Live Updates

پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن بنچوں سے مبینہ نازیبا اشاروں پر وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے شدید احتجاج کرتے ہوئے دیگر لیگی خواتین کے ہمراہ ایوان سے واک آئوٹ کردیا

پیر 25 مارچ 2024 23:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مارچ2024ء) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن بنچوں سے مبینہ نازیبا اشاروں پر وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے شدید احتجاج کرتے ہوئے دیگر لیگی خواتین کے ہمراہ ایوان سے واک آئوٹ کردیا ،ڈپٹی سپیکر نے سخت ایکشن لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دیدیاجس کے بعد وزیر اطلاعات عظمی بخاری سمیت دیگر خواتین ایوان میں واپس آگئیں ،اجلاس کے دوران اپوزیشن کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کو رہا کرو کے بینرز بھی لہرا ئے گئے ،مسلم لیگ (ن) کی مخصوص نشستوں پر مزید دو خواتین نے اسمبلی رکنیت کا حلف اٹھالیا۔

پنجاب اسمبلی کااجلاس گزشتہ روز بھی مقررہ وقت کی بجائے 2گھنٹے 17منٹ کی تاخیر سے ڈپٹی سپیکر ظہیر اقبال چنڑ کی صدارت میں شروع ہوا۔اجلاس کے آغاز پرڈپٹی سپیکر نے مسلم لیگ (ن)سے تعلق رکھنے والی دو خواتین کنول نعمان اور صائمہ زاہد نے اسمبلی رکنیت کا حلف لیا۔

(جاری ہے)

پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں گزشتہ روز بھی بجٹ 2023-24 پر بحث کا سلسلہ جاری رہا ۔ سنی اتحاد کونسل کے پارلیمانی لیڈر رانا آفتاب احمد خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا فئیر ٹرائل نہیں ہو رہا، اپنے ضمیر کاقیدی حافظ فرحت عباس جبر و تشدد کے بعد ایوان میں آیا ہے، ایک لاکھ باون ہزار کیسز اب بھی حل طلب ہیں، روزانہ دو سو افراد لوٹے جاتے ہیں اور دوسو گاڑیاں چوری ہوتی ہیں لیکن پولیس کو صرف نو مئی واقعہ میں بے گناہ کو گرفتار کرنے کیلئے رکھا ہے،یہ ملک پولیس اسٹیٹ بن گیا ہے ،ایوان میں کوئی ہاتھ کھڑا کردے کہ کس ممبر کا بچہ سرکاری سکولوں میں پڑھتا ہے، نظام ٹھیک کرنے سے تعلیم کا معیار بہتر ہوگا ،سرکاری ہسپتالوں میں آپریشن کے لئے لمبی لمبی تاریخیں دی جارہی ہیں،پرائیویٹ ہسپتال قتل گاہ بنے ہوئے ہیں ،سرکاری ہسپتالوں میں ادویات نہیں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ حکومت نے تنخواہ نہ لینے کا تو اعلان کردیا لیکن جو مراعات لے رہے ہیں اس کا بھی خیال کریں، بجٹ جو پاس کرنا ہے وہ تو پاس ہو چکا ہے کیا ہم سے صرف مہر لگانی ہے۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں ایک نوجوان بسنت سے ذبح ہوگیا۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں ہے ،حلف دیتا ہوں سب متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی والے غریبوں کا چالان کررہے ہیں۔

اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر قانون کوایوان میں ہونا چاہیے ،پولیس کے حوالے سے شکایات کو نوٹ کریں،گجرات میں ایک رکن اسمبلی کے گھراور ڈیرے پرچھاپہ مارا گیا،وزیر قانون کو ایوان میں بٹھائیں ،پولیس سے بارہ کروڑ عوام بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔ اپوزیشن رکن چوہدری معین الدین نے اپنے خطاب میں کہا کہ رانا ثنااللہ نے بانی پی ٹی آئی کو براہ راست دھمکی دی ہے،رانا ثنااللہ کی دھمکی کو نظر انداز نہیں کر سکتے،ہم اس بات کو نظر انداز نہیں کر سکتے کیونکہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ وزیر آباد میں بھی حادثہ ہو چکا ہے،پرویز الٰہی کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے وہ افسوسناک ہے۔

شاہ محمود قریشی ، یاسمین راشد ،محمود الرشید ، عمر سرفراز سب حق کی خاطر جیل میں ہیں۔ اپنی تقریر کے دوران چوہدری معین الدین نے سپیکر چیئر کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جس پر ڈپٹی سپیکر ظہیر اقبال چنڑ نے کہا کہ اس کرسی پر جو پہلے بیٹھے تھے انہوں نے بھی اس کرسی کی تذلیل کی جسے دنیا جانتی ہے۔اجلاس کے دوران اپوزیشن کی جانب سے مبینہ نازیبا اشاروں پروزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری اپنی نشست سے کھڑی ہو گئیں اور شدید احتجاج کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ایوان میں گلی محلوں کے غنڈوں کی طرح بات کررہے ہیں۔ عظمیٰ بخاری نے مبینہ نازیبا اشاروں پر احتجاجاً ایوان کی کارروائی سے واک آئوٹ کیا جس پر دیگر لیگی خواتین اراکین بھی ان کے ہمراہ ایوان سے باہر چلی گئیں۔ڈپٹی سپیکر نے اپوزیشن بنچوں کی جانب سے تنبیہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ اگر اپوزیشن بنچوں کی جانب سے کوئی بھی اشارہ کرتے پایا گیا تو اس کے خلاف سخت الیکشن لیاجائے گا،اس موقع پرڈپٹی سپیکر نے اپوزیشن کی جانب سے نازیبا اشارہ کرنے پر انکوائری کا آرڈر دیدیا اورصوبائی وزیر عظمی بخاری کو مناکر ایوان میں لانے ہدایت کی گئی ۔

چوہدری امجد علی جاویدنے بجٹ پر اپنے خطاب میں کہا کہ جو اپوزیشن بنچوں پر بیٹھے ہیں وہ خود چور دروازے سے آئے ،دو ہزار اٹھارہ کے بینی فشری منہ اٹھا کر بات کر دیتے ہیں،بجٹ میں ستاون ارب روپے تعلیم کیلئے رکھا گیا ہے، دانش سکول کے علاوہ موجودہ سکولوں کا معیار بھی بہتر کیاجائے،لیپ ٹاپ سکیم کیلئے پیسے رکھے گئے ہیں لیکن بچہ پڑھے گا نہیں تو لیپ ٹاپ کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا، نجی یونیورسٹیوں میں فیسیں کم کی جائیں تاکہ بچہ تعلیم حاصل کر سکے۔

جنید افضل ساہی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب وزیر اعلی کی تقریر سنی تو سمجھا شاید مسائل حل ہوجائیں گے یا خدمت کیلئے کچھ ہوگا، جب بجٹ کتابیں لے کر گھر گیا اے ڈی پی پڑھی تو شرمندہ ہوا ،پنجاب کی تقدیر اور (ن) لیگ کی تقریر نہیں بدلی،پنجاب میں زراعت پر بات کی جاتی ہے کہ یہ ریڑھ کی ہڈی ہے، زراعت کے ساتھ حکومت کیا کررہی ہے ، پنجاب کی عوام سے دھوکہ کیا اور حقوق پر ڈاکہ ڈالاگیا، جس قیمت پر گندم کا بیج کھاد بجلی ڈیزل لیا اب پچھلے سال سے بھی 100روپے کم گندم کی قیمت مل رہی ہے ،اگر کسان و زمیندار کو اس کی فصل کے پیسے نہیں ملیں گے تو آئندہ نسلیں کیسے زندہ رہیں گی۔

رکن اسمبلی علی امتیاز وڑائچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ بنگلہ دیش چالیس بلین کی ٹیکسٹائل ایکسپورٹ کر رہا ہے جبکہ پاکستان کی ایکسپورٹ پچیس بلین سے بھی کم ہے،تمام سیاسی جماعتوں میں بحث شروع ہو کہ سیاسی جماعتیں یک نکاتی ایجنڈا پر اکٹھی ہوں ،سب عوامی مینڈیٹ کاحترام کرنا چاہیے ،ملک دنیا میں مذاق بن گیا ہے ۔حکومتی رکن راحیلہ خادم حسین نے ایوان میں اپنے خطاب میں کہا کہ افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ جب انڈر ٹرینی پارلیمنٹ میں آئیں گے توکیا سیکھیں گے، جو رویہ اپوزیشن نے اپنایا وہ افسوسناک ہے ،سینئر پارلیمنٹرینزسے سیکھیں، ترقی کا راستہ پانچ سال پہلے رکا تھا وہ اب دوبارہ شروع ہوگیا ہے، پارلیمنٹ میں ممبران کی تضحیک کی گئی ،صرف کہانی عثمان بزدار کی نہیں کہ بارہ کروڑ عوام پر مسلط کیا گیا،آپ اپنے چار سالوں پر نظر ڈالیں ، اس حکومت نے پچیس منصوبوں کااعلان کیا جو کامیابی سے شروع ہو گئے ہیں ، پی ٹی آئی والے چار سالوں میں بیس منصوبوں کا ہی بتا دیں جو شروع کئے ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مقابلہ ان کے پانچ سال سے نہیں اپنے ہی ترقیاتی منصوبوں سے ہے، چھ ماہ بعد پنجاب کی وہ شکل نظر نہیں آئے گی جو یہ پانچ سال کرکے گئے تھے۔ رکن اسمبلی ملک محمد اسماعیل نے اپنے خطاب میں کہا کہ بسنت کے سیزن میں فیصل آباد میں ایک ایسا سانحہ ہواجسے دیکھ کر پورا ملک ہل گیا ہے،پتنگ سے یہ پہلی ہلاکت نہیں بہت سے لوگ ہلاک ہوئے ہیں،فیصل آباد میں ڈور پھرنے کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے ،پتنگ اڑانے والوں کو پکڑ لیا گیا ،ڈور بنانے والی فیکٹریوں کو کسی نے بند نہیں کیا،کیمیکل ڈوریں بنانے والوں کو کوئی نہیں پکڑتا کیونکہ اگر پکڑ لیا تو پولیس کی دھاڑیاں بند ہو جائیں گی،پتنگ سازوں کے خلاف ایسی قانون سازی کریں کہ آئندہ کوئی پتنگ اور ڈور کی نذر نہ ہو۔

رکن اسمبلی تایاب راشد سندھو نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب کوئی مریض ہسپتال میں داخل ہوتا ہے تو ڈاکٹرز لاہور کا راستہ دکھانے کیلئے بیٹھے ہیں، لواحقین لاہور لے جانے کی جسارت کرتے تو ایک بھی ایمبولینس میسر نہیں ہے، ڈی ایچ کیوز میں نہ ادویات ہیں نہ کوئی سہولیات ہیں ،راشن میں کرپشن کی بھرمار ہے ،کاش صوبہ کو خودداری دینے کی بات کی جاتی ،سکلڈ ڈویلپمنٹ پروگرام یا بلاسود پروگرام دئیے جاتے،ایک سو پینسٹھ ارب روپے پولیس کے لئے مختص کیاگیا ۔

پیپلزپارٹی کی رکن اسمبلی شازیہ عابد نے چیئر سے اجازت لے کر سرائیکی زبان میںگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے علاقے میں یونیورسٹی کا وعدہ پایہ تکمیل نہیں پہنچ سکا ،راجن پور کو یونیورسٹی دی جائے، راجن پور کے ہسپتالوں ڈاکٹرز اورادویات موجود ہی نہیں، صرف کھانسی اورنزلے کی دوائی ملتی ہے ،مریضوں کو ڈی جی خان یا ملتان بھجوایا جاتا ہے،راجن پور میں سپیشلائزڈ ڈاکٹرز کی اشد ضرورت ہے ،وہاں میڈیکل یونیورسٹی کابھی اعلان کیاجائے، جب مریم نواز نے لاہور میں کینسر ہسپتال کااعلان کیا تو خوشی ہوئی لیکن ایسے ہسپتالوں کی ضرور ت تو راجن پور میں بھی ہے۔

بحث میں حصہ لیتے ہوئے حکومتی رکن ثانیہ عاشق ،نادیہ کھر اورارشد ملک نے بجٹ کو متوازن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن نے اپنے گزشتہ چار سال کے حوالے سے جھوٹ بولا ہے ،وزیر اعلی پنجاب شہباز سپیڈ کو عوامی خدمت کے لئے آگے لے کر چل رہی ہے۔رکن اسمبلی ارشد ملک ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ چیلنج کرتا ہوں فارم 45والا ہوں ،ہزاروں کی لیڈ سے جیتا ہوں،اللہ آپ کو ہدایت دے آپ پوری آیت پڑھا کریں تاکہ ہدایت مل جائے، نگہبان رمضان پیکج تاریخی پیکج ہے تھوڑے عرصہ میں عوام کی دہلیز پر رمضان پیکج دیا، چار سال ان کی حکومت رہی تو تعلیم سے بے بہرہ لوگوں نے میرے حلقے کے سکول بند کر دئیے ، انہیں تو جھوٹ بولنابھی نہیں آتا ،اپوزیشن والے اونچا تو بولتے لیکن بولتے تو جھوٹ ہیں،انصاف کارڈ تو فراڈ کارڈ تھا ہسپتالوں میں مفت ادویات اب شروع ہوئی ہیں، دانش سکول اچھا اقدام ہے ساہیوال میں دانش سکول بنایا جائے، ساہیوال میں کارڈیالوجی سنٹر بنایا جائے، ساہیوال میں سستا بیج ،سستی کھادیں، ساہیوال انڈسٹریل زون بنایا جائے، نہری نظام خستہ حال ہے چار سال نہری نظام کا ستیاناس ہوگیا ہے۔

بجٹ بحث میں حافظ فرحت نے بھی حصہ لیا ۔ شہباز کھوکھر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پیدل چلنے والوں کیلئے فٹ پاتھ نہیں ہے ، کوئی ایسی سڑک نہ بنائیں جہاں فٹ پاتھ نہ ہوں،ٹائون شپ میں سیوریج نظام برباد ہو چکا ہے،گرین ایریا پر بڑی کالونیوں سے بہت نقصان ہو رہا ہے، پورے پنجاب میں ایک کنال سے بڑا گھر نہیں ہونا چاہیے ۔رکن اسمبلی عدنان ڈوگر، فرزانہ عباس سمیت دیگر نے بجٹ بحث میں حصہ لیا ۔ ایجنڈا مکمل ہونے پر ڈپٹی سپیکر نے اجلاس آج صبح دس بجے تک ملتوی کردیا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات