خود کو انقلابی قرار دینے اور تبدیلی کا نعرہ لگانے والے اقتدار میں آنے کیلئے کندھے تلاش کررہے ہیں،فرح نازاکبر

پی ٹی آئی قیادت کو سہارا نہیں مل رہا عوام اسکی نااہل قیادت سے نالاں ہیں،لیگی رہنماو وفاقی پارلیمانی سیکرٹری تعلیم

جمعرات 19 ستمبر 2024 20:20

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2024ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) اسلام آباد شعبہ خواتین اسلام آباد کی صدر ورکن قومی اسمبلی ووفاقی پارلیمانی سیکرٹری تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ وقومی ورثہ فرح ناز اکبر نے کہاہے کہ خود کو انقلابی قرار دینے اور تبدیلی کا نعرہ لگانے والے اقتدار میں آنے کیلئے کندھے تلاش کررہے ہیں، پی ٹی آئی کو اقتدار میں لانے اور اس کی حکومت کوساڑھے تین سال تک بچائے رکھنے والے کرداروں کے بے نقاب ہونے کے بعد اب اس جماعت کو کوئی سہارا نہیں مل رہا، باقی پی ٹی آئی اور اس کے حواری برسراقتداد آنے کے خواب دیکھنا چھوڑ دیں کیونکہ یہ شرمندہ تعبیر ہونے والا نہیں،پی ٹی آئی کی قیادت ایک طرف پارسائی کاڈھونگ رچا رہی ہے تو دوسری طرف اپنے کرپشن کیسز ختم کروانے کیلئے این آر او مانگ رہی ہے مگر قوم اس کرپٹ ٹولے کا کڑا محاسبہ چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ملک کو سیاسی عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازشیں کرنے والوں کی قومی سیاست میں اب کوئی جگہ نہیں ہے، پاکستان کو دیوالیہ کرنے کی کوششیں کرنے والے اب معافیاں مانگنے پر آ گئے ہیں ان کی مفاد پرستی کی سیاست ملکی ترقی کیلئے زہرقاتل ہے، پی ٹی آئی کے پاس جھوٹ،پروپیگنڈے اور الزام تراشیوں کے سوا کچھ نہیں ، اس پارٹی کی قیادت ہرروز نت نئے جھوٹ پرمبنی بیانیہ بنا کر نوجوانوں کو ورغلانے کی کوششیں کررہی ہے۔

مسلم لیگی رہنما فرح ناز اکبر نے مزید کہاکہ جعلی ریاست مدینہ کے دعویداروں نے جوبویا وہی کاٹ رہے ہیں،پی ٹی آئی کا پورا بیانیہ دوسروں کے خلاف الزام تراشی پرمبنی ہے اور خود ان کا بال بال کرپشن میں ڈوبا ہواہے،190ملین پائونڈ،توشہ خانہ ،پشاور میٹرو اور سونامی ٹری سمیت کرپشن کی متعدد داستانیں زبان زد عام ہیں،اس وقت تو خیبرپختونخوا میں وزیر خود وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اور دوسرے وزراء ایک دوسرے پر کرپشن کے الزامات لگا رہے ہیں۔حکو مت کوکوئی خطرہ نہیں، یہ اسمبلی اپنی مدت پوری کرے گی،حکومتی اتحاد میںشامل سبھی جماعتیں جمہوریت کا تسلسل اور ملکی معاشی ترقی و عوامی خوشحالی کی خواہاں ہیں۔