جمعیت علمائے اسلام اپنا پارلیمانی کردار ادا کرے گی، ہم اسمبلیاں نہیں چھوڑ رہے، مولانا فضل الرحمان کی پریس کانفرنس

بدھ 14 فروری 2024 19:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2024ء) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام اپنا پارلیمانی کردار ادا کرے گی، ہم پارلیمنٹ میں اپنی پارلیمانی حیثیت سے جائیں گے اور اپنی آواز بلند کریں گے، ہم اسمبلیاں نہیں چھوڑ رہے۔ بدھ کو یہاں جمعیت علمائے اسلام کی مرکزی مجلس عاملہ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم اپنا موقف دے رہے ہیں، میرا بیان مرکزی مجلس عاملہ کا بیان ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم پارلیمنٹ میں اپنی پارلیمانی حیثیت سے جائیں گے، اپنی آواز ہم وہاں پر بیان کریں گے، ہم کسی بھی جماعت کے ساتھ اتحاد میں نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تحفظات ہیں لیکن ہم نے ایسی کوئی بات نہیں کہی کہ ہم اسمبلیاں چھوڑ رہے ہیں، اسمبلیوں اور انتخابی نتائج کے بارے میں ہمارا موقف واضح طور پر آ گیا ہے اس پر کوئی ابہام نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مرکزی مجلس عاملہ نے جمعیت علمائے اسلام کی مرکزی مجلس عمومی کو سفارش کی ہے کہ وہ جمعیت کی پارلیمانی سیاست کے بارے میں فیصلہ کرے، اس سلسلے میں چاروں صوبائی مجالس عمومی کے اجلاس صوبوں کے مرکزی مقامات پر بلائے جائیں گے تاکہ مرکزی مجلس عاملہ کے فیصلوں کے بارے میں صوبوں کو بھی اعتماد میں لیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم 22 فروری کو اسلام آباد میں یہاں کی جنرل کونسل کے ساتھ اجلاس کریں گے، 25 فروری کو بلوچستان میں اپنی صوبائی جنرل کونسل کے ساتھ میٹنگ کریں گے، 27 فروری کو ہم خیبر پختونخوا بشمول فاٹا کے پشاور میں جنرل کونسل سے میٹنگ کریں گے، 3 مارچ کو ہم کراچی میں صوبہ سندھ کی جنرل کونسل کے ساتھ میٹنگ کریں گے اور 5 مارچ کو لاہور میں پنجاب کی جنرل کونسل کے ساتھ میٹنگ کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ ہمارے اختلافات کسی سے کوئی پوشیدہ نہیں لیکن ایوان تو سب کا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام ایک نظریاتی قوت ہے، ملک کے داخلی نظام اور بین الاقوامی مسائل پر کسی مصلحت یا سمجھوتے کا شکار نہیں ہوگی اور وسیع مشاورت کی جائے گی ہم نے افغانستان میں امارت اسلامیہ کے استحکام اور پاکستان افغانستان کے پرامن تعلقات کے حوالے سے کردار ادا کیا ہے، جمعیت علمائے اسلام نے اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف فلسطینیوں کے موقف کی حمایت کی ہے ۔ اس موقع پر سینیٹر عبدالغفور حیدری، اکرم خان درانی اور دیگر بھی موجود تھے۔