کو کامیاب کروائیں ۔

(جاری ہے)

ہم کامیاب ہو کر پاکستان کو پر امن، اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔جماعت اسلامی ملک و قوم کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے ، ہمارے پاس عوام کو درپیش تمام مسائل کا حل موجود ہے ۔ جو جماعت اقتدار کے بغیر ریکارڈ فلاحی کام کر سکتی ہے اس کو اگر اس کوحکومت مل جائے تو عوام خوشحال اور ملک ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہو سکتا ہے۔ ہمارے دامن کرپشن سے پاک ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ 8فروری کا دن ظالم حکمرانوں سے نجات کا دن ہو گا ، پورے ملک میں جماعت اسلامی بھر پور کامیابی حاصل کرے گی۔ 76برسوں سے اس ملک پر جاگیر داروں ، وڈیروں اور سرمایہ کاروں کی حکمرانی ہے ۔ غریب عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ۔پی لله*ڈی ایم کے دور میں مہنگائی میں ریکارڈٖ اضافہ ہوا ہے۔ عوام اب کی بار ان کرپٹ اور دغابازوں کے چکروں میں نہ آئیںاور ووٹ کا استعمال سوچ سمجھ کر کریں یہ قومی فریضہ ہے ۔ محمد جاوید قصوری نے کہاکہ پاکستان آج جس حال میں پہنچ چکا ہے اس میں مسلم لیگ نون اورپیپلز پارٹی کو کلیدی کردار ہے ۔ آئی ایم ایف اور امریکی ایجنٹوں سے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے نجات حاصل کرنا ہوگی۔