Live Updates

کامیاب شٹر ڈاؤن ہڑتال ،ْحکمران ہوش کے ناخن لیں ،قبلہ اول کی آزادی کے لیے عملی اقدامات کریں ،ْ منعم ظفر خان

کراچی سمیت پورے ملک کے تاجروں ،مختلف طبقات وسول سوسائٹی اور عوام نے ثابت کردیا ہے کہ وہ اہل غزہ کے ساتھ کھڑے ہیں ،کاروباری طبقہ خراج تحسین کا مستحق ہے اور ہم ان سے اظہار تشکر کرتے ہیں ۔ریگل چوک صدر میں تاجروں کے ہمراہ پریس کانفرنس

ہفتہ 26 اپریل 2025 20:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2025ء)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پرکراچی سے چترال تک ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال نے حکمرانوں کو جھنجھوڑا ہے اور واضح پیغام دیا ہے کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں ،قبلہ اول کی آزادی کے لیے عملی اقدامات کریں ،اپنی گردنوں سے غلامی کے طوق اتاریں ،امریکہ واسرائیل کے خوف سے باہر نکلیں ،کراچی پورے ملک کا اقتصادی حب ہے ،کراچی سمیت پورے ملک کے تاجروں ،مختلف طبقات وسول سوسائٹی اور عوام نے ثابت کردیا ہے کہ وہ اہل غزہ کے ساتھ کھڑے ہیں ،مکمل شٹر ڈاؤن کرنے پر پورا کاروباری طبقہ خراج تحسین کا مستحق ہے اور ہم ان سے اظہار تشکر کرتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کے موقع پر ریگل چوک صدر میںتاجر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

پریس کانفرنس میں نائب امیر کراچی مسلم پرویز ، امیرضلع جنوبی سفیان دلاور،اسمال ٹریڈرز کراچی کے صدر محمود حامد، صدر کوآپریٹیو مارکیٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری اسلم خان ،صدر صرافہ مارکیٹ کے صدر معراج الدین ،موٹر سائیکل ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر احسان گجر ،میرٹ روڈ ٹریڈرز کے عثمان شریف ،جماعت اسلامی کراچی کے سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ،اسپورٹس مارکیٹ ایسوسی ایشن کے سلیم ملک ودیگر بھی موجود تھے ۔

منعم ظفر خان نے مزیدکہاکہ آج پورا ملک اہل غزہ و فلسطین کے ساتھ کھڑاہے ،سٹی کورٹ اور ہائی کورٹ بھی بند ہے ،سبزی اور فروٹ منڈی میں تاجروں نے رات کو ہی تالے لگادیے گئے تھے،شہر کی تمام چھوٹی بڑی مارکیٹیں ،کاروباری مراکز اور پیٹرول پمپ بھی بند ہیں ،اب حکمرانوں کو ہوش کے ناخن لینا اور نوشتہ دیوار پڑھنا ہوگا ۔ٖفلسطین میں ڈیڑھ سال سے اسرائیلی دہشت گردی جاری ہے اور اب بھارت نے پاکستان میں بھی آبی جارحیت اورجنگی عزائم کا مظاہرہ شروع کردیا ہے ، پہلگرام واقعہ کا پاکستان پر الزام لگا کر 1960کے سندھ طاس معاہدہ کو معطل کردیا جو ورلڈ بنک کی ثالثی میں کیا گیا تھا ،یہ بھارت کا مکروہ چہرہ ہے ، مودی بھارت کے مسلمانوں کا قاتل ہے ،بھارت کے پورے میڈیا میں پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کیاجارہا ہے ، ہندو بنیہ عیار اورمکار بھی ہے ، اسرائیل ، بھارت اور امریکہ ایک شیطانی مثلث ہے جس نے مسلمانوں کے خلاف گٹھ جوڑ کیا ہوا ہے ۔

امت مسلمہ کے حکمرانوں کو جاگنا ہوگا ، ورنہ عوام انہیں اپنے سروں سے اٹھاکر پھینک دیں گے۔منعم ظفر خان نے کہاکہ ہم ارض فلسطین اور اہل غزہ کے ساتھ ہیں جو ڈیڑھ سال سے اسرائیل کی جارحیت و دہشت گردی کا شکا رہیں،بچوں اور خواتین پر وحشیانہ بمباری اورانسانوں کی نسل کشی کی جارہی ہے ،انسانی حقوق کی بات کرنے والے ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ، پوری دنیا کے ظالم حکمرانوں کا بھیانک چہرہ دیکھ لیا ہے ،امریکہ ایک جانب اقوام متحدہ کی قراردادوں میں ویٹو کرتا ہے اور دوسری جانب اسرائیل کی جارحیت و دہشت گردی کی پشت پناہی اور اسے اسلحہ فراہم کررہا ہے ،پوری دنیا کے ان باضمیر انسانوں کوہم سلام پیش کرتے ہیں،مغرب میں کالجز و یونیورسٹیز کے ہزاروں طلبہ وطالبات کو بھی جو نکل کر احتجاج کررہے ہیں اور اپنی ہی حکومت سے سوال کررہے ہیں کہ غزہ میں معصوم بچوں اور خواتین پر بمباری کیوں کی جارہی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ مسلم دنیا کے حکمرانوں پر موت کا سناٹا طاری ہے ، شتر مرغ کی طرح منہ چھپایا ہوا ہے ، ان کی زبانیں گنگ اور ان کے پیروں میں آبلے پڑ گئے ہیں اوروہ غزہ میں جاری ظلم کا تماشا دیکھ رہے ہیں، مسلم ممالک کے حکمرانوں کے دلوں میں غیرت ایمانی اگر زندہ ہے تو ان کو غزہ میں جاری ظلم و سفاکیت کو روکنے کے لیے عملی اقدامات کرنے ہوں گے ۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات