رینجرزاورکراچی پولیس کی مشترکہ کارروائی،لیاری گینگ وار سلیم چاکلیٹی گروپ کاا نتہائی مطلوب ملزم گرفتار، اسلحہ و ایمو نیشن بر آمد

منگل 19 نومبر 2024 21:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2024ء) پاکستان رینجرز(سندھ)اورپولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے پاک کالونی سے ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان، منشیات فروشی،بھتہ و صولی، متعدد پولیس مقابلوں اور گاڑیاں چھیننے اور چوری کرنے میں ملوث لیاری گینگ وار سلیم چاکلیٹی گروپ کاانتہائی مطلوب ملزم آصف عرف آصف دبئی کو گرفتار کر کے اسلحہ و ایمو نیشن بر آمد کر لیاہے۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ملزم 2011میں لیاری گینگسٹر امجد عرف چپو کے کہنے پر لیاری گینگ وار کمانڈر سلیم چاکلیٹی کے گروپ میں شامل ہوا۔ملزم لیاری گینگ وار کے دیگر ساتھیوں راشد عرف کانا، سلیم چاکلیٹی، بلال، برکت عرف بھرا، امجد عرف چپو، زاہد بی ایل اے انور عرف ہڈی اور مخدوم عرف ڈان کے ساتھ مل کر کراچی کے علاقے لیاقت آباد، حاجی مرید گوٹھ اور پر انا گولیمار کے علاقوں میں دس سے زائد افراد کے قتل و اقدام قتل، منشیات فروشی، بھتہ وصولی، مخالف گروپوں کے ساتھ لڑائیوں، پولیس مقابلوں اور گاڑی چھیننے کی متعدد کا روائیوں میں ملوث رہا ہے۔

(جاری ہے)

ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم 2014 میں کراچی آپریشن شروع ہونے کے بعد گرفتاری سے بچنے کے لئے بیرون ملک (دبئی) فرار ہوا اور وہاں سے ایران میں روپوش رہا، کچھ عرصہ قبل ملزم واپس آکرمنشیات فروشی کا کام کر تا رہا۔لیاری گینگ وار کا نیٹ ورک دوبارہ بحال کرنے کے لئے سرگرم تھا۔ملزم اس سے قبل 2014میں گاڑیاں چوری کر نے کے الزام میں گرفتار ہوا اور ضمانت پر رہا ہونے کے بعدملزم کورٹ نہ جانے کی وجہ سے مفرور ہو گیا۔ ملزم کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں متعدد ایف آئی آرز درج ہیں۔گرفتارملزم کو بمعہ اسلحہ وایمونیشن مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔