Live Updates

پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم پاکستان کو ماضی میں جناح پور کے نقشے بنوا کر سندھ کی تقسیم کی سازش کا ذمہ دار قراردے دیا

نثار کھورڑو کا مسلم لیگ ن سے گورنر سندھ کی تعیناتی کے متعلق ایم کیو ایم پاکستان سے کئے گئے اندرونی معاہدے اور اپنی پالیسی کو منظر عام پر لانے کا مطالبہ

منگل 2 جولائی 2024 23:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2024ء) پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم پاکستان کو ماضی میں جناح پور کے نقشے بنوا کر سندھ کی تقسیم کی سازش کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے مسلم لیگ ن سے گورنر سندھ کی تعیناتی کے متعلق ایم کیو ایم پاکستان سے کئے گئے اندرونی معاہدے اور اپنی پالیسی کو منظر عام پر لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ مطالبہ پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے ایم کیو ایم پاکستان کی پریس کانفرنس کے رد عمل میں کیا ہے۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو پر تقسیم کا الزام لگانے والی ایم کیو ایم پاکستان سندھ کی تقسیم کی ایجنڈا پر کام کر رہی ہے کیونکہ پوری دنیا جانتی ہے کہ جناح پور کے نقشے ماضی کی ایم کیو ایم سے برآمد ہوئے جو ایم کیو ایم پاکستان ماضی کی ایم کیو ایم لندن کا تسلسل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ ایم کیو ایم پاکستان ہی ہے جس نے کراچی میں دیہی سندھ والوں کا شہری سندھ پر قبضہ نامنظور کے پینافلیکس لگوائے جس سے دیہی اور شہری سندھ کی تفریق اور تقسیم کی نیت ظاہر ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کا الگ سیکریٹریٹ بنانے کا مطالبہ سندھ کی تقسیم اور تفریق پیدا کرنے کا مطالبہ ہے جس کو رد کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوٹا سسٹم کے خاتمے کی باتیں کرنے والی ایم کیو ایم پاکستان نے ماضی میں پرویز مشرف ،عمران خان اور ن لیگ کی حکومتوں میں کوٹا سسٹم کی حمایت کی اور کوٹا سسٹم کو ختم کرنے کی کبھی مخالفت نہیں کی تھی کیونکہ ماضی میں جب آفتاب شیخ قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر تھے تو انہوں نے ایم کیو ایم کی طرف سے کوٹا سسٹم کی حمایت میں ووٹ دیا تھا۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان اب مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت میں شامل ہے تو اب بھی انہوں نے مسلم لیگ (ن) سے کوٹا سسٹم کے خاتمے کے متعلق کوئی معاہدہ نہیں کیا ہے تو اب کوٹا سسٹم پر اتنا شور کیوں ہی اور ایم کیو ایم پاکستان جس جس حکومت میں شامل رہی ہے ان حکومتوں میں کوٹا سسٹم پر کیوں خاموش رہی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں ملازمتیں سندھ ڈومیسائل پر اردو بولنے والوں سمیت سندھ میں رہنے والے سندھ کے تمام باسیوں کا حق ہے۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ اب آمر پرویز مشرف اور ضیاالحق کا دور نہیں جب ایم کیو ایم نے لسانیت ، تفریق کی سیاست کو پروان چڑھایا۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی بنیاد ہی نفرت اور تقسیم کی سیاست پر مبنی ہے جس وجہ سے آج بھی وہ تفریق اور نفرت کی سیاست پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سندھ ہے کسی کی جاگیر نہیں اس لئے سندھ میں رہنے والوں کے درمیان دیہی اور شہری کی تفریق پیدا کرنا اور سندھ والوں پر بھبکی کسنا بند کریں۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مسلم لیگ( ن) سے مطالبہ ہے کہ وہ گورنر سندھ کی تعیناتی کے متعلق ایم کیو ایم پاکستان سے کئے گئے اندرونی معاہدے اور اپنی پالیسی کو منظر عام پر لائیں کیونکہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا معاہدہ تھا کہ گورنر سندھ ن لیگ یا پیپلز پارٹی کا ہوگا اگر مسلم لیگ (ن) سندھ میں اپنا گورنر نہیں رکھتی تو پھر ایم کیو ایم پاکستان کو گورنرشپ کس معاہدے پر دی گئی ہے وہ معاہدہ منظر عام پر لایا جائے۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان اب الطاف حسین کے لئے تڑپ رہی ہے اس لئے شور مچایا جا رہا ہے۔تاہم اردو بولنے والے ہمارے بھائی ہیں اور یہ پیپلز پارٹی ہی ہے جس کے حکیم سعید،جمیل الدین عالی،کمال اظفر کو بھی امیدوار رہ چکے ہیں اس لئے ایم کیو ایم پاکستان سندھ میں رہنے والوں کے درمیان تفریق اور نفرت پیدا کرنا چھوڑ دے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات