Live Updates

ہر سال 15مئی اسرائیلی ناجائز ریاست کے قیام کیخلاف احتجاجاً یوم نکبہ مناتے ہیں،مولانا امین انصاری

بدھ 14 مئی 2025 20:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2025ء)متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمدامین انصاری نے اپنی میزبانی میں نیو سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں منعقدہ یوم نکبہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ 15مئی1948 ء اسرائیلی ناجائز ریاست کے قیام کو 77سال گزرنے کے باوجود امت مسلمہ بیت المقدس پر اسرائیلی قبضہ تسلط انسانیت سوز وحشیانہ مظالم و جارحیت کو نہیں بھولے اور ہر سال 15مئی کو اسرائیلی ریاست کے قیام کیخلاف احتجاجاً یوم نکبہ مناتے ہیں۔

آیت اللہ امام خمینی نے اسلامی انقلاب ایران کے بعد سب سے پہلا کام اسرائیلی سفارتخانہ ختم کیا اور جمعة الوداع کو یوم القدس کے طور پر منائے جانے کا جرأت مندانہ اعلان کیا۔ قبلہ اول و فلسطین کی آزادی کیلئے قابض غاصب ظالم اسرائیل سے نبرد آزما مقاومتی تحریکوں حماس ، حزب اللہ کو منظم وفعال کرکے ہر قسم کی بھرپور امداد کی اور ایران آج بھی امام خمینی کے مشن کو زندہ رکھے ہوئے غزہ فلسطین کیلئے تمام تر پابندیوں و دبائو کے باوجود ہر قسم کی امداد و نصرت میں سب سے آگے ہے۔

(جاری ہے)

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے قیام پاکستان کی قرارداد میں اسرائیلی ریاست کے قیام سے قبل ہی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ناجائز ریاست اور عالم اسلام کے قلب میں خنجر گھونپنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے واضح دوٹوک اعلان کیاتھا کہ پاکستان اسرائیلی ناجائز ریاست کو کبھی تسلیم نہیں کرے گا۔قبلہ اول کی آزادی و تحفظ کیلئے پاکستان کے فاتح بنیان مرصوص آپریشن حافظ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیراحمد شاہ کی قیادت میں مسلم حکمران اپنی مشترکہ اسلامی فوج تشکیل دیں ۔ اسرائیل اور اس کے جنگی جرائم میں شریک سہولت کار امریکہ غزہ فلسطین کی جنگ ہار چکے ہیں۔ پاکستان کے علماء مشائخ و غیور عوام فلسطین و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات