Live Updates

پاک افواج کے ساتھ اظہار یکجہتی،نیاناظم آباد میں جشن فتح منایا گیا

پاکستانی قوم اور پاک افواج نے ثابت کردکھایا کہ جنگ ہمت اور حوصلے سے لڑی جاتی ہے،عارف حبیب

پیر 12 مئی 2025 16:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2025ء)پاک بھارت سیز فائر اورپاکستان کی افواج کی بے مثال کامیابی پر نیاناظم آباد میں بھی جشن منایا گیا۔جشن فتح کی تقریب میں عارف حبیب گروپ کے چیئرمین اور ملک کے ممتاز سرمایہ کار عارف حبیب،چیف ایگزیکٹو نیاناظم آبادصمد اے حبیب،صدر نیاناظم آباد جیمخانہ سید محمدطلحٰہ، چیئرمین غنی عثمان سیکیورٹی حاجی غنی عثمان اور دیگر اہم شخصیات کے علاوہ نیاناظم آباد کے رہائشیوں نے شرکت کر کے دشمنانِ پاکستان کو واضح پیغام دیا کہ پاکستانی قوم آج بھی اپنے محافظوں کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے۔

اس موقع پر کیک بھی کاٹا گیا۔چیئرمین نیاناظم آبادعارف حبیب نے جشن فتح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا، بھارت کی جانب سے شروع کی گئی جنگ میں پاکستان کی کامیابی پوری پاکستانی قوم کیلئے بہت بڑی خوشی کا باعث ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارا اتحاد ہی ہماری کامیابی کی کنجی ہے،پاکستان میں بسنے والی تمام قومیتوں، مذاہب کے لوگوں نے پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں رہنے والے تمام مذاہب کے لوگوں کو مکمل آزادی حاصل ہے،پاکستانی قوم اور پاک افواج نے دکھا دیا کہ جنگ پروپیگنڈے سے نہیں ہمت اور حوصلے سے لڑی جاتی ہیں اور تب ہی کامیابی ملتی ہے۔

عارف حبیب نے قومی سلامتی کو برقرار رکھنے میں مسلح افواج کے کردار کو سراہااور کہاکہ ہم آرمی چیف جنرل عاصم منیر،ایئرچیف مارشل ظہیراحمدبابرسندھو،پاکستان نیوی کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور حکومت پاکستان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں،اس بے مثال کامیابی سے ترقی پیافتہ ممالک میں بھی پاکستان کی عزت بڑھی ہے ۔عارف حبیبنے امریکا،چائنا،ترکیہ،یو اے ای،سعودی عرب سمیت تمام دوست ممالک کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے معاہدے کے حصول کو آسان بنانے کے لیے سفارتی طورپر اہم کرادار ادا کیے جبکہ بھارتی میڈیا کے مقابلے میں پاکستان کے میڈیا نے بہترین اورمثبت کردار ادا کیا اور بھارت کے مقابلے میں پاکستانی میڈیا نے حقائق پیش کئے جسے دنیا بھر میں سراہا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنگ کبھی بھی مسئلے کا حل نہیں، پاکستان ہمیشہ امن کے حامی رہاہے اور آئندہ بھی رہے گا مگر اسکا دارومدار دسرے ملک کی نیت پر ہوگا،عا ہے کہ امن اور خوشحالی کا یہ سفر آگے بھی جاری رہے ،اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ معیشت کے میدان میں ہم اور بھی زیادہ مضبوطی کے ساتھ کام کریں اور پاکستان میں ہونے والی تمام ترکامیابیوں کے فوائد عوام تک پہنچیں،ہماری معاشی مشکلات اسی وقت ختم ہونگی کہ جب ملکی معیشت پروان چڑھے گی۔

اس موقع پر حاجی غنی عثمان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے شروع کی گئی جنگ سے پاکستان میں معصوم لوگ متاثر ہوئے، پاکستان ہمیشہ سے ہی کہتا رہا ہے کہ جنگ نہیں، امن ہی مسئلے کا حل ہے لیکن بھارتی وزیراعظم مودی کی جانب سے شروع کی گئی جنگ نے انہیں زمین چٹا دی ہے اور آج انکی قوم بھی پاکستان کی تعریف کرنے پر مجبور ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو سر بلند کیا، میں فوج کے سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر، چیف آف ائیر اسٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر بابرسندھو،پاکستان نیوی کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف،وزیر اعظم شہباز شریف اورپوری افواجِ پاکستان کو شاباش اور مبارکباد دیتا ہوں،پاکستان نے ثابت کردیا کہ وہ امن پسند ملک ہے اور امن کو ترجیح دیتا ہے مگر اپنا دفاع کرنا بھی بخوبی جانتا ہے۔

صمد اے حبیب نے اپنے خطاب میں پاکستان فوج کی جانباز یوں اور جانثاریوں کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی فوج پرفخر ہے،پاک فوج کی وجہ سے ہم چین کی نیند سوتے ہیں کہ پاک فوج بیدار ہے اور ہماری محافظ قوم کا بچہ بچہ پاک فوج کا شکر گزار ہے کہ وہ اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے ملک کی اور عوام کی حفاظت کا فرض انجام دے رہے ہیں ،پاکستانی قوم اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی رہی ۔ناناظم آباد میں جشن فتح کی تقریب میں شرکاء نے پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات