Live Updates

زرعی انقلاب کے ذریعے آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ کیا جائے،پاسبان

پاکستان نئے ڈیم بنا کر آبی جارحیت کا دروازہ بند کر دے،قحط سالی سے بچنے کے لئے بارانی ودریائی پانی کو محفوظ بنایاجائے،ریزروائر بنائے جائیں،خلیل احمد تھند

اتوار 27 اپریل 2025 16:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2025ء)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے وائس چیئرمین خلیل احمد تھند نے کہا ہے کہ ہندوستان نے دریائے جہلم پر پانی چھوڑ کر سیلابی صورتحال پیدا کردی ہے۔ پاکستان نئے ڈیم بنا کر ہندوستان کی آبی جارحیت کا دروازہ بند کر دے۔ ہندوستان پانی بند کرنے کی باتیں کر رہا ہے لیکن لگتا ہے کہ دریا کاپانی، مودی سرکار کی حکومت کے اعلانات پر عمل نہیں کرتا ۔

ہندوستان یاد رکھے کہ اگر اس نے پاکستان کا پانی بند کیا تو چائنا بھی برہم پترا کا پانی بند کر سکتا ہے۔ ہندوستان وہ کام نہ کرے جس کا خمیازہ اسے زیادہ نقصان کی صورت میں بھگتنا پڑے۔ اگر پاکستانی دریاؤں میں پانی کا بہاؤ کم ہوا تو اس میں ہندوستانی فوجیوں کا خون بہے گا۔ یہ دریا ہزاروں سال سے پاکستان کی جانب بہہ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک متعصب اور جنونی ہندوستانی کی وجہ سے اپنا رخ تبدیل نہیں کر سکتے ۔

مودی کی خواہش خلاف فطرت ہے، اپنا ذہنی علاج کروائے۔ نوسال کے مذاکرات کے بعد، سندھ طاس معاہدے پر نہرو نے کراچی میں دستخط کئے تھے۔ ورلڈ بینک کی گارنٹی سے طے پانے والے اس معاہدے کو ہندوستان ختم نہیں کر سکتا۔ مستقبل میں پانی کی قلت سے بچائو کے لئے تجاویز دیتے ہوئے پی ڈی پی کے وائس چیئرمین خلیل احمد تھند نے مزید کہا کہ زرعی انقلاب کے ذریعے آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ کیا جائے۔

متنازعہ کینال بنانے کی بجائے مرکز صوبوں کو اعتماد میں لے کر نئے ڈیمز بنائے۔ جتنا بارانی اور دریائی پانی ضائع ہوتا ہے اگر اسے محفوظ کرنے کے لئے ریزروائر بنائے جائیں تو قحط سالی سے بچا جاسکتا ہے۔ خشک نہریں بنائی جائیں، تاکہ سیلاب کی صورت میں پانی وہاں منتقل کیا جائے۔ ڈیم ضروری ہیں، ان کے بغیر زرعی معیشت نہیں چلے گی اور نہ ترقی کرے گی۔

پانی معدنیات سے زیادہ قیمتی ہے، ایک ایک بوند کی حفاظت کی جائے۔ ہندوستان کی آبی جارحیت کے خلاف موثر حکمت عملی نہ بنا پانا ہماری اندرونی ناکامی ہے۔ پاکستان flood-drought cycle کا ملک ہے۔ چار برس پانی کی کمی اور پانچویں برس میگا فلڈ آتا ہے۔۔ ڈیم بنیں گے تو سیلاب کا اضافی پانی اسٹور ہوگا اور چار سالوں تک چلے گا۔ پاکستان میں سیلاب اور قحط سالی کا سائیکل چلتا ہے۔ اس مسئلہ کو صوبائی اور علاقائی سیاست کی نذر نہ کریں۔۔ ڈیم سارے ملک کے لئے پانی اسٹور کریں گے کسی ایک صوبے یا علاقے کے لئے نہیں
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات