سندھ میں پیپلز پارٹی 17 سال سے ظلم، جبر اور قہر کے ذریعے حکمرانی کر رہی ہے،جماعت اسلامی سندھ

ببرلو بائی پاس دھرنے میں شریک ہر شخص کے جذبے، ہمت اور عظمت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،عامر نواز وڑائچ اور ساتھیوں کی جدوجہد کو سلام پیش کرتا ہوں، بلاول زرداری کو اگر کریڈٹ لینے کا اتنا شوق تھا تو تاریخ لینے کی بجائے نہروں کے خاتمے کا نوٹیفکیشن لے آتے، کاشف سعید شیخ

ہفتہ 26 اپریل 2025 19:35

کراچی/ ڈبرلو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2025ء)جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ ہم ببرلوبائی پاس کے دھرنے میں شریک ہر شخص کے جذبے، ہمت اور عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے سندھ کے اندر نئے جذبیاورنئے جوش کو جنم دیا ہے، عامر نواز وڑائچ اور ان کے ساتھیوں کی جدوجہد کو دونوں ہاتھوں سے سلام پیش کرتا ہوں، جماعت اسلامی پہلے دن سے کینالوں کیخلاف جاری جدوجہد میں شامل رہی ہے، کندن بائی پاس شکارپور پر ہم نے پہلا دھرنا دیا تھا، بلاول کے والد نے سندھ کے ساتھ جو غداری کی اس کو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔

پیپلز پارٹی کا جشن اور یوم تشکر بے شرمی اور ڈھٹائی کی انتہا ہے۔ اگر بلاول زرداری کو اگر کریڈٹ لینے کا اتنا ہی شوق تھا تو نہروں کے خاتمے کا نوٹیفکیشن لے کر آ جاتے، تاریخ تو وکلا کے منشی بھی لے کر آ رہے ہوتے ہیں، اگر بلاول شہباز شریف سے تاریخ لے کر آیا ہے تو یہ کوئی بڑی بات نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ببرلو بائی پاس پر آٹھ دن سے جاری وکلا کے تاریخی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کاشف سعید شیخ نے مزید کہا کہ دریائے سندھ ہماری بقا کا ذریعہ ہے، سندھ میں پ پ 17 سال سے ظلم، جبر اور قہر کے ذریعے حکومت کر رہی ہے، الحمدللہ سندھ کا غیرت مند نوجوان سندھو اور سندھ کے لیے 08 دن سے جاری دھرنے میں جوش وجذبے کے ساتھ موجود ہے، ان شا اللہ ہماری جدوجہد اور سفر تب تک جاری رہے گا جب تک متنازعہ کینالوں کا فیصلہ مکمل طور پر واپس اور کارپوریٹ فارمنگ کے نام پر SIFC کے ذریعے دی گئی قیمتی زرعی زمینیں واپس لینے کا فیصلہ نہیں ہوتا، آج سندھ 70 فیصد گیس، 57 فیصد تیل ملک کو فراہم کرتا ہے، بجلی، کوئلہ سندھ سے پنجاب جاتا ہے، لیکن افسوس کہ سندھ میں کوئی موٹروے تعمیر نہیں کی جاتی، کسی قسم کا تعلیمی اور طبعی مرکز قائم نہیں کیا جاتا، یہ سندھ کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک اور پیپلزپارٹی کا وفاق کے ساتھ اتحاد کا نتیجہ ہے۔

جماعت اسلامی سندھ نہروں کے مسئلے، کارونجھر پہاڑ کی کٹائی سے لے کر کارپوریٹ فارمنگ اور گرین انشیٹو کے نام پر قیمتی زرعی زمینوں پر قبضے کے خلاف تاریخی جدوجہد میں سندھ کے عوام کے ساتھ پہلے دن سے ہر قسم کے احتجاج، سڑکوں پر دھرنے میں پوری طرح شامل ہے۔ ہم اپنے پلیٹ فارم سے اور ' دریا بچاؤ کمیٹی' کے نام سے بنائے گئے اتحاد کے ذریعے ہر طرح کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔