پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ قومی مفادات کو ترجیح دی ، بھٹو کی جدوجہد پر فخر کرتے ہیں، بلاول بھٹو

ہفتہ 5 اپریل 2025 00:30

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2025ء) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ قومی مفادات کو ترجیح دی ، پاکستان کے آئین کے خالق شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر آج تک پیپلز پارٹی نے قربانیاں دی ہیں۔ ہمیں تعمیری سیاست کرنی ہے،پیپلز پارٹی ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف رہی ہے اور قربانیاں دی ہیں ،غیر ملکی سازشوں کا مقابلہ کیا ہے، جمعہ کو یہاں سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے شہید ذوالفقار بھٹو کو خراج عقیدت پیش کیا۔

بلاول بھٹو نے پاکستانیوں کے درمیان اتحاد پر زور دیا اور کہا کہ وہ اپنے اختلافات کو ایک طرف رکھیں اور مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کریں۔ پی پی پی چیئرمین نے دہشت گردی کو شکست دینے اور معاشی ترقی کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا، جو ان کے خیال میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ضروری ہے۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کا معاشی ایجنڈا روزگار کے مواقع فراہم کرکے لوگوں کو غربت اور مہنگائی سے نکالنے پر مرکوز ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے بانی نے روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگایا، ہم اس نعرے کو حقیقت کا روپ دے رہے ہیں، غریبوں کے لیے گھر بنا رہے ہیں۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ میں آپ سب کا شکر گزار ہوں کے ہر سال کی طرح ہم گڑھی خدا بخش بھٹو میں جمع ہو کر شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے یہ پرچم بلند رکھا ہے اور نسل در نسل ساتھ دیا ہے پیپلزپارٹی کے کارکنان کو 46 سالا جہدوجہد پر سلام پیش کرتا ہوں، شہید ذوالفقار علی بھٹو کونشان پاکستان کا اعزاز حاصل ہوا، صدر زرداری نے ایک بار پھر گڑھی خدا بخش بھٹو کے ساتھ اپنا فرض نبھایا، شہید کو انصاف بھی دلوایا، شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 1973 کے آئین کوصدر زرداری نے بحال کرایا اور صوبوں کو حق دلوایا بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی صورت میں غربت کم کرنے اور روٹی کپڑا مکان کا وعدہ بھی صدر زرداری پورا کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ نے اپنے والد کے نام کو زندہ رکھا اپنا مشن جاری رکھا ،شہید بے نظیر نے اپنے والد کے علم کو اونچا اور زندہ رکھا ہم قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی جدوجہد پر فخر کرتے ہیں، جنہوں نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا، آئین دیا عوام کی خدمت کی شہید بے نظیر بھٹو پہلی خاتون وزیراعظم بنیں ،اٹھارویں ترمیم کے باعث صوبہ سندھ صحت کے شعبے میں دیگر صوبوں سے آگے ہے ،بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے این آئی سی وی ڈی کا جال بچھایا جہاں علاج مفت ہے جگر کے علاج کے لیے مریضوں کو ملک سے باہر جانا پڑتا تھا اب ملک بھر سے لوگ سندھ علاج کے لیے آتے ہیں، سندھ میں دس لاکھ خواتین کو بلا سود قرضہ دے کر غربت سے باہر لا رہے ہیں سندھ حکومت کا سب سے بڑا منصوبہ 20 لاکھ افراد کو زمین کے مالکانہ حقوق اور گھر بنا کر دینا ہے ،یہ دنیا بھر میں گھر بنانے کا سب سے بڑا منصوبہ ہے اس منصوبے کے تحت گھروں اور زمینوں کے مالکانہ حقوق خواتین کے نام کررہے ہیں انہیں معاشی طور پر خود مختار کر رہے ہیں ہم سیاست کو خدمت سمجھتے ہیں اور خدمت کرتے رہیں پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ دہشتگردی کے خلاف آواز اٹھائی ہے ،دہشتگردی کی لہر اس وقت کے پی کے اور بلوچستان میں ہے ہم نے احساس محرومی دور کرنا ہے تب ہی نظریاتی جنگ جیتی جا سکے گی پاکستان کے عوام کے ساتھ خون کی ہولی کھیلنے والے درندوں کا مقابلہ کرنا ہے پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے وفاق کو جوڑا ہوا ہے، میں ہمیشہ وفاق کے ساتھ کھڑا رہوں گا، پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ قومی مفادات کو ترجیح دی ہے۔