Live Updates

اگر عمران خان کی بہنوں یا حامد رضا کو کوئی بھی نقصان پہنچاتا ہے تو ذمہ دار ریاست ہوگی

پولیس عمران خان کی بہنوں کو اڈیالہ جیل کے قریب ایک گھنٹہ گھومتی رہی اور پھر موٹروے کے قریب ویرانے میں چھوڑ کر خود نکل گئی، شیخ وقاص اکرم کا انکشاف

muhammad ali محمد علی منگل 8 اپریل 2025 23:52

اگر عمران خان کی بہنوں یا حامد رضا کو کوئی بھی نقصان پہنچاتا ہے تو ذمہ ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 اپریل2025ء) شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ پولیس عمران خان کی بہنوں کو اڈیالہ جیل کے قریب ایک گھنٹہ گھومتی رہی اور پھر موٹروے کے قریب ویرانے میں چھوڑ کر خود نکل گئی۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان کی 3 بہنوں اور صاحبزادہ حامد رضا کی گرفتاری سے متعلق ترجمان پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے۔

شیخ وقاص اکرم نے انکشاف کیا کہ عمران خان کی تینوں بہنوں اور صاحبزادہ حامد رضا کو پولیس اڈیالہ جیل کے قریب پہلے گھنٹہ گھومتی رہی اور پھر نیلا دولہ انٹرچینج کے پاس کسی ویرانے میں چھوڑ کر خود نکل گئی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر عمران خان کی بہنوں یا حامد رضا کو کوئی بھی نقصان پہنچاتا ہے تو ذمہ دار ریاست ہوگی۔ اس سے قبل تحریک انصاف کی جانب سے دعوٰی کیا گیا کہ عمران خان کی تینوں بہنوں علیمہ خان ڈاکٹر عظمیٰ نورین نیازی اور صاحب زادہ حامد رضا کو پنجاب پولیس نے گرفتار کر کے اسلام آباد پولیس کے حوالے کردیا۔

(جاری ہے)

جبکہ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی اڈیالہ جیل کے باہر سے گرفتار کر لیا گیا، پی آٹی آئی رہنما ملک احمد بھچر بانی تحریک انصاف عمران خان کی بہنوں کیساتھ احتجاج کیلئے اڈیالہ جیل پہنچے تھے، جبکہ عمران خان کی بہنوں نے اڈیالہ جیل کے قریب دھرنا دے دیا، پولیس کی جانب سے گھیراو کیے جانے کے بعد علیمہ خان، عظمٰی خان اور نورین خان نے جیل کے قریب واقع شادی حال میں دھرنا دے دیا، کارکنان کی بڑی تعداد بھی پہنچ گئی۔

دوسری جانب فہرست میں نام نہ ہونے کے باوجود عمران خان سے ملاقات کرنے والے پی ٹی آئی رہنماوں پر سلمان اکرم راجہ نے سوال اٹھا دیا۔ سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ مجھے اڈیالہ جیل سے چند میل دور پولیس ناکے پر روک دیا گیا۔ میں آج عدالتی حکم کے تحت وکلا کی عمران خان صاحب سے ملاقات کیلئے پہنچا۔ بیرسٹر گوہر کو آگے جانے کی اجازت دی گئی، میں منتظر رہا۔

میری گاڑی کے آگے مسلح نرغہ تھا، پیدل چلنے پر مجھے سپاہیوں کی نفری نے روک لیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان صاحب کی بہنوں نورین بی بی اور عظمی بی بی نے علیمہ آپا کے بغیر خان صاحب سے ملاقات سے انکار کر کے ثابت کیا کہ وہ مقتدرہ کی خواہشات کے تابع نہیں۔ کاش پارٹی کے ذمہ داران بھی ایسا کردار رکھتے۔ آج لسٹ میں نام نہ ہونے کے باوجود خان صاحب سے ملنے والوں نے اطاعت گزاری کی۔ افسوس۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات