قومی مفاہمتی پالیسی پوری قوم کے اتحاد و اتفاق اور اجتماعی ترقی کا راز ہے، چوہدری لطیف اکبر

جمعہ 19 اپریل 2024 17:51

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے سپیکر چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ قومی مفاہمتی پالیسی کا آغاز جو صدر مملکت آصف علی زرداری نے کیا تھا آج وہ کسی ایک پارٹی کی نہیں پوری قوم کے اتحاد و اتفاق اور اجتماعی ترقی کا راز ہے۔وہ گزشتہ روز صدر پاکستان کا مشترکہ اجلاس سے خطاب سننے کے بعد وہ یہاں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا صدر پاکستان آصف علی زرداری نے جلتے شعلوں میں پاکستان کھپے (زندہ آباد) کا نعرہ بلند کر ملک دشمنوں کے بھیانک عزائم خاک میں ملا دیئے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے چاروں صوبوں میں شاندار عوامی رابطہ مہم کے ذریعے’ چاروں صوبوں کی زنجیر بے نظیر ،بے نظیر ‘کے دانشمندانہ فلسفے کو پروان چڑھایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے دہشتگردی، انتہا پسندی، لا قانونیت اور فرقہ واریت کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے جان آفریں اللہ کے سپرد کر دی لیکن ملک و ملت پر کوئی آنچ نہیں آنے دی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جہد مسلسل اور قربانیوں کا کسی پارٹی سے موازنہ کرنا سب سے بڑی نا انصافی ہے،آصف علی زرداری نے آغاز حقوق بلوچستان کی بنیاد رکھی تھی جو منطقی انجام تک نہ پہنچائی جا سکی۔ چوہدری لطیف اکبر نے مزید کہا کہ بھٹو خاندان نے اپنی چار نسلوں کو پاکستان پر قربان کیا، آمریت کے خلاف طویل ترین جدوجہد کی۔ پیپلز پارٹی ڈیڑھ کروڑ کشمیریوں کے بنیادی حق حق خودارادیت کی ضمانت بھی ہے اور محافظ بھی انہوں نے افواج پاکستان اور قومی سلامتی کے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف پیش کی گئی جانی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا وہ ہمارے قومی ہیرو اور رول ماڈل ہیں۔

چوہدری لطیف اکبر نے کہا صدر پاکستان آصف علی زرداری کے خطاب کے دورس نتائج سے پوری قوم کو ثمرات حاصل ہوں گے ۔وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی سربراہی میں قائم جمہوری حکومت عوام کی فلاح و بہبود تحریک آزادی کشمیر کیلئے بھرپور کردار ادا کرنے میں حائل رکاوٹیں دور کر دے گی۔