Live Updates

پاکستان میں دہشت گردی کا گریٹ پلان امریکا، اسرائیلی بھارتی گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہے

وزیراعطم سے مطالبہ ہےکہ تمام حکومتوں کو سکیورٹی فورسز کے ساتھ ایک پیج پر لائیں، ٹرین ہائی جیکنگ پاکستان دشمنوں کا قومی سلامتی پر بہت بڑا حملہ ہے۔ نائب امیر جماعتِ اسلامی لیاقت بلوچ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 12 مارچ 2025 21:53

پاکستان میں دہشت گردی کا گریٹ پلان امریکا، اسرائیلی بھارتی گٹھ جوڑ ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 12 مارچ 2025ء ) نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے بلوچستان میں پاکستان ریلوے کی جعفر ایکسپریس ٹرین پر دہشت گرد حملے، ٹرین ہائی جیکنگ، بیگناہ مسافروں کے قتل اور اغواء کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان دشمنوں کا قومی سلامتی پر بہت بڑا حملہ ہے۔ قومی تعصبات پر مبنی گروہوں کے غصہ اور ردؐعمل کو دشمن استعمال کررہا ہے، جِس سے عام آدمی کی جان، مال، عزت اور سفر کے لیے شاہراہوں اور ریل کا سفر غیرمحفوظ بنادیا گیا ہے۔

لیاقت بلوچ نے امیر جماعتِ اسلامی بلوچستان مولانا ہدایت الرحمن (ایم پی اے)، صدر پریم یونین شیخ محمد انور سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور جعفر ایکسپریس ٹرین کو ہائی جیک کرنے کے اندوہناک سانحہ کی مذمت کی اور تفصیلات لیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی سے بھی ٹیلی فون پر بات ہوئی، انہوں نے کہا کہ 427 افراد ابھی تک یرغمال ہیں، ہرممکن کوشش کی جارہی  ہے کہ مسافروں کو بحفاظت بازیاب کرایا جائے۔

لیاقت بلوچ نے وزیراعطم شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ عوام کے جان، مال، عزت کے تحفظ کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتیں سکیورٹی فورسز کے ساتھ ایک پیج پر لائی جائیں۔ نیز دہشت گردی کے خاتمہ، قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ازسرِنو قومی ایکشن پلان پر قومی اتفاقِ رائے اور بِلا رو رعایت عملدرآمد کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں دہشت گردی کا گریٹ پلان امریکی اسرائیلی بھارتی گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہے۔

حکومت خطہ میں پائیدار امن کے لیے افغانستان اور ایران سے تعلقات کو مضبوط اور بااعتماد بنائے۔ خطہ میں بڑھتے ہوئے امریکی مداخلت کے خطرات سب کے لیے تباہ کُن ہیں۔
لیاقت بلوچ نے جماعتِ اسلامی کے مرکزی رہنما سینیٹر مشتاق احمد خان کے بڑے بھائی شکیل احمد خان کے اندوہناک اور لرزہ خیز قتل پر صوابی میں اُن سے تعزیت اور دُعائے مغفرت کی مرحوم کے والد، خاندان اور صوبہ بھر سے آئے مشران، معززین سے تعزیت کی اور تعزیتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشتاق احمد خان کے بھائی کا المناک قتل ایک بیگناہ، دین دار، روزہ دار کا قتل ہے۔

مشتاق احمد خان نے سینیٹ میں اور عوامی سطح پر انسانی حقوق کی پامالیوں اور ریاستی ظلم و جبر کے خلاف جرات مندانہ آواز اُٹھائی ہے۔ بیگناہ انسان کا بِلاجواز قتل کئی سوالات پیدا کررہا ہے۔ کسی بیگناہ کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے۔ صوبہ میں امنِ عامہ اور ہر شہری کے لیے جان، مال، عزت کا تحفظ بڑا مسئلہ بن گیا ہے۔ ملک میں بے گناہ انسانوں کا قتل، ٹارگٹ کلنگ ریاستی سکیورٹی اور حکومتی اداروں کی بڑی ناکامی ہے۔

صوبائی حکومت، پولیس شکیل احمد خان کے قاتل کو گرفتار کرے جس نے اپنے گھر کو بھی تباہ کیا اور مشتاق احمد  خان کے بھائی کو بغیر کسی غلطی اور گناہ کے قتل کردیا۔ ایسے سفاک قاتل کو عبرت ناک سزا دی جائے اور قتلِ کے پسِ پردہ حقائق منظرِعام پر لائے جائیں۔ صوبہ خیبرپختونخوا کی متحرک سیاسی شخصیت کے گھر اور خاندان پر حملہ نے صوبہ کے ہر فرد کو ہِلاکر رکھ دیا ہے، ہر فرد اپنے آپ کو غیرمحفوظ تصور کررہا ہے۔
Live جعفر ایکسپریس حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات