Live Updates

تین بار وزیر اعظم رہنے والے نوازشریف کی سیاست کا جس طرح خاتمہ کیا گیا ہے وہ قابل رحم ہے ، طاہر اقبال چوہدری

ٹکٹوں کی تقسیم کے موقع پر مجھے مسلم لیگ (ن )کے ٹکٹ کی آفر کی گئی ،میاں برادران سے ملاقات کرانے کی کوشش کی گئی ،میں نے انکار کردیا، گفتگو

جمعرات 29 فروری 2024 20:40

وہاڑی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 فروری2024ء) امیدوار قومی اسمبلی این اے 158طاہراقبال چوہدری نے کہا ہے کہ تین بار وزیر اعظم رہنے والے نوازشریف کی سیاست کا جس طرح خاتمہ کیا گیا ہے وہ قابل رحم ہے ، ٹکٹوں کی تقسیم کے موقع پر مجھے مسلم لیگ (ن )کے ٹکٹ کی آفر کی گئی ،میاں برادران سے ملاقات کرانے کی کوشش کی گئی ،میں نے انکار کردیا۔

سابق ایم پی اے رائے ظہور کھرل، رانافخرالسلام، چوہدری فخراقبال کے ہمراہ وہاڑی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذوالفقار بھٹو، بینظیر بھٹو اور اب عمران خان نے خفیہ قوتوں کی بات نہ مانی تو ان کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے ،تین بار کے وزیراعظم نواز شریف کو تین بار نکال دیاگیا لیکن اب جس طرح اس کی سیاست کا خاتمہ کیا گیا ہے وہ قابل رحم ہے۔

(جاری ہے)

طاہراقبال چوہدری نے کہاکہ الیکشن 2024 میں شدیدمشکلات کا سامنارہا ،رجیم چینج آپریشن اور ایک سائفر کا بہانہ بناکر عمران خان کی حکومت کا خاتمہ کیا گیا ،عمران خان اور ان کے ایم این ایز ایم پی ایز کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ،ضلع وہاڑی میں بھی کارکنان کو گرفتار کیاگیا لیکن کسی عدالت میں پیش نہ کیاگیا گرفتار کارکنان کو نامعلوم مقامات پر رکھ کر پریس کانفرنس کرائی جاتی اور پی ٹی آئی سے لاتعلقی کا اعلان کرادیاجاتا ۔

انہوں نے کہاکہ ساڑھے آٹھ ماہ تک مجھے خود زیر زمین رہنا پڑا کاغذات نامزدگی کے وقت بھی ہمارے پاور آف اٹارنیز کو اٹھا لیا گیا ،کاغذات نامزدگی کے وقت ایمرجنسی اور مارشل لا کا ماحول بنایا گیا ،امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 234 زاہداقبال چوہدری کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے گئے جس کے بعد انہوں عدلیہ کا دروازہ کھٹکھٹایا لیکن عدالت نے بھی انہیں انصاف نہیں دیا ۔

انہوںنے کہاکہ الیکشن کمپین کے دوران بھی ہراساں کیا جاتا رہا ،ہمارے ورکرز کو جلسہ کرانے پر گرفتار کرلیا گیا سابق چیئرمین بلدیہ شیخ محمد حسین کے گھر کے دروازے توڑے گئے اور انہیں ہراساں کیا گیا اور سابق چیئرمین مارکیٹ کمیٹی حنان خان بدھ کو گرفتار کیا گیا اور انہیں مسلم لیگ ن کے امیدوار کے حق میں جلسہ کرانے پر مجبور کیا گیا تاہم انہوں نے تمام تر تشدد اور دبا کے باوجود پی ٹی آئی کا ساتھ چھوڑنے سے انکار کردیا ۔

انہوںنے کہاکہ 8 فروری الیکشن کے دن انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند کرکے دھاندلی کا آغاز کیاگیا،گنتی کے دوران بھی بدمعاشی ،دھاندلی اور غنڈہ گردی کی گئی تحریک انصاف نے 180 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی تھی تاہم رات کی تاریکی نتائج تبدیل کردیئے گئے ،این اے 158 پر میری کامیابی یقینی تھی لیکن میرے ووٹوں کو کم کرکے مخالف امیدوار کے ووٹوں میں اضافہ کرکے اسے جتوادیاگیا،اکثر پولنگ اسٹیشنز پر میرے ووٹ تہمینہ دولتانہ کی طرف منتقل کردیئے گئے ،پچیس پولنگ اسٹیشنز پر دھاندلی کرکے ووٹوں میں ہیر پھیر کی گئی انصاف کیلئے الیکشن کمیشن کا دروازہ کھٹکھٹارکھا ہے ،پاکستانی عوام نے بلے کا نشان نہ ہونے کے باوجود ایک نظریہ کو ووٹ ڈالے عوام نے امریکی غلامی اور ظلم سے نکلنے کیلئے پی ٹی آئی کو ووٹ ڈالے ۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان کی سلامتی ہر چیز پر مقدم ہے لیکن منڈیٹ چرا کر حکومت بنوائی گئی ہے ملک وقوم کے ساتھ زیادتی کی گئی ہے لیکن ہمیں یقین ہے کہ عمران خان کی 180 سیٹیں واپس آئینگی الیکشن ٹربیونلز بھی بن گئے ہیں ہم انصاف لینے کیلئے الیکشن ٹربیونل میں بھی جائینگے، ٹکٹوں کی تقسیم کے موقع پر مجھے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ کی آفر کی گئی میاں برادران سے ملاقات کرانے کی کوشش کی گئی لیکن میں نے انکار کردیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات