Live Updates

پاکستان کا بھارتی طیاروں کیلئے پاکستانی فضائی حدود اور واہگہ بارڈر بند کرنے کااعلان،بھارت کے ساتھ شملہ معاہدہ بھی منسوخ کر دیا

بھارتی ہائی کمیشن کے عملے کی تعداد 30 افراد تک محدود کرنے اور دفاعی، فضائی و بحری مشیروں کو ناپسندیدہ قرار دے کر ملک چھوڑنے کا حکم ،بھارت کے ساتھ تمام تجارتی روابط بھی ختم کرنے کااعلان ، قومی سلامتی کونسل اجلاس کا باضابطہ اعلامیہ جاری

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 24 اپریل 2025 15:58

پاکستان کا بھارتی طیاروں کیلئے پاکستانی فضائی حدود اور واہگہ بارڈر ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24اپریل 2025)پاکستان نے بھارتی طیاروں کیلئے پاکستانی فضائی حدود، واہگہ بارڈر بند کرنے اوربھارت کے ساتھ شملہ معاہدہ بھی منسوخ کرنے کااعلان کردیا، بھارتی ہائی کمیشن کے عملے کی تعداد 30 افراد تک محدود کرنے اور دفاعی، فضائی و بحری مشیروں کو ناپسندیدہ قرار دے کر ملک چھوڑنے کا حکم ،وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اہم قومی سلامتی کونسل کے اجلاس کا باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیاگیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں تینوں سروسز چیفس، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے علاوہ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور اٹارنی جنرل منصور عثمان خان، وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری توقیر شاہ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

جاری کر دہ اعلامیہ کے مطابق واہگہ بارڈر کو فوری طور پر بند کر دیا گیا ہے جبکہ بھارت کے ساتھ تمام تجارتی روابط اور بھارتی ایئرلائنز کیلئے پاکستانی فضائی حدود بند کر دی گئی ہے۔پاکستان، بھارت کی طرف سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے اعلان کو سختی سے مسترد کرتا ہے اور خبردار کرتا ہے کہ پانی کی روانی میں کسی بھی رکاوٹ کواعلان جنگ تصور کیا جائے گا جس کا ہر سطح پر مکمل جواب دیا جائے گا۔

اس کے ساتھ ساتھ سارک ویزہ سکیم کے تحت جاری بھارتی شہریوں کے ویزے، سکھ یاتریوں کے سوا، منسوخ کر دئیے گئے ہیں۔ بھارتی ہائی کمیشن کے عملے کی تعداد 30 افراد تک محدود کرنے اور دفاعی، فضائی و بحری مشیروں کو ناپسندیدہ قرار دے کر ملک چھوڑنے کا حکم بھی جاری کر دیا گیا ہے۔قومی سلامتی کمیٹی نے واضح کیا کہ پہلگام واقعے کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنا بھارت کی گھٹیا سوچ کی عکاسی ہے۔

بھارت کا کشمیر پر قبضہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ اعلامیے میں کلبھوشن یادیو کو بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا زندہ ثبوت قرار دیا گیا۔قومی سلامتی کمیٹی نے بھارت کی اشتعال انگیزیوں کو دو قومی نظرئیے کی سچائی سے تعبیر کرتے ہوئے اعلان کیا کہ پاکستان ہر حال میں اپنی قومی سلامتی کا دفاع کرے گا۔پاکستان نے سندھ طاس معاہدے کے اعلان کو مسترد کردیا اور کہا ہے کہ اگر پاکستانی ملکیت کے پانی کا بہاو روکا گیا تو اسے جنگی اقدام سمجھا جائے گا۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا بھارتی یکطرفہ اعلان مسترد کر دیا۔ پانی پاکستان کا اہم قومی مفاد ہے اور 24کروڑ پاکستانیوں کی لائف لائن ہے۔ پاکستان اپنی لائف لائن کا ہر قیمت پر تحفظ کرے گا۔ پاکستان کی ملکیت کے پانی کا بہاو روکا گیا یا پانی کا بہاو موڑا گیا تو اس کو اس جنگ کا اقدام سمجھا جائے گا۔اعلامیہ میں مزید یہ بھی کہا گیا ہے کہ بھارت کے غیر ذمہ دار روئیے کے پیش نظر پاکستان نے تمام دوطرفہ معاہدوں بشمول شملہ معاہدہ کو بھی معطل رکھنے کا حق محفوظ رکھا ہے جب تک بھارت دہشتگردی، سرحد پار قتل اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزیوں سے باز نہیں آتا۔

واہگہ بارڈر کو فوری طور پر بند کیا جا رہا ہے۔ 30 اپریل 2025 تک صرف وہ افراد جن کے ویزے درست ہیں، واپسی کیلئے اس راستے کو استعمال کر سکیں گے۔سارک ویزہ استثنیٰ سکیم کے تحت بھارتی شہریوں کو جاری کئے گئے تمام ویزے منسوخ کر دئیے گئے ہیں صرف سکھ یاتری اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔ دیگر بھارتی شہریوں کو 48 گھنٹوں میں پاکستان چھوڑنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

بھارتی ہائی کمیشن میں تعینات دفاعی، بحری اور فضائی مشیروں کوناپسندیدہ شخصیات قرار دے کر 30 اپریل 2025 تک پاکستان چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ بھارتی ہائی کمیشن کی عملے کی تعداد کو 30 تک محدود کر دیا گیا ہے۔ پاکستان کی فضائی حدود بھارتی ملکیتی یا بھارتی آپریٹڈ ایئر لائنز کیلئے فوری طور پر بند کی جا رہی ہے۔ بھارت کے ساتھ ہر قسم کی تجارتی سرگرمیاں، خواہ کسی تیسرے ملک کے ذریعے ہی کیوں نہ ہوں، فوری طور پر معطل کی جاتی ہیں۔

کمیٹی نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور اس کی مسلح افواج اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں اور کسی بھی مہم جوئی کا موثر اور بھرپور جواب دیں گی، جیسا کہ فروری 2019 میں دکھایا گیا تھا۔ قومی سلامتی کمیٹی نے عالمی برادری کو یاد دلایا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف جنگ میں صف اول کا کردار ادا کر رہا ہے اور بھارت کا پروپیگنڈا بین الاقوامی سطح پر ناکام ہو چکا ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات