بھارت شکست کو دیکھ کر منتوں ترلوں پر آگیا، مذاکرات سے بھاگنے نہیں دیں گے ،گورنر خیبرپختونخوا

پیر 12 مئی 2025 22:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2025ء) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی قیادت میں بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی فتح اور دشمن کو دندان شکن جواب دینے اور ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کی خوشی میں پیرکے روزگورنر ہاؤس پشاور سے پشاور پریس کلب تک ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی جس میں ملک کی مسلح افواج کو بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔

شرکاء ریلی نے گورنر خیبرپختونخوا کے ہمراہ پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے، شرکاء ریلی نے کینٹ میں تعینات پاک فوج کے نوجوانوں پر گل پاشی کی۔ گورنر خیبر پختونخوا کی قیادت میں نکالی گئی ریلی میں صو بہ بھر سے وکلاء، مسیحی برادری، تاجر تنظیموں، پیپلزپارٹی کے صوبائی و ضلع عہدیدار و کارکنان، خواتین، طلبہ، انجمن ہلال احمر کی دونوں برانچز کے عملہ، گورنر ہاؤس و گورنر سیکرٹریٹ کے عملہ سمیت دیگرسرکاری ملازمین اورمختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ریلی شروع ہونے سے پہلے گورنر ہائوس میں پاکستان کی عظیم فتح کی خوشی میں کیک کاٹا گیا۔ گورنرنے ریلی کے شرکاء میں مٹھائی بھی تقسیم کی ۔ریلی کے اختتام پر پشاور پریس کلب کے سامنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آج کی ریلی میں خیبرپختونخوا کے عوام اپنی مسلح افواج کی بہادری سے دشمن کو شکست دینے پر جشن منارہی ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام پاکستان اور اپنی مسلح افواج کیساتھ ہمیشہ کھڑے تھے اور کھڑے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری افواج نے سرحدوں کے تحفظ کے لیے لازوال قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگیں جذبات سے نہیں بلکہ حکمت، دانشمندی اور ٹھوس فیصلوں سے جیتی جاتی ہیں اور ہمارے سپہ سالار نے اسی دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قوم کو سرفراز کیا۔گورنر نے واضح پیغام دیا کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو عبرت ناک انجام کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ہم نے پوری دنیا کو یہ پیغام دے دیا ہے کہ جو بھی پاکستان سے ٹکرائے گا، شکست اس کا مقدر ثابت ہوگی۔گورنرنے کہاکہ پاک فوج نے بھارت کو دندان شکن جواب دیا ہے، بھارت شکست کو دیکھ کر مذاکرات کے لئے منتوں ترلوں پر آگیا،مذاکرات میں عالمی طاقتیں شامل ہیں بھارت کو مذاکرات سے بھاگنے نہیں دیں گے۔فیصل کریم کنڈی نے تینوں مسلح افواج بری فوج، فضائیہ اور بحریہ کے سپہ سالاروں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ بحران کے دوران تمام سیاسی جماعتیں قومی مفاد میں متحد رہیں۔گورنرنے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کوبھی بین الاقوامی میڈیا پر پاکستان کا مؤقف نہایت موثر انداز میں پیش کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے پاک بھارت جنگ کے دوران قومی میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی میڈیا نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جبکہ بھارتی میڈیا نے ایک بار پھر بالی ووڈ کا کردار ادا کر کے اپنی ساکھ مزید خراب کی۔ گورنر نے کہا کہ قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے اور ہر محاذ پر ان کے شانہ بشانہ ہے۔