پاکستان سیاسی ماحول میں تلخیوں،عدم برداشت اور بدامنی کا متحمل نہیں ہوسکتا،عامر عبدالغفار لون

پاکستان پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت کی لازوال قربانیوں سے آج پاکستان اور آزاد کشمیر میں جمہوریت،آئین اور انسانی حقوق کا بول بالا ہے

جمعرات 25 اپریل 2024 15:54

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2024ء) آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے وزیر ماحولیات عامر عبدالغفار لون نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت کی لازوال قربانیوں سے آج پاکستان اور آزاد کشمیر میں جمہوریت،آئین اور انسانی حقوق کا بول بالا ہے۔صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری مرد حر اور ایک زیرک سیاستدان ہیں جنھوں نے سابق وزیراعظم پاکستان محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت پر پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر ملک کو بدامنی سے نکالا تھا۔

پاکستان سیاسی ماحول میں تلخیوں،عدم برداشت اور بدامنی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔جس کے لئے پاکستان میں ساری سیاسی جماعتوں میں اتحاد واتفاق پیدا کرنا ہوگا۔پاکستان اور آزاد کشمیر میں مخلوط حکومت کے قیام سے ساری سیاسی جماعتوں میں اتفاق و اتحادہے جس کے باعث اس وقت ملک میں کوئی سیاسی افراتفری نہیں ہے۔

(جاری ہے)

سیاسی استحکام کے بغیر ملک و قوم ترقی نہیں کر سکتے۔

پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین سیاسی استحکام کو مذید مستحکم بنانے میں اپنا کر دار ادا کریں تاکہ وطن عزیز کو جن بیرونی چیلنجز کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے اس سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکے۔بھارت اور اسرائیل کی کوشش ہے کہ وہ امت مسلمہ کے اتحاد و اتفاق میں رخنہ ڈالے اور وہ اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کر سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انھوں نے کہا کہ بھارت تیزی سے زوال پذیر ہو رہا ہے۔پاکستان میں جمہوریت کے استحکام سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں تیزی آتی ہے۔عالمی برادری میں یہ احساس قائم ہو چکا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت،آئین اور انسانی حقوق پیپلز پارٹی کی پہچان ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عام آدمی کے حقوق کے تحفظ اور اس کے معیار زندگی کو بلند کر نے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔