Live Updates

کینال منصوبے کی واپسی بلاول بھٹو کا کارنامہ ہے، جاوید یوسف

منگل 29 اپریل 2025 17:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء)پیپلز پارٹی کراچی کے سٹی کونسلر اور سابقہ نیشنل پیس کمیٹی فار انٹر فیتھ ہارمنی کے مرکزی نائب صدر جاوید یوسف نے ایک یکجہتی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں متنازع کینال منصوبے کی واپسی بلاول بھٹو زرداری کی بروقت اور مدبرانہ مداخلت کا نتیجہ ہے، جس نے یہ ثابت کر دیا کہ وہ صرف ملکی ہی نہیں بلکہ بین الاقوامی وژن کے حامل قائد ہیں۔

ریلی کا انعقاد شہر کے وسطی علاقے میں ہوا، جہاں سیاسی، سماجی اور مذہبی حلقوں سے وابستہ افراد نے بھرپور شرکت کی۔ ریلی کا مقصد سندھ میں جاری پانی کے تنازع، خاص طور پر چھ کنال منصوبے کی واپسی پر سندھ کے عوام، وکلا اور زمیندار برادری کے جذبات کی ترجمانی کرنا تھا۔جاوید یوسف نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے قومی مفاد اور عوامی جذبات کو مقدم رکھتے ہوئے سندھ دشمن منصوبے کو وفاقی سطح پر رکوا کر ایک بار پھر بھٹو ازم کے اصولوں پر عمل کیا ہے، جو عوام کی زمین، پانی اور شناخت کے تحفظ کا ضامن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ اور پنجاب کے درمیان پانی کی تقسیم ایک حساس قومی معاملہ ہے، جس پر سیاست کے بجائے بین الصوبائی ہم آہنگی اور شفاف مذاکرات کی ضرورت ہے۔ جاوید یوسف نے ملک میں بڑھتی ہوئی مذہبی شدت پسندی اور لسانی نفرتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہکہ ''پاکستان اس وقت معاشی، ماحولیاتی اور سیاسی بحرانوں سے گزر رہا ہے، ایسے میں امن، رواداری، اور بھائی چارے کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔

ہمیں اقلیتوں کے حقوق، صوبوں کے وسائل، اور شہری آزادیوں کا مکمل احترام کرنا ہوگا۔''انہوں نے علماء، مذہبی رہنماو?ں اور سیاسی قائدین سے اپیل کی کہ وہ معاشرے میں اتحاد و یکجہتی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔اس ریلی میں مختلف اقلیتوں کے رہنماو?ں، سول سوسائٹی کے نمائندوں، مقامی وکلا، اور انسانی حقوق کے کارکنان نے شرکت کی۔ مقررین نے متنازع منصوبے کی واپسی کو ''جمہوریت کی فتح'' قرار دیا اور پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ریلی کے آخر میں قومی یکجہتی اور سندھ کے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے دعا کی گئی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات